اے آئی اداکارہ کا انٹرویو میں اچانک چینی زبان بولنا، پیئرز مورگن کے شو میں ٹِلی نورووڈ کی عجیب پرفارمنس
لندن کی ٹیک کمپنی Particle6 کی تیار کردہ مصنوعی ذہانت پر مبنی کردار ٹِلی نورووڈ کو اپنی آنے والی فلم Misaligned کی تشہیری مہم کے دوران ایک غیر معمولی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا، جب معروف برطانوی میزبان پیئرز مورگن کے پروگرام میں انٹرویو کے دوران اے آئی کردار نے اچانک کینٹونیز زبان میں گفتگو شروع کردی
ٹِلی نورووڈ کو ایک حقیقی اداکارہ کے بجائے اے آئی سے تخلیق کردہ ورچوئل کردار کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے،اسے پیئرز مورگن کے یوٹیوب پروگرام Piers Morgan Uncensored میں ایک فرضی انٹرویو کے لیے پیش کیا گیا، تاہم گفتگو کے دوران اس کے جوابات میں نمایاں تاخیر دیکھی گئی
پروگرام میں اے آئی کردار نے کئی سوالات کے جواب عمومی نوعیت کے دیے، بعض مواقع پر سوال کے مطابق جواب نہیں دیا اور اس کی آواز اور انداز گفتگو بھی غیر فطری محسوس ہوا،صورتحال اس وقت مزید عجیب ہوگئی جب ماڈل نے اچانک کینٹونیز میں بولنا شروع کردیا
ٹِلی نورووڈ کا معاملہ اس بحث کو بھی نمایاں کرتا ہے کہ فلم اور تفریح کی صنعت میں اے آئی سے تخلیق کردہ کرداروں کو حقیقی اداکاروں کے متبادل کے طور پر کس حد تک استعمال کیا جا سکتا ہے،Particle6 اسے ایک نئے نوعیت کے ڈیجیٹل اداکار کے طور پر متعارف کرا رہی ہے، جبکہ اس کے ابتدائی عوامی مظاہروں میں ماڈل کی زبان، جواب دینے کی رفتار اور سیاق و سباق سمجھنے کی صلاحیت سے متعلق سوالات بھی سامنے آئے ہیں
یہ واقعہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ہالی ووڈ میں اے آئی سے بنائے گئے اداکاروں، آوازوں اور ڈیجیٹل کرداروں کے استعمال پر پہلے ہی شدید بحث جاری ہے، خصوصاً اس حوالے سے کہ مستقبل میں مصنوعی کردار انسانی اداکاروں کے کام کو کس حد تک متاثر کر سکتے ہیں





