کیٹی پیری کی ویڈیو میں جسٹن ٹروڈو کی مختصر جھلک، ٹرمپ حامیوں کا شدید ردعمل
امریکی گلوکارہ کیٹی پیری کی نئی موسیقی ویڈیو میں کینیڈا کے سابق وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کی چند سیکنڈز کی موجودگی نے سیاسی بحث چھیڑ دی، جس پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حامی حلقوں نے سخت ردعمل ظاہر کیا۔
امریکی ویب سائٹ ہف پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق کیٹی پیری نے اپنے نئے گانے “واچ اٹ برن” کی تشہیری ویڈیو جاری کی، جس میں جسٹن ٹروڈو پس منظر میں چند لمحوں کے لیے نظر آتے ہیں۔ ٹروڈو کیٹی پیری کے ساتھی بھی ہیں اور صدر ٹرمپ کے دیرینہ سیاسی مخالفین میں شمار ہوتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق کیٹی پیری نے مختصر ویڈیو ٹک ٹاک پر جاری کرتے ہوئے لکھا کہ قدیم روایات کے مطابق اگر کوئی اس گانے پر اچھلتے ہوئے رقص کرے تو اسے ایک ہزار سال تک خوش قسمتی حاصل ہوگی۔
اگرچہ ویڈیو میں ٹروڈو کا کردار انتہائی مختصر تھا اور وہ صرف پس منظر میں نظر آئے، لیکن ٹرمپ کے حامیوں اور دائیں بازو سے وابستہ سوشل میڈیا شخصیات نے اس پر فوری ردعمل دیا۔
کچھ ٹرمپ حامی حلقوں نے ویڈیو کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے سیاسی پیغام قرار دیا، جبکہ دیگر نے اسے غیر سنجیدہ اور مذاق کا موضوع بنانے کی کوشش کی۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ ردعمل اس وسیع تر سیاسی تقسیم کی عکاسی کرتا ہے جس میں تفریح، ثقافت اور مشہور شخصیات کی سرگرمیاں بھی اکثر سیاسی بحث کا حصہ بن جاتی ہیں۔
کیٹی پیری اور جسٹن ٹروڈو کی ذاتی قربت پہلے ہی میڈیا کی توجہ حاصل کر چکی ہے، جبکہ ٹروڈو اور ٹرمپ کے درمیان سیاسی اختلافات بھی دونوں ممالک کے تعلقات کے دوران نمایاں رہے ہیں





