اسلام آباد میں ایک ہی دن میں اغوا کے 12 مقدمات، نومولود بچہ بازیاب جبکہ خواتین اور کم عمر افراد لاپتا
اسلام آباد میں پولیس نے ایک ہی دن کے دوران اغوا اور لاپتا ہونے کے کم از کم 12 واقعات کے مقدمات درج کیے، جن میں نومولود بچے کے اغوا سے لے کر خواتین، لڑکیوں، ڈرائیوروں اور کم عمر لڑکوں کے لاپتا ہونے کے واقعات شامل ہیں
سب سے پہلے پمز اسپتال سے ایک نومولود بچے کو 3 خواتین مبینہ طور پر اپنے ساتھ لے گئیں بچے کی والدہ کی شکایت پر پولیس نے مقدمہ درج کیا واقعہ سامنے آنے کے فوراً بعد بچے کی دادی، ایک خاتون ڈاکٹر اور سکیورٹی گارڈ نے تلاش شروع کی اور مبینہ طور پر 3 خواتین کو تلاش کرکے نومولود بچے کو بازیاب کرلیا بعد ازاں خواتین کو مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کردیا گیا
ایک دوسرے واقعے میں آئی 9/4 سے ایک شادی شدہ خاتون مبینہ طور پر اپنی ہونڈا سٹی گاڑی سمیت لاپتا ہوگئیں ان کے شوہر کے مطابق خاتون نے فون پر بتایا تھا کہ وہ اپنی سہیلی سے ملنے جارہی ہیں اور کچھ دیر بعد واپس آجائیں گی، تاہم وہ واپس نہ آئیں
گارڈن ٹاؤن سے ایک لڑکے کے اغوا کا مقدمہ بھی درج کیا گیا اس کی والدہ کے مطابق کراچی سے واپسی پر انہیں بیٹا گھر پر موجود نہیں ملا جبکہ اس کا فون بھی بند تھا اہل محلہ نے بتایا کہ کچھ افراد لڑکے کی تصویر لے کر علاقے میں اس کے بارے میں معلومات حاصل کر رہے تھے، جس کے بعد وہ گھر پہنچے اور لڑکے کو اپنے ساتھ لے گئے
اقبال ٹاؤن سے 15 سالہ لڑکی بھی لاپتا ہوگئی اس کی والدہ کے مطابق لڑکی بازار سے خریداری کے لیے گئی تھی لیکن واپس نہیں آئی اور خاندان کی تلاش کے باوجود اس کا سراغ نہیں مل سکا
سہالہ میں ایک نامعلوم شخص نے مبینہ طور پر گھر سے قیمتی سامان چوری کرنے کے ساتھ ایک خاتون کو بھی اغوا کرلیا۔ اسی علاقے سے 21 سالہ لڑکی کے لاپتا ہونے کا مقدمہ بھی درج ہوا، جو ایک فیکٹری میں کام کرتی تھی اور گھر سے کام کے لیے نکلی تھی
ماڈل ٹاؤن میں 18 سالہ لڑکی کے اغوا کا مقدمہ اس کی والدہ کی شکایت پر درج کیا گیا، جبکہ نئی آبادی برکہ سے 17 سالہ لڑکی کے اغوا کی رپورٹ بھی درج ہوئی دونوں واقعات میں اہل خانہ نے مخصوص افراد پر اغوا کے الزامات عائد کیے
آئی 9/2 میں ایک افسر کا ڈرائیور بھی اپنے آجر کے دفتر سے واپسی کے دوران لاپتا ہوگیا۔ اس کے بھائی کی شکایت پر پولیس نے مقدمہ درج کیا اسی طرح ایک آن لائن ٹیکسی سروس کا ڈرائیور اپنی گاڑی سمیت لاپتا ہوگیا اور اس کے والد نے پولیس سے کارروائی کی درخواست کی
بلال ٹاؤن سے 16 سالہ لڑکے کے لاپتا ہونے کا مقدمہ بھی درج کیا گیا والد کے مطابق لڑکا گھر میں ہونے والے ایک تنازع کے بعد گھر سے نکلا تھا اور اس کے بعد سے اس کا کوئی سراغ نہیں مل سکا
پولیس کے مطابق ان تمام واقعات کے حوالے سے الگ الگ مقدمات درج کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں ایک ہی دن میں اغوا اور لاپتا ہونے کے 12 مقدمات کا اندراج دارالحکومت میں شہریوں کے تحفظ اور امن و امان کے حوالے سے تشویش کا باعث بن گیا ہے






