اوریگن کے ایلیمنٹری اسکول میں فائرنگ، تین بچے اور ایک استاد ہلاک، 16 سالہ حملہ آور بھی مارا گیا
امریکی ریاست اوریگن کے شہر بینڈ میں ایک ایلیمنٹری اسکول میں فائرنگ کے نتیجے میں تین بچے اور ایک استاد ہلاک ہوگئے،پولیس کے مطابق مبینہ حملہ آور کی عمر 16 سال تھی، جو فائرنگ کے بعد خود بھی ہلاک ہوگیا
بینڈ پولیس چیف مائیک کرانٹز نے جمعرات کی شام پریس کانفرنس میں بتایا کہ دوپہر 12 بج کر 59 منٹ پر ایمرجنسی سروسز کو ایک شخص نے گاڑی سے فون کرکے اطلاع دی کہ ایک مسلح شخص اس پر متعدد گولیاں چلا رہا ہے،پولیس چیف کے مطابق حملہ آور نے اس کے بعد سلور ریل ایلیمنٹری اسکول کا رخ کیا اور بند دروازے پر فائرنگ کرکے عمارت میں داخل ہوگیا
پولیس کے مطابق دوپہر 1 بجے کے ایک منٹ بعد اسکول میں لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا، جبکہ اہلکار ایک منٹ بعد جائے وقوعہ پر پہنچ گئے،وہاں حملہ آور مردہ پایا گیا
پولیس چیف نے بتایا کہ ایک مقامی شہری نے مشتبہ حملہ آور کو اسکول میں داخل ہوتے دیکھا تھا اور اس کا تعاقب کرتے ہوئے عمارت کے اندر پہنچ گیا، جہاں اس کا حملہ آور سے سامنا ہوا اور اسے گولی مار دی گئی،پولیس نے فی الحال حملہ آور کی شناخت صرف بینڈ شہر کے رہائشی کے طور پر ظاہر کی ہے





