وائٹ ہاؤس نے سی این این کو ایئر فورس ون سے بھی روک دیا، ٹرمپ انتظامیہ اور میڈیا میں کشیدگی مزید بڑھ گئی
وائٹ ہاؤس نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ہفتے کے روز ٹینیسی کے دورے کے لیے ایئر فورس ون میں سفر کرنے سے سی این این کو روک دیا ہے، جس کے باعث امریکی انتظامیہ اور بڑے میڈیا اداروں کے درمیان جاری تنازعہ مزید شدت اختیار کر گیا ہے
سی این این کے مطابق اسے صدر ٹرمپ کے ہمراہ ٹینیسی میں کالج فٹ بال میچ کے لیے سفر کرنے والے صحافتی گروپ میں شامل ہونا تھا، تاہم وائٹ ہاؤس کی جانب سے ہفتے کے صدر کے پروگرام سے متعلق صحافیوں کو بھیجی گئی ہدایات میں سی این این کا نام شامل نہیں کیا گیا
اس اقدام کی ابتدائی خبر واشنگٹن پوسٹ نے دی، جبکہ وائٹ ہاؤس نے فوری طور پر گارڈین کی جانب سے تبصرے کی درخواست کا جواب نہیں دیا
یہ پیش رفت ایک ہفتے بعد سامنے آئی ہے جب صدر ٹرمپ نے سی این این، ایم ایس ناؤ اور پولیٹیکو سمیت بعض میڈیا اداروں کی وائٹ ہاؤس تک رسائی ختم کر دی تھی،ٹرمپ نے ان اداروں کی جانب سے اپنی حکومت کے بارے میں شائع ہونے والی رپورٹس کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ میڈیا اداروں کو مسلسل ’’افسانے اور جھوٹ‘‘ رپورٹ کرنے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے
ایئر فورس ون میں صدر کے ساتھ سفر کرنے والا صحافتی گروپ روایتی طور پر صدر کی نقل و حرکت کی کوریج اور فوری رپورٹنگ میں اہم کردار ادا کرتا ہے،سی این این کو اس سفر سے باہر رکھنے کا تازہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ٹرمپ انتظامیہ اور امریکی میڈیا کے درمیان صدر کی پالیسیوں اور ان کی حکومت کی کوریج پر اختلافات کھل کر سامنے آ چکے ہیں






