حسن پائیکر کا جیمز ٹالاریکو پر دباؤ کا اعلان: ’’منتخب ہونے کے بعد بھی کام ختم نہیں ہوگا‘‘
امریکی ریاست ٹیکساس میں سینیٹ کی انتخابی مہم کے دوران بائیں بازو کے معروف سیاسی اسٹریمر حسن پائیکر نے ڈیموکریٹ امیدوار جیمز ٹالاریکو کو خبردار کیا ہے کہ اگر وہ سینیٹ کے لیے منتخب ہوتے ہیں تو ترقی پسند حلقے انہیں اعتدال پسند ڈیموکریٹ بن کر حکمرانی کرنے کی اجازت نہیں دیں گے اور ان پر مسلسل سیاسی دباؤ برقرار رکھیں گے
آسٹن کی یونیورسٹی آف ٹیکساس میں ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے پائیکر نے کہا کہ ٹالاریکو کے منتخب ہونے کے بعد بھی ’’کام ختم نہیں ہوگا‘‘ اور انہیں جواب دہ رکھنا ہوگا تاکہ وہ ’’روایتی سیاست‘‘ یا ’’کچھ نہ کرنے والے ڈیموکریٹ‘‘ نہ بن جائیں،ان کا کہنا تھا کہ ترقی پسند کارکنوں کو ٹالاریکو کو یاد دلانا ہوگا کہ وہی قوتیں تھیں جنہوں نے ابتدائی مرحلے میں ان کی حمایت کی اور ان کے اقتدار تک پہنچنے میں کردار ادا کیا، اس لیے انہیں ان کے ایجنڈے کے ساتھ چلنا ہوگا
فوکس نیوز کے مطابق پائیکر کی یہ مداخلت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ٹالاریکو اپنی انتخابی مہم میں بعض سابقہ بیانات سے فاصلہ رکھتے ہوئے نسبتاً اعتدال پسند انداز اختیار کر رہے ہیں،ٹالاریکو کی اپنی انتخابی مہم کے مطابق ان کا ایجنڈا کرپشن، مہنگائی اور ٹیکس، تعلیم، صحت، امیگریشن، عوامی تحفظ، مزدوروں کے حقوق اور توانائی سمیت متعدد معاملات پر مشتمل ہے
پائیکر کے بیان پر بعض سیاسی مبصرین نے سوال اٹھایا ہے کہ ٹالاریکو کے سیاسی مستقبل پر ترقی پسند حلقوں کا دباؤ کتنا مؤثر ہوگا،تاہم ٹالاریکو نے خود اس بیان پر فوری طور پر کوئی جواب نہیں دیا،یہ تنازع اس بڑے سوال کی عکاسی کرتا ہے کہ ٹالاریکو جیسے امیدوار انتخابی مہم میں نسبتاً وسیع ووٹر حلقے سے حمایت حاصل کرنے اور ڈیموکریٹک پارٹی کے ترقی پسند کارکنوں کی توقعات کے درمیان کس طرح توازن قائم کریں گے





