حکومت کا نیا منصوبہ، پاکستانی عوام اب اسٹاک مارکیٹ کے ذریعے سرکاری بانڈز اور ٹی بلز خرید سکیں گے
اسلام آباد میں حکومت نے مقامی کرنسی بانڈ مارکیٹ کو وسعت دینے کے لیے ایک اہم منصوبہ متعارف کرایا ہے، جس کے تحت عام شہریوں کو ٹریژری بلز اور سرکاری بانڈز سمیت حکومتی سیکیورٹیز اسٹاک مارکیٹ کے ذریعے خرید و فروخت کی اجازت دی جائے گی
ڈان کے مطابق یہ اقدام عالمی مالیاتی فنڈ کے پروگرام کے تحت اصلاحات اور تعمیل بہتر بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے،آئی ایم ایف کا عملہ اس وقت پاکستان میں تقریباً 1.2 ارب ڈالر کی قسط کے اجرا کے لیے پروگرام کا جائزہ لے رہا ہے
مقامی کرنسی بانڈ مارکیٹ کی ترقی کے لیے حکمت عملی کا اعلان وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور آئی ایم ایف مشن کی سربراہ ایوا پیٹرووا کے درمیان افتتاحی اجلاس کے بعد کیا گیا
آئی ایم ایف مشن نے بجلی کے شعبے، نجکاری، پٹرولیم، ایف بی آر اور آٹو موبائل سیکٹر سمیت مختلف معاملات پر پاکستانی حکام سے بات چیت کی،وزیر خزانہ نے مشن کو ملکی معیشت کے تازہ اعداد و شمار، کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری اور سرمایہ کاری کے ماحول سے آگاہ کیا، تاہم طویل ایران جنگ کے باعث پیدا ہونے والے معاشی دباؤ اور اس کے حکومتی آمدنی پر ممکنہ اثرات بھی زیر بحث آئے




