کیلیفورنیا کے غریب ترین علاقوں میں ٹرمپ کی مقبولیت کو معاشی بحران کا چیلنج، ڈیموکریٹ ری پبلکن نشست چھیننے کے لیے میدان میں
امریکی ریاست کیلیفورنیا کی وسطی وادی، جہاں بڑھتے ہوئے اخراجات، روزگار کی مشکلات اور سرکاری طبی سہولتوں کے مستقبل پر خدشات نے عوام کو پریشان کر رکھا ہے، نومبر کے وسط مدتی انتخابات سے قبل سخت سیاسی معرکے کا مرکز بن گئی ہے،صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت کرنے والے ووٹرز میں معاشی دباؤ کے باعث بے چینی بڑھ رہی ہے، جبکہ ڈیموکریٹ امیدوار رینڈی ویلیگاس ری پبلکن کانگریس مین ڈیوڈ والاداؤ کو شکست دے کر ان کی نشست حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں
برطانوی اخبار دی گارڈین کی رپورٹ کے مطابق کیلیفورنیا کی وسطی وادی امریکہ کے پسماندہ ترین علاقوں میں شمار ہوتی ہے، جہاں بہت سے خاندانوں کے لیے روزمرہ اخراجات پورے کرنا مشکل ہوتا جارہا ہے،مہنگائی، تعلیم کے اخراجات اور صحت کی سہولتوں تک رسائی کے مسائل نے انتخابی سیاست میں معیشت کو مرکزی حیثیت دے دی ہے
اس صورت حال کی ایک مثال 26 سالہ وینیسا مارٹینیز ہیں، جو پہلے اپنے اخراجات پورے کرنے کے لیے دو ملازمتیں کرتی تھیں، لیکن اب انہیں تین کام کرنا پڑ رہے ہیں،خاندان کی مالی مدد کے بغیر 18 سال کی عمر سے اپنے اخراجات خود اٹھانے والی مارٹینیز نے ہیئر ڈریسر بننے کے لیے کاسمیٹولوجی کی تعلیم حاصل کی،اب وہ جنازوں اور تدفین کے انتظامات سے متعلق شعبے میں کام کرنے کے لیے مزید تعلیم حاصل کررہی ہیں
بال کاٹنے کے علاوہ وہ ایک جنازہ گاہ کے لیے لاشیں منتقل کرنے کا کام کرتی ہیں اور ایک بڑی تعمیراتی کمپنی کو ذیلی ٹھیکے داروں کے انتظام میں بھی مدد دیتی ہیں،اس کے باوجود ان کی آمدنی ضروری اخراجات پورے کرنے کے لیے کافی نہیں،رپورٹ کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے تعلیمی اخراجات کے لیے ملنے والی وہ مالی امداد بھی ختم ہوگئی ہے جس پر انہیں بھروسا تھا، جبکہ سرکاری میڈیکل انشورنس برقرار رہنے کے بارے میں بھی خدشات پیدا ہوگئے ہیں
یہ مشکلات اس وسیع تر سوال کو نمایاں کرتی ہیں کہ آیا ٹرمپ کی حمایت کرنے والے محنت کش طبقے کے ووٹرز معاشی دباؤ کے باوجود ری پبلکن جماعت کے ساتھ کھڑے رہیں گے یا ان میں سے کچھ ڈیموکریٹس کی طرف رخ کریں گے
کانگریس کے موجودہ رکن ڈیوڈ والاداؤ کے مقابلے میں ڈیموکریٹ امیدوار رینڈی ویلیگاس کی مہم کے لیے یہ صورت حال ایک اہم سیاسی موقع بن سکتی ہے،تاہم انتخابی مقابلے کا نتیجہ اس بات پر منحصر ہوگا کہ ووٹرز مہنگائی، روزگار، صحت کی سہولتوں اور وفاقی حکومت کی پالیسیوں کو کس طرح دیکھتے ہیں
کیلیفورنیا کی وسطی وادی کا یہ انتخابی معرکہ اس لیے بھی اہم ہے کہ یہاں معاشی مشکلات محض انتخابی نعروں کا موضوع نہیں بلکہ ان خاندانوں کی روزمرہ زندگی کا حصہ ہیں جنہیں اپنی بنیادی ضروریات پوری کرنے کے لیے مسلسل زیادہ کام کرنا پڑ رہا ہے





