Chief Editor : Mohammad Afaq Farooqi
Contributing Editor : Ahmad Waqas Riaz

2 ملین ڈالر کا امریکی کارگو اسکینڈل، 2 بھارتی شہری مجرم قرار، ٹرکنگ کمپنیوں کے ذریعے قیمتی سامان لوٹنے کا انکشاف

2 ملین ڈالر کا امریکی کارگو اسکینڈل، 2 بھارتی شہری مجرم قرار، ٹرکنگ کمپنیوں کے ذریعے قیمتی سامان لوٹنے کا انکشاف

امریکہ میں وفاقی جیوری نے 2 بھارتی شہریوں کو جنوبی کیلیفورنیا اور ٹیکساس سے کم از کم 2 ملین ڈالر مالیت کا کارگو چوری کرنے کی سازش میں مجرم قرار دے دی،دونوں پر الزام تھا کہ انہوں نے حقیقی ٹرکنگ کمپنیوں کو خرید کر یا دھوکے سے استعمال کرتے ہوئے بڑے مال برداری کے معاہدے حاصل کیے، گوداموں سے قیمتی سامان اٹھایا اور اسے مطلوبہ منزل تک پہنچانے کے بجائے غائب کردیا
مجرم قرار دیے جانے والوں میں سیکرامنٹو کے 28 سالہ ارش پریت سنگھ اور فونٹانا کے 31 سالہ وکرم جیت سنگھ شامل ہیں،دونوں کو بین ریاستی یا بین الاقوامی ترسیل کے سامان کی چوری کی سازش کے ایک ایک الزام میں مجرم قرار دیا گیا،ارش پریت سنگھ کو تار سے دھوکا دہی کی سازش کے ایک اضافی الزام میں بھی مجرم قرار دیا گیا، تاہم وکرم جیت سنگھ کو اسی الزام سے بری کردیا گیا
وفاقی استغاثہ کے مطابق یہ منصوبہ مارچ 2024 سے جون 2025 تک جاری رہا،ملزمان اور ان کے ساتھیوں نے حقیقی ٹرکنگ کمپنیاں حاصل کرکے ان کے ذریعے شپنگ بروکرز سے جائز مال برداری کے معاہدے حاصل کیے،سامان ٹرکوں پر لادنے کے بعد اسے اصل منزل پر پہنچانے کے بجائے چوری کرلیا جاتا تھا
چوری ہونے والے سامان میں مہنگے ٹیلی ویژن، لیپ ٹاپ، دیگر برقی آلات، گھریلو مصنوعات، سولر پینل، ویکیوم کلینر، ایل ای ڈی لائٹس، جوتے اور ٹائر شامل تھے،امریکی محکمہ انصاف کے مطابق مجموعی نقصان کم از کم 2 ملین ڈالر کا تخمینہ لگایا گیا ہے
تفتیش میں سامنے آنے والی ایک مثال کے مطابق ارش پریت سنگھ نے مارچ 2024 میں ٹیکساس کی ٹرانسپورٹ کمپنی Z&F Transportation LLC کے مالک سے تقریباً 22 ہزار ڈالر میں کمپنی خریدنے کے لیے ملاقات کی،اسی ماہ کمپنی کی جانب سے ایک ٹیلی ویژن کی کھیپ فونٹانا سے اٹھائی گئی جو فلوریڈا کی مقررہ منزل تک کبھی نہیں پہنچی
مئی 2024 میں مبینہ گروہ نے Skyways Trucking LLC بھی حاصل کی اور اس کے ذریعے لیپ ٹاپ، ٹیلی ویژن، سولر پینل اور دیگر سامان کے لیے مال برداری کے معاہدے حاصل کیے،استغاثہ کے مطابق گروہ نے Uber Freight جیسے بروکرز کے ذریعے کھیپیں بک کیں، سامان اٹھایا اور پھر اسے منزل تک پہنچانے کے بجائے چوری کرلیا
یہ وارداتیں جنوبی کیلیفورنیا کے متعدد علاقوں، جن میں فونٹانا، ورنن، سانتا فے اسپرنگز، پریس، سٹی آف انڈسٹری، لانگ بیچ، کومپٹن، کامرس، پیکو ریویرا، چائنو اور مورینو ویلی شامل ہیں، کے علاوہ ٹیکساس کے گرینڈ پریری میں بھی ہوئں
دونوں ملزمان کی سزا سنانے کی سماعت 20 جنوری 2027 کو مقرر کی گئی ہے،ارش پریت سنگھ کو وفاقی جیل میں زیادہ سے زیادہ 20 سال جبکہ وکرم جیت سنگھ کو زیادہ سے زیادہ 5 سال قید کی سزا ہوسکتی ہے،یہ قانونی حد ہے، حتمی سزا عدالت طے کرے گی
اس کیس کی تحقیقات ایف بی آئی کی اِن لینڈ وائلنٹ کرائم سپریشن ٹاسک فورس، آئی آر ایس کریمنل انویسٹی گیشن، فونٹانا پولیس، سان برنارڈینو کاؤنٹی، ریورسائیڈ کاؤنٹی، لاس اینجلس کاؤنٹی کے شیرف محکموں اور فورٹ ورتھ ٹیکساس پولیس نے مشترکہ طور پر کیں

قومی خبریں سے مزید