Chief Editor : Mohammad Afaq Farooqi
Contributing Editor : Ahmad Waqas Riaz

شکاگو کے سابق ایف بی آئی سربراہ کا ٹرمپ انتظامیہ کے خلاف مقدمہ، سیاسی مخالفین کو نشانہ بنانے کے لیے دباؤ ڈالنے کا الزام

شکاگو کے سابق ایف بی آئی سربراہ کا ٹرمپ انتظامیہ کے خلاف مقدمہ، سیاسی مخالفین کو نشانہ بنانے کے لیے دباؤ ڈالنے کا الزام

واشنگٹن: شکاگو میں ایف بی آئی کے سابق سربراہ ڈگلس ڈی پوڈیستا نے ٹرمپ انتظامیہ پر الزام عائد کیا ہے کہ انہیں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سیاسی مخالفین کے خلاف تحقیقات کرنے کے لیے دباؤ کا سامنا کرنا پڑا اور بعد ازاں محکمہ انصاف کی ایک اہم قانونی کارروائی ناکام ہونے پر انہیں قربانی کا بکرا بنا کر عہدے سے ہٹا دیا گیا
دی گارڈین کے مطابق ڈگلس ڈی پوڈیستا نے پیر 2 نومبر کو وفاقی عدالت میں محکمہ انصاف کے خلاف مقدمہ دائر کیا ہے،وہ 2024 سے جولائی 2026 تک شکاگو میں ایف بی آئی کے اسپیشل ایجنٹ انچارج کے طور پر خدمات انجام دیتے رہے،اپنی درخواست میں انہوں نے محکمہ انصاف پر بدعنوان طرز عمل، اختیارات کے ناجائز استعمال اور سیاسی بنیادوں پر غیر منصفانہ مقدمات چلانے کے الزامات عائد کیے ہیں،ان کا مؤقف ہے کہ محکمہ انصاف کی غلطیوں اور غیر قانونی اقدامات کی ذمہ داری ان پر ڈال کر انہیں قانون کے خلاف ملازمت سے نکالا گیا
مقدمے میں ایف بی آئی کے ڈائریکٹر کاش پٹیل، اٹارنی جنرل ٹوڈ بلانش اور شکاگو میں محکمہ انصاف کے اعلیٰ وفاقی پراسیکیوٹر اینڈریو بٹروس کو نامزد کیا گیا ہے
ڈی پوڈیستا نے الزام لگایا ہے کہ بٹروس نے امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ (ICE) کے خلاف احتجاج کرنے والوں کے خلاف سیاسی محرکات پر مبنی مقدمات چلانے کی کوشش کی، جو بالآخر محکمہ انصاف کے لیے ایک غیر معمولی قانونی ناکامی میں تبدیل ہو گئی،ان کے مطابق شکاگو کے علاقے براڈویو میں ICE مخالف مظاہرین کے ایک گروپ، جسے براڈویو سکس کہا جاتا ہے، کے خلاف وفاقی مقدمہ ناکام ہونے کے بعد انہیں اس صورت حال کا ذمہ دار ٹھہرا کر قربانی کا بکرا بنایا گیا
سابق ایف بی آئی افسر نے اپنی درخواست میں امریکی اٹارنی اینڈریو بٹروس پر جان بوجھ کر غلط بیانات دینے کا الزام بھی عائد کیا ہے،ان کا مؤقف ہے کہ سیاسی بنیادوں پر تحقیقات اور مقدمات چلانے کے لیے اداروں پر دباؤ ڈالا گیا، جبکہ انکار یا اختلاف کرنے والے افسران کو اس کے نتائج بھگتنا پڑے
یہ مقدمہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ٹرمپ انتظامیہ کے تحت محکمہ انصاف اور وفاقی تحقیقاتی اداروں کے سیاسی استعمال کے الزامات امریکی سیاست میں ایک اہم تنازعہ بنے ہوئے ہیں،تاہم مقدمے میں عائد الزامات ابھی عدالتی دعوے ہیں، ان پر عدالت کا حتمی فیصلہ آنا باقی ہے

قومی خبریں سے مزید