Chief Editor : Mohammad Afaq Farooqi
Contributing Editor : Ahmad Waqas Riaz

ٹرمپ کی یوکرین پر تنقید، روسی آئل ریفائنریوں پر حملے ’’شرمناک‘‘ قرار، یورپی رہنما زیلنسکی کی حمایت میں متحد

ٹرمپ کی یوکرین پر تنقید، روسی آئل ریفائنریوں پر حملے ’’شرمناک‘‘ قرار، یورپی رہنما زیلنسکی کی حمایت میں متحد

یورپی یونین کے رہنماؤں نے جمعہ کو برسلز میں ہونے والے سربراہی اجلاس کے دوران یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی کی حمایت کا اعادہ کیا، جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روسی آئل ریفائنریوں پر یوکرین کے تازہ حملوں کو ’’شرمناک‘‘ قرار دے دیا،یہ پیش رفت ایسے وقت میں ہوئی ہے جب یوکرین کو جنگ کے محاذ پر بڑھتے ہوئے روسی حملوں اور امریکہ کی فوجی و انٹیلی جنس معاونت میں ممکنہ کمی کے خدشات کا سامنا ہے
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق یورپی یونین نے زیلنسکی کو برسلز میں سربراہی اجلاس میں مدعو کیا ہے، جہاں یوکرین کے لیے مالی اور فوجی معاونت کا معاملہ اہم موضوعات میں شامل ہے،یوکرین کے شہروں پر روسی میزائلوں اور ڈرونز کے حملے جاری ہیں، جبکہ کیف کو خدشہ ہے کہ واشنگٹن انٹیلی جنس معلومات کی فراہمی اور ہتھیاروں کی مدد محدود کرسکتا ہے
ٹرمپ نے گزشتہ ہفتے زیلنسکی کو اس وقت اچانک مشکل صورت حال سے دوچار کردیا تھا جب انہوں نے اعلان کیا کہ روس اور یوکرین ایک دوسرے کی توانائی تنصیبات کو نشانہ نہ بنانے پر متفق ہوگئے ہیں،امریکی صدر نے روسی آئل ریفائنریوں پر یوکرین کے حملوں کو توانائی کی قیمتوں میں اضافے سے جوڑا ہے،نومبر میں ہونے والے امریکی وسط مدتی انتخابات کے پیش نظر توانائی کی قیمتوں میں اضافہ ٹرمپ اور ان کی جماعت کے لیے سیاسی مسئلہ بن سکتا ہے
دوسری جانب امریکہ کی جانب سے روس کے ساتھ ڈیزل کی فراہمی کا معاہدہ بھی یوکرین اور اس کے یورپی اتحادیوں میں ناراضگی کا باعث بنا ہے
یوکرین کو اگلے سال کے بجٹ میں مالی خسارے کا سامنا ہے،ایسٹونیا کے وزیراعظم نے عندیہ دیا ہے کہ یوکرین کی مالی ضروریات پوری کرنے کے لیے یورپی یونین کو نئے قرضے کا انتظام کرنا پڑ سکتا ہے، تاہم آسٹریا نے یوکرین کی مالی معاونت کے معاملے پر تحفظات کا اظہار کیا ہے
یورپی رہنماؤں کی جانب سے زیلنسکی کی حمایت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب یوکرین کے لیے امریکی تعاون کے مستقبل، روس کے ساتھ جنگ کے خاتمے اور یورپ پر مالی بوجھ کے حوالے سے غیر یقینی صورت حال برقرار ہے

قومی خبریں سے مزید