بھاری فیس کو معیار کی علامت سمجھنے والے امریکی کالج اب طلبہ کے لیے قیمتیں کم کرنے پر مجبور
امریکا کے نجی کالجوں میں طلبہ کی بڑھتی ہوئی مالی مشکلات اور مہنگی تعلیم کے باعث ایک نمایاں تبدیلی آ رہی ہے،کئی اداروں نے طلبہ کو اپنی طرف متوجہ کرنے کے لیے تعلیمی فیس میں بڑی کمی، قرض سے پاک مالی معاونت اور سرکاری جامعات جیسی اندرونِ ریاست فیس کی پیشکش شروع کر دی ہے،وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق بعض کالجوں کی فیس میں کمی تقریباً نصف تک پہنچ رہی ہے
مونٹانا کے کیرول کالج نے موسم خزاں 2027 سے اپنی ٹیوشن فیس میں 40 فیصد کمی کا اعلان کیا ہے، جس کے بعد سالانہ ٹیوشن اور فیس تقریباً $26,800 رہ جائے گی،کالج کی صدر جینیفر گلووینکا کے مطابق بہت سے خاندان کالج کی قیمت دیکھ کر درخواست دینے سے پہلے ہی خود کو الگ کر لیتے تھے، اس لیے ادارے نے فیس کو براہ راست کم کرنے کا فیصلہ کیا
آئیووا کے کو کالج نے بھی ٹیوشن میں تقریباً 45 فیصد کمی کرکے اسے $31,850 سالانہ کرنے کا اعلان کیا ہے،بعض دیگر ادارے فیس کم کرنے کے بجائے طلبہ کے تعلیمی قرض ختم کر رہے ہیں یا مخصوص خاندانوں کے لیے زیادہ مالی معاونت فراہم کر رہے ہیں،میریسٹ یونیورسٹی نے کم آمدنی والے خاندانوں کے لیے اخراجات محدود کرنے کی پیشکش کی ہے، جبکہ یونین کالج نیویارک کے بیشتر طلبہ کو $30,000 تک وظائف دے رہا ہے،
وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق برسوں تک امریکی خاندانوں میں یہ تصور موجود رہا کہ زیادہ فیس کسی کالج کے اعلیٰ معیار کی علامت ہے،اسی وجہ سے کالج انتظامیہ براہ راست فیس کم کرنے کے بجائے زیادہ فیس برقرار رکھ کر طلبہ کو بڑے وظائف دینے کو ترجیح دیتی رہی، کیونکہ طالب علم کو کم قیمت کے بجائے بڑا وظیفہ ملنا زیادہ پرکشش محسوس ہوتا تھا،اب یہ حکمت عملی تبدیل ہوتی دکھائی دے رہی ہے
تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ فیس کم کرنے سے ہر کالج میں داخلوں میں مستقل اضافہ ضروری نہیں،ایس اینڈ پی گلوبل ریٹنگز کی ایک حالیہ رپورٹ کے مطابق تعلیمی اخراجات میں تبدیلی بعض طلبہ کے فیصلے پر اثر ڈال سکتی ہے، لیکن مجموعی طور پر فیس میں کمی اور داخلوں میں اضافے کے درمیان کوئی واضح اور عمومی تعلق نہیں ملا
یہ رجحان اب صرف چھوٹے نجی کالجوں تک محدود نہیں رہا،معروف جامعات بھی اس سوال پر غور کر رہی ہیں کہ آیا بلند ٹیوشن برقرار رکھنے کے بجائے براہ راست فیس کم کرنا طلبہ کے لیے زیادہ قابلِ قبول ہوگا،کارنیل یونیورسٹی کی ایک حالیہ رپورٹ میں بھی ٹیوشن کم کرنے اور میرٹ وظائف کے امکانات کا جائزہ لینے کے لیے ایک خصوصی ٹاسک فورس کی تجویز دی گئی ہے
تعلیمی شعبے میں ہونے والی یہ تبدیلی اس بات کی علامت ہے کہ امریکی اعلیٰ تعلیم کی مارکیٹ میں کالجوں کو اب صرف اپنی شہرت یا تعلیمی معیار کے ذریعے نہیں بلکہ خاندانوں کی بڑھتی ہوئی مالی حساسیت کو مدنظر رکھتے ہوئے طلبہ کو اپنی طرف متوجہ کرنا پڑ رہا ہے






