امریکی رکنِ کانگریس رو کھنہ کا دعویٰ، مغربی کنارے کے دورے کے دوران اسرائیلی آبادکاروں نے حراست میں لیا
امریکی رکنِ کانگریس رو کھنہ نے دعویٰ کیا ہے کہ مغربی کنارے کے دورے کے دوران انہیں اسرائیلی آبادکاروں نے حراست میں لیا، جن کے پاس امریکی ساختہ رائفلیں موجود تھیں۔
ہف پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق کیلیفورنیا سے تعلق رکھنے والے ڈیموکریٹ رکنِ کانگریس رو کھنہ نے کہا کہ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب وہ مغربی کنارے کا دورہ کر رہے تھے، جہاں فلسطینی باشندوں کو آبادکاروں کے حملوں اور کشیدگی کا سامنا رہتا ہے۔
رو کھنہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں الزام عائد کیا کہ اسرائیلی آبادکاروں نے امریکی ساختہ ایم فور رائفلیں اٹھا رکھی تھیں اور انہیں اور دیگر امریکی شہریوں کو روک لیا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب اسرائیلی فوج کے اہلکار موقع پر پہنچے تو ان کا مؤقف تھا کہ فوج نے آبادکاروں کے بجائے ان کے ساتھ تعاون کیا اور حراست کا سلسلہ جاری رہا۔
رو کھنہ نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ واقعہ ان کے لیے 2028 کے صدارتی انتخابات میں حصہ لینے کے امکان پر غور کرنے کی ایک وجہ بن گیا ہے۔ انہوں نے لکھا کہ اس واقعے کے بارے میں مزید بات کی جائے گی۔
مغربی کنارے میں اسرائیلی آبادکاری، فلسطینیوں کے خلاف تشدد کے الزامات اور اسرائیلی فوج کے کردار پر طویل عرصے سے بین الاقوامی سطح پر بحث جاری ہے۔ اسرائیلی حکام ماضی میں بعض الزامات کو مسترد کرتے رہے ہیں اور سکیورٹی خدشات کا حوالہ دیتے ہیں۔
یہ واقعہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب جنوبی لبنان، غزہ اور مغربی کنارے سمیت مشرق وسطیٰ کے کئی علاقوں میں کشیدگی برقرار ہے





