ہیگسیتھ کی تقریر میں شرکت کے لیے پینٹاگون نے فوجیوں کے جسمانی معیار اور حلیے کی شرائط سخت کر دیں
واشنگٹن:امریکی محکمہ دفاع نے وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ کی ستمبر میں ہونے والی “اسٹیٹ آف دی فورس” تقریر میں شرکت کے لیے فوجی اہلکاروں کے انتخاب کے معیار غیر معمولی طور پر سخت کر دیے ہیں،وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق کمانڈروں سے کہا گیا ہے کہ وہ ایسے فوجیوں کو نامزد کریں جو جسمانی فٹنس کے مقررہ معیار پر پورا اترتے ہوں، کمر اور قد کے تناسب سے متعلق شرائط پوری کرتے ہوں اور ان کی گرومنگ اور یونیفارم کا معیار “بے عیب” ہو
رپورٹ کے مطابق امیدواروں کا انتخاب صرف جسمانی فٹنس کی بنیاد پر نہیں ہوگا بلکہ ان میں قیادت کی صلاحیت، پیشہ ورانہ کردار، نظم و ضبط، ابلاغی صلاحیت اور دیانت داری بھی دیکھی جائے گی،منتخب فوجیوں کو ہیگسیتھ کے ساتھ ورزش کرنے کا موقع بھی مل سکتا ہے
یہ تقریب 30 ستمبر کو متوقع ہے اور اس میں اعلیٰ افسران کے ساتھ جونیئر افسران اور نچلے رینک کے اہلکاروں کو بھی شامل کیا جائے گا،گزشتہ سال بھی اعلیٰ فوجی افسران کے لیے اسی نوعیت کی تقریب منعقد ہوئی تھی، تاہم اس بار فوج کے نسبتاً نچلے درجوں سے اہلکاروں کی شرکت پر بھی زور دیا جا رہا ہے
ہیگسیتھ نے وزیر دفاع کا منصب سنبھالنے کے بعد امریکی فوج میں جسمانی تیاری، جنگی استعداد، نظم و ضبط اور پیشہ ورانہ معیار پر زور دیا ہے،محکمہ دفاع کی بجٹ دستاویزات میں بھی “لیٹیلٹی”، میرٹ، احتساب، معیار اور تیاری کو فوجی ترجیحات کا حصہ قرار دیا گیا ہے
وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق نئے انتخابی معیار نے اس تقریب کو محض ایک تقریر کے بجائے ایسے فوجیوں کی نمائندگی کا موقع بنا دیا ہے جو محکمہ دفاع کی جانب سے مطلوبہ جسمانی اور پیشہ ورانہ معیار کی عملی مثال سمجھے جاتے ہیں






