ممتا بنرجی کا بڑا قانونی اقدام، ٹی ایم سی کا نام اور انتخابی نشان منجمد کیے جانے کے خلاف سپریم کورٹ پہنچ گئیں

ممتا بنرجی کا بڑا قانونی اقدام، ٹی ایم سی کا نام اور انتخابی نشان منجمد کیے جانے کے خلاف سپریم کورٹ پہنچ گئیں

مغربی بنگال کی سابق وزیر اعلیٰ اور ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی نے الیکشن کمیشن کے اس عبوری فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا ہے جس کے تحت ان کے دھڑے کو آئندہ ضمنی انتخابات میں آل انڈیا ترنمول کانگریس کا اصل نام اور روایتی ’’پھول اور گھاس‘‘ کا انتخابی نشان استعمال کرنے سے روک دیا گیا ہے
الیکشن کمیشن نے 17 ستمبر کو قرار دیا تھا کہ ترنمول کانگریس کے اندر دو مخالف دھڑے پارٹی اور اس کی شناخت پر دعویٰ کر رہے ہیں، اس لیے حتمی فیصلہ ہونے تک دونوں دھڑوں کو اصل نام اور انتخابی نشان استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی،یہ عبوری انتظام 6 اکتوبر کو ہونے والے ضمنی انتخابات کے پیش نظر کیا گیا ہے
کمیشن نے جمعہ کو ممتا بنرجی کے دھڑے کو ’’ممتا آل انڈیا ترنمول کانگریس‘‘ کا نام اور ’’فٹبال پلیئر‘‘ کا نشان الاٹ کیا، جبکہ مخالف دھڑے کو ’’ڈیموکریٹک ترنمول کانگریس‘‘ کا نام اور ’’لفافہ‘‘ انتخابی نشان دیا گیا،یہ نام اور نشان فی الحال آئندہ ضمنی انتخابات کے لیے عبوری طور پر مختص کیے گئے ہیں، پارٹی کی اصل شناخت پر حتمی فیصلہ ابھی باقی ہے
ممتا بنرجی نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اصل پارٹی نام اور ’’پھول اور گھاس‘‘ کے نشان کے حصول کے لیے سیاسی، جمہوری اور قانونی جدوجہد جاری رکھیں گی،ان کا کہنا ہے کہ وہ کمیشن کے عبوری انتظام کو پارٹی کی شناخت کے حتمی تصفیے کے طور پر قبول نہیں کرتیں
یہ تنازع ترنمول کانگریس کے اندر قیادت اور تنظیمی کنٹرول کے اختلاف کے بعد شدت اختیار کر گیا،دونوں دھڑوں نے الیکشن کمیشن کے سامنے اپنی اپنی دستاویزات اور دعوے پیش کیے، جس کے بعد کمیشن نے کہا کہ پارٹی کے نام اور نشان پر حتمی فیصلہ الگ کارروائی کے ذریعے کیا جائے گا
ممتا بنرجی کی سپریم کورٹ میں درخواست پر فوری سماعت کے لیے 21 ستمبر کو چیف جسٹس کی سربراہی میں بینچ کے سامنے ذکر کیے جانے کا امکان ہے،اس دوران 6 اکتوبر کے ضمنی انتخابات کے لیے دونوں دھڑے نئے ناموں اور انتخابی نشانات کے ساتھ میدان میں اتریں گے

قومی خبریں سے مزید