Chief Editor : Mohammad Afaq Farooqi
Contributing Editor : Ahmad Waqas Riaz

اٹلی میں یہود مخالف بل پر بائیں بازو میں اختلاف، ڈیموکریٹک پارٹی نے کمیٹی ووٹ کا بائیکاٹ کردیا

اٹلی میں یہود مخالف بل پر بائیں بازو میں اختلاف، ڈیموکریٹک پارٹی نے کمیٹی ووٹ کا بائیکاٹ کردیا

اٹلی کی مرکزی اپوزیشن جماعت ڈیموکریٹک پارٹی (PD) نے بدھ کو پارلیمانی کمیٹی میں یہود مخالف کارروائیوں کے خلاف مجوزہ قانون پر ہونے والی ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا، جس سے بائیں بازو کی جماعتوں کے درمیان اسرائیل اور فلسطین سے متعلق پالیسی پر اختلافات نمایاں ہوگئے،کمیٹی نے بل کو ایوان میں بحث کے لیے آگے بڑھانے کی منظوری دے دی، جبکہ حتمی منظوری کے لیے اسے ایوان میں پیش کیا جائے گا
بل میں انٹرنیشنل ہولوکاسٹ ریمیمبرنس الائنس (IHRA) کی یہود دشمنی کی عملی تعریف کو قانون کا حصہ بنانے کی تجویز ہے،اس تعریف میں اسرائیل سے متعلق بعض مخصوص نوعیت کی تنقیدکو بھی یہود دشمنی کی مثالوں میں شمار کیا گیا ہے،بل کے ناقدین کا مؤقف ہے کہ اس سے اسرائیلی حکومت کی پالیسیوں اور فلسطینی حقوق کے حق میں جائز سیاسی اظہار محدود ہوسکتا ہے
ڈیموکریٹک پارٹی کا کہنا ہے کہ بل میں شامل یہ تعریف تقسیم پیدا کرنے والی ہے،پارٹی نے حکومتی اتحاد سے مطالبہ کیا ہے کہ الفاظ تبدیل کرکے واضح کیا جائے کہ اسرائیلی حکومت کی کارروائیوں پر تنقید کو محض اس بنیاد پر یہود دشمنی قرار نہ دیا جائے،پارٹی کی ایوان میں رہنما چیئرا براگا نے بھی یہی مؤقف اختیار کیا ہے
اٹلی کی دیگر اپوزیشن جماعتیں بھی ایک موقف پر نہیں،فائیو اسٹار موومنٹ اور گرین لیفٹ الائنس نے بل کی مخالفت میں ووٹ دیا، جبکہ اٹلی ویوا اور ایکشن نے حمایت کی،یوں پارلیمانی کمیٹی میں بائیں بازو اور اپوزیشن کا مؤقف تقسیم کا شکار رہا
بل کے حامیوں کا کہنا ہے کہ 7 اکتوبر 2023 کے حماس حملوں اور اس کے بعد غزہ جنگ کے دوران یہود دشمن واقعات میں اضافے کے بعد زیادہ مضبوط قانونی تحفظ ضروری ہے،اٹلی کی اینٹی سیمیٹزم آبزرویٹری کے مطابق 2025 میں 963 واقعات ریکارڈ کیے گئے، جو 2022 کے مقابلے میں دو گنا سے زیادہ تھے
اس معاملے پر ڈیموکریٹک پارٹی کے اندر بھی مکمل اتفاق نہیں،پارٹی کے رکن ایمانوئل فیانو، جن کے والد آشوٹز سے بچ جانے والوں میں شامل تھے، نے پارٹی کے ووٹ میں حصہ نہ لینے کے فیصلے پر تنقید کی اور کہا کہ یہود دشمنی کے خلاف جدوجہد کو اسرائیلی حکومت، فوج یا آبادکاروں کے تشدد پر تنقید کی راہ میں رکاوٹ نہیں بننا چاہیے

قومی خبریں سے مزید