Chief Editor : Mohammad Afaq Farooqi
Contributing Editor : Ahmad Waqas Riaz

ٹیکساس میں ٹیکس افسر اور دو ملازمین پر سرکاری خزانے سے مبینہ فراڈ کے الزامات، وفاقی فردِ جرم عائد

ٹیکساس میں ٹیکس افسر اور دو ملازمین پر سرکاری خزانے سے مبینہ فراڈ کے الزامات، وفاقی فردِ جرم عائد

ہیوسٹن: فورٹ بینڈ کاؤنٹی کی منتخب ٹیکس اسیسَر کلیکٹر کارمین پیٹریس ٹرنر اور ان کے دو ماتحت ملازمین کے خلاف سرکاری خزانے سے مبینہ فراڈ، وفاقی فنڈز کی چوری اور سازش کے الزامات کے تحت فردِ جرم عائد کر دی گئی ہے،امریکی محکمہ انصاف کے مطابق 65 سالہ کارمین ٹرنر، 47 سالہ شیمرلین ریجینا فیلڈز اور 69 سالہ وکٹر کیلون ایونگ پر الزام ہے کہ انہوں نے ستمبر 2023 سے ستمبر 2025 کے دوران کاؤنٹی کے تنخواہوں کے نظام کو مبینہ طور پر ذاتی مفادات کے لیے استعمال کیا
استغاثہ کے مطابق ٹرنر نے فیلڈز اور ایک دوسرے شخص کو ٹیکس دفتر میں ڈپٹی کلرک کے طور پر ملازمت دی، لیکن مبینہ طور پر ان سے دفتری فرائض انجام دینے کے بجائے اپنی معمر والدہ کی دیکھ بھال کرواتی رہیں،اس دوران دونوں کو کاؤنٹی کے سرکاری ملازمین کی حیثیت سے تنخواہیں دی جاتی رہیں،الزام ہے کہ ٹرنر نے انہیں ہدایت کی کہ وہ گھر سے ٹیلی فون کے ذریعے اپنی حاضری لگائیں اور ریکارڈ میں ظاہر کریں کہ وہ سرکاری فرائض انجام دے رہے ہیں، حالانکہ وہ اپنی اصل ملازمت کے بجائے ان کی والدہ کی دیکھ بھال کر رہے تھے
تحقیقات کے مطابق وکٹر ایونگ کو بھی کاؤنٹی کے ٹیکس دفتر میں کل وقتی ڈپارٹمنٹ کوآرڈینیٹر مقرر کیا گیا، حالانکہ وہ شکاگو میں ایک دوسری کمپنی کے لیے کل وقتی کام کر رہے تھے،استغاثہ کا الزام ہے کہ ایونگ کاؤنٹی کی ملازمت کے فرائض انجام نہیں دیتے تھے، لیکن وہاں سے تنخواہ وصول کرتے رہے،مزید الزام ہے کہ انہوں نے کاؤنٹی سے ملنے والی تنخواہ کا کچھ حصہ کارمین ٹرنر کو واپس منتقل کیا، جس میں ایک مبینہ ادائیگی کیش ایپ کے ذریعے بھی کی گئی
وفاقی حکام کے مطابق تینوں ملزمان نے مبینہ طور پر غلط ٹائم شیٹس اور حاضری کے ریکارڈ استعمال کیے تاکہ غیرحاضری اور اصل کام کی نوعیت چھپائی جا سکے،تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا کہ ٹرنر نے ایونگ کے اکاؤنٹ کی معلومات استعمال کرتے ہوئے گاڑیوں کی رجسٹریشن سے متعلق سرکاری نظام تک رسائی حاصل کی،ایک معاملے میں گاڑی کی قیمت 29,583 ڈالر اور 92 سینٹ کے بجائے 295,836 ڈالر اور 92 سینٹ درج ہونے کا الزام ہے، جس سے متعلقہ ڈیلرشپ کے سیلز ٹیکس کے حساب میں بڑی غلطی پیدا ہوئی
اس معاملے کی ابتدائی تحقیقات 2025 میں بھی سامنے آئی تھیں،اس وقت مقامی میڈیا نے عدالتی دستاویزات کے حوالے سے رپورٹ کیا تھا کہ دو ملازمین کو ٹرنر کی والدہ کی دیکھ بھال کے لیے سرکاری خزانے سے ادائیگی کی گئی اور مبینہ طور پر 27,000 ڈالر سے زیادہ رقم غلط طور پر استعمال ہوئی،تاہم 22 اکتوبر 2026 کو سامنے آنے والی وفاقی فردِ جرم میں معاملے کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے ایونگ کی مبینہ غیرحقیقی ملازمت، تنخواہ کی واپسی اور دیگر الزامات بھی شامل کیے گئے ہیں
امریکی محکمہ انصاف کے مطابق کارمین ٹرنر اور فیلڈز کو ہیوسٹن میں وفاقی عدالت کے سامنے ابتدائی پیشی کے لیے طلب کیا گیا، جبکہ ایونگ کو شکاگو میں گرفتار کیا گیا،تحقیقات میں ایف بی آئی کے ہیوسٹن دفتر اور ٹیکساس رینجرز نے حصہ لیا، جبکہ مقدمے کی پیروی امریکی اٹارنی کے دفتر کے پراسیکیوٹرز کریں گے
وفاقی حکام کے مطابق اگر ملزمان جرم ثابت ہونے پر سزا پاتے ہیں تو انہیں ہر وائر فراڈ کے الزام پر زیادہ سے زیادہ 20 سال قید، وفاقی فنڈز سے متعلق چوری کے الزام پر 10 سال تک اور سازش کے الزام پر مزید پانچ سال تک قید ہو سکتی ہے،متعلقہ الزامات پر جرمانے کی رقم بھی 250,000 ڈالر تک ہو سکتی ہے

قومی خبریں سے مزید