مائیک راجرز کے مباحثے میں نہ آنے پر عبدالسید کی شدید تنقید، کہا ’ہاتھی کمرے میں موجود نہیں تھا‘
مشی گن کی سینیٹ نشست کے لیے ڈیموکریٹک امیدوار عبدالسید نے اپنے ریپبلکن حریف اور سابق رکن کانگریس مائیک راجرز کو منگل کی شب ڈیٹرائٹ میں ہونے والے انتخابی مباحثے میں شرکت نہ کرنے پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا،راجرز نے اس پروگرام میں شرکت نہیں کی، جبکہ عبدالسید نے اکیلے ہی پروگرام میں شرکت کی،سی اسپین کے مطابق راجرز کو مباحثے کے لیے مدعو کیا گیا تھا لیکن انہوں نے شرکت سے انکار کیا
مقامی ٹی وی چینل فاکس 2 ڈیٹرائٹ سے گفتگو کرتے ہوئے عبدالسید نے کہا، “ہاتھی کمرے میں موجود نہیں تھا،ہاتھی نے فیصلہ کیا کہ وہ کمرے میں نہیں آنا چاہتا”انہوں نے راجرز پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ وہ ڈیلس میں ریپبلکن پارٹی کے حالیہ وسط مدتی کنونشن میں تقریباً 6 منٹ 48 سیکنڈ خطاب کرنے کے لیے گئے، لیکن ڈیٹرائٹ میں مشی گن کے ووٹروں کے ساتھ 60 منٹ کی نشست میں شرکت نہیں کی
عبدالسید نے راجرز کو “بزدل” بھی قرار دیا اور کہا کہ ان کا مباحثے میں شریک نہ ہونا ووٹروں کے سامنے سوالات کا جواب دینے سے گریز کے مترادف ہے،یہ بیانات عبدالسید کی انتخابی مہم کی جانب سے بھی جاری کیے گئے، جس میں راجرز کی عدم شرکت کو تنقید کا مرکز بنایا گیا
دوسری جانب راجرز نے سی بی ایس نیوز ڈیٹرائٹ سے گفتگو میں کہا کہ وہ اس پروگرام کو باقاعدہ مباحثہ نہیں سمجھتے اور ان کے مطابق ان کی مہم نے اس میں شرکت پر کبھی اتفاق نہیں کیا تھا،انہوں نے پروگرام کے منتظمین اور ناظم پر جانبداری کا الزام بھی عائد کیا
راجرز اور عبدالسید کے درمیان نومبر کے سینیٹ انتخابات سے قبل مباحثوں کے انعقاد پر پہلے بھی اختلاف رہا ہے،ستمبر کے آغاز میں دونوں امیدواروں کی جانب سے 2 مباحثوں پر اتفاق کی اطلاع سامنے آئی تھی، تاہم 15 ستمبر کے پروگرام میں راجرز شریک نہیں ہوئے






