پنجاب میں بلدیاتی انتخابات 14 دسمبر کو کرانے کی تجویز، حتمی فیصلہ ابھی باقی
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات 14 دسمبر 2026 کو کرانے کی تجویز دے دی ہے اور مجوزہ انتخابی شیڈول پنجاب کے چیف سیکریٹری کو بھیج کر صوبائی حکومت سے رائے طلب کرلی ہے حتمی شیڈول الیکشن کمیشن کی منظوری کے بعد جاری کیا جائے گا
مجوزہ شیڈول کے مطابق امیدوار 27 سے 30 اکتوبر تک کاغذات نامزدگی جمع کرا سکیں گے، جبکہ کاغذات کی جانچ پڑتال 2 سے 5 نومبر تک ہوگی کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد ہونے کے خلاف اپیلیں 7 سے 11 نومبر تک دائر کی جاسکیں گی اور انتخابی ٹربیونلز 12 سے 16 نومبر تک ان اپیلوں پر فیصلے کریں گے
امیدواروں کے کاغذات واپس لینے کی آخری تاریخ 18 نومبر مقرر کرنے کی تجویز دی گئی ہے امیدواروں کی حتمی فہرست 19 نومبر کو جاری جبکہ انتخابی نشانات 20 نومبر کو الاٹ کیے جائیں گے۔ پولنگ 14 دسمبر کو کرانے اور ریٹرننگ افسران کی جانب سے نتائج 17 دسمبر تک جاری کرنے کی تجویز ہے
پنجاب میں آخری بلدیاتی انتخابات 2015 میں ہوئے تھے اور منتخب بلدیاتی اداروں نے 2017 میں کام شروع کیا تھا ان اداروں کی مدت دسمبر 2021 میں ختم ہوگئی تھی، جس کے بعد صوبے میں بلدیاتی انتخابات بار بار مؤخر ہوتے رہے الیکشن کمیشن کے مطابق آئین کے آرٹیکل 140 اے اور الیکشن ایکٹ کے تحت بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ضروری ہے
رواں سال اگست میں پنجاب کابینہ نے بلدیاتی انتخابات کے لیے 12.5 ارب روپے مختص کیے تھے اسی ماہ الیکشن کمیشن اور پنجاب حکومت کے درمیان مشاورت میں 15 دسمبر 2026 سے 15 جنوری 2027 کے درمیان انتخابات کرانے کی تجویز پر اصولی اتفاق ہوا تھا اب الیکشن کمیشن نے 14 دسمبر کی تاریخ تجویز کی ہے، تاہم اس کی حتمی منظوری ابھی باقی ہے
بلدیاتی انتخابات میں تاخیر کی بڑی وجوہات میں پنجاب کے بلدیاتی قوانین میں بار بار تبدیلیاں، حلقہ بندیوں کی دوبارہ تیاری اور انتظامی معاملات شامل رہے ہیں الیکشن کمیشن نے رواں سال جولائی میں بھی کہا تھا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے قوانین میں آخری وقت میں تبدیلیاں انتخابی تیاریوں کو متاثر کرتی رہی ہیں





