مونٹریال میں کینیڈا کی سب سے بڑی اے آئی کانفرنس، 50 ممالک سے 10,000 افراد کی شرکت
مونٹریال میں منعقد ہونے والی کینیڈا کی بڑی مصنوعی ذہانت اور ٹیکنالوجی کانفرنس ’’آل اِن 2026‘‘ میں 50 ممالک سے 10,000 افراد نے شرکت کی، جس میں اے آئی ماہرین، محققین، سرمایہ کار، کاروباری شخصیات، حکومتی نمائندے اور ٹیکنالوجی کمپنیوں کے رہنما شامل تھے۔ 2 روزہ کانفرنس میں مصنوعی ذہانت کے تحفظ، عملی استعمال، عالمی شراکت داری اور کینیڈا کی ٹیکنالوجی معیشت کو آگے بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا
کانفرنس میں صحت، توانائی، ایرو اسپیس اور مینوفیکچرنگ سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی ہزاروں کمپنیوں کے نمائندوں کے علاوہ کینیڈا کی 100 نمایاں اے آئی اسٹارٹ اپ کمپنیوں، سرمایہ کاروں اور حکومتی اداروں نے بھی شرکت کی اس موقع پر مصنوعی ذہانت کے بنیادی ڈھانچے، سائبر سکیورٹی، کوانٹم کمپیوٹنگ، روبوٹکس اور ایسے اے آئی نظاموں پر گفتگو ہوئی جو انسانوں کی ہدایات کے بغیر مختلف کام انجام دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں
کانفرنس میں کینیڈا اور جرمنی کے درمیان مصنوعی ذہانت کے شعبے میں تعاون کو بھی نمایاں اہمیت دی گئی جرمنی کو اس سال کانفرنس کا خصوصی ملک قرار دیا گیا اور جرمنی کے 50 سے زائد کاروباری رہنماؤں کے وفد نے مونٹریال میں شرکت کی تاکہ کینیڈین اداروں کے ساتھ نئے کاروباری اور ٹیکنالوجی معاہدے کیے جا سکیں
کانفرنس کے دوران مصنوعی ذہانت کے تحفظ کے لیے یوشوا بینجیو کی غیر منافع بخش تنظیم لا زیرو کے لیے کینیڈا اور جرمنی نے مجموعی طور پر 300 ملین ڈالر کی مالی معاونت کا اعلان کیا۔ کینیڈا کی جانب سے 150 ملین کینیڈین ڈالر جبکہ جرمنی کی جانب سے 100 ملین یورو فراہم کیے جانے ہیں اس رقم کا مقصد زیادہ محفوظ، شفاف اور قابل اعتماد مصنوعی ذہانت کے نظام تیار کرنا ہے
اسی کانفرنس میں کینیڈا کی کمپنی کوہیئر اور جرمنی کی الیف الفا کے درمیان کاروباری انضمام کا بھی اعلان ہوا اس معاہدے کے نتیجے میں ٹورنٹو اور برلن میں موجود 1,000 سے زیادہ ملازمین پر مشتمل ایک مشترکہ ادارہ تشکیل پائے گا، جسے خودمختار اے آئی ٹیکنالوجی کی تیاری کی جانب اہم قدم قرار دیا گیا ہے
مونٹریال کے ادارے میلا اور موزیلا نے بھی اوپن سورس مصنوعی ذہانت کے لیے ایک نئے منصوبے کا اعلان کیا، جس میں ابتدائی طور پر 6 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی جائے گی اس منصوبے کا مقصد ایسے اے آئی نظام تیار کرنا ہے جن میں اداروں کو اپنے ڈیٹا اور ٹیکنالوجی پر زیادہ اختیار حاصل ہو اور وہ اپنی ضرورت کے مطابق مقامی سطح پر اے آئی استعمال کر سکیں
کینیڈا کی وفاقی حکومت کے مطابق یہ کانفرنس ایسے وقت میں ہوئی ہے جب ملک اپنی نئی قومی مصنوعی ذہانت حکمت عملی کے ذریعے تحقیق، کاروباری استعمال، سرمایہ کاری اور محفوظ اے آئی ٹیکنالوجی کو فروغ دینے کی کوشش کر رہا ہے حکومت کا کہنا ہے کہ کینیڈا کے محققین، اسٹارٹ اپ کمپنیوں اور ٹیکنالوجی اداروں کی صلاحیت کو عالمی سرمایہ کاری اور کاروباری مواقع میں تبدیل کرنا اس حکمت عملی کا اہم حصہ ہے
کانفرنس کے منتظمین کے مطابق ’’آل اِن‘‘ کی اگلی سالانہ کانفرنس 22 اور 23 ستمبر 2027 کو مونٹریال میں ہوگی





