Chief Editor : Mohammad Afaq Farooqi
Contributing Editor : Ahmad Waqas Riaz

ٹرمپ انتظامیہ کے خلاف مقدمے میں نیویارک کی اٹارنی جنرل لیٹیشیا جیمز کو عدالتی دھچکا، وفاقی جج نے 19 ریاستوں کا دعویٰ خارج کر دیا

ٹرمپ انتظامیہ کے خلاف مقدمے میں نیویارک کی اٹارنی جنرل لیٹیشیا جیمز کو عدالتی دھچکا، وفاقی جج نے 19 ریاستوں کا دعویٰ خارج کر دیا

نیویارک کی اٹارنی جنرل لیٹیشیا جیمز کی قیادت میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حکومت کے خلاف محکمہ حکومتی کارکردگی (DOGE) کو محکمہ خزانہ کے حساس مالیاتی نظام تک رسائی دینے کے معاملے میں دائر مقدمہ وفاقی عدالت نے خارج کر دیا ہے
جنوبی ضلع نیویارک کی وفاقی جج جینیٹ اے ورگاس نے 23 ستمبر کو مقدمہ خارج کرتے ہوئے قرار دیا کہ DOGE کے قیام سے متعلق صدارتی حکم کی مدت ختم ہو چکی ہے اور محکمہ خزانہ میں DOGE کی ٹیم بھی ختم کر دی گئی ہے، اس لیے حساس خزانے کے ریکارڈ تک رسائی سے متعلق ریاستوں کا دعویٰ اب قابلِ سماعت نہیں رہا
یہ مقدمہ نیویارک سمیت 19 ریاستوں نے دائر کیا تھا،ریاستوں کا مؤقف تھا کہ ٹرمپ انتظامیہ نے DOGE سے وابستہ اہلکاروں کو امریکی محکمہ خزانہ کے ایسے نظام تک رسائی دے کر قانون کی خلاف ورزی کی جہاں وفاقی ادائیگیاں اور حساس مالیاتی معلومات موجود ہوتی ہیں،ریاستوں نے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ اس رسائی سے ان کے حساس مالیاتی ڈیٹا کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے
جج ورگاس نے فروری 2025 میں ابتدائی طور پر ریاستوں کے حق میں حکم دیتے ہوئے محکمہ خزانہ کے DOGE اہلکاروں کو مخصوص ادائیگیوں کے نظام تک رسائی سے روک دیا تھا،بعد میں عدالت نے مخصوص حفاظتی شرائط، جانچ پڑتال، تربیت اور نگرانی کے طریقہ کار کی پابندی کرنے والے اہلکاروں کے لیے رسائی کی اجازت دے دی تھی
حالیہ فیصلے میں جج نے ریاستوں کے ایک دوسرے دعوے کو بھی مسترد کر دیا جس میں خودکار ادائیگیوں کے جائزے کے نظام کو چیلنج کیا گیا تھا،عدالت کے مطابق ریاستیں یہ ثابت نہیں کر سکیں کہ اس نظام کے نتیجے میں ان کے لیے مخصوص کوئی وفاقی ادائیگی منجمد یا منسوخ ہوئی تھی
یہ فیصلہ جیمز اور ٹرمپ کے درمیان جاری قانونی تنازعات کے سلسلے میں سامنے آیا ہے،تاہم یہ فیصلہ صرف DOGE اور محکمہ خزانہ تک رسائی سے متعلق اس مقدمے کا ہے، جبکہ جیمز اور ٹرمپ کے درمیان دیگر قانونی معاملات الگ سے جاری ہیں

قومی خبریں سے مزید