Chief Editor : Mohammad Afaq Farooqi
Contributing Editor : Ahmad Waqas Riaz

امریکی اسکول میں 16 سالہ حملہ آور کی فائرنگ، 3 بچوں اور ایک استاد سمیت 4 افراد ہلاک

امریکی اسکول میں 16 سالہ حملہ آور کی فائرنگ، 3 بچوں اور ایک استاد سمیت 4 افراد ہلاک

امریکی ریاست اوریگن کے شہر بینڈ میں واقع سلور ریل ایلیمنٹری اسکول میں فائرنگ کے واقعے میں 3 بچوں اور ایک استاد سمیت 4 افراد ہلاک ہو گئے، جبکہ ایک 7 سالہ بچہ اور 54 سالہ استاد شدید زخمی ہو گئے پولیس کے مطابق حملہ آور کی عمر 16 سال تھی، جو اسکول میں داخل ہو کر فائرنگ کرنے کے بعد ایک مسلح شہری کی مداخلت کے نتیجے میں ہلاک ہو گیا
یہ واقعہ جمعرات 15 اکتوبر کو پیش آیا۔ پولیس کے مطابق حملہ آور نے اسکول کے بند دروازوں پر فائرنگ کر کے اندر داخل ہونے کا راستہ بنایا اس کے بعد اسکول کے اندر فائرنگ کی اطلاعات موصول ہوئیں اور حکام نے فوری طور پر عمارت کو بند کر کے بچوں اور عملے کو محفوظ رکھنے کی کارروائی شروع کر دی
پولیس چیف مائیک کرانٹز کے مطابق ہلاک ہونے والے بچوں کی عمریں 5، 8 اور 11 سال تھیں۔ فائرنگ کے نتیجے میں ایک استاد بھی جان سے گیا زخمی بچے اور استاد کو تشویش ناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا حکام نے متاثرہ خاندانوں کو اطلاع دے دی ہے، تاہم ہلاک ہونے والوں کے نام فوری طور پر عام نہیں کیے گئے
پولیس کے مطابق ابتدائی ہنگامی اطلاع دوپہر 12 بج کر 59 منٹ پر موصول ہوئی ایک شخص نے اطلاع دی کہ ایک مسلح فرد نے اس کی گاڑی پر کئی مرتبہ فائرنگ کی ہے اس کے بعد اسکول میں حملہ آور کی موجودگی کے بارے میں متعدد ہنگامی کالیں موصول ہوئیں پولیس اہلکار تقریباً 1 بج کر 2 منٹ پر موقع پر پہنچ گئے
حکام کے مطابق ایک مقامی شہری نے حملہ آور کو اسکول میں داخل ہوتے دیکھا اور اس کا تعاقب کرتے ہوئے عمارت کے اندر پہنچ گیا اس شہری نے مسلح حملہ آور کو گولی مار دی، جس کے بعد پولیس نے تصدیق کی کہ وہ ہلاک ہو چکا تھا حکام نے شہری کی شناخت ظاہر نہیں کی اوریگن کی گورنر ٹینا کوٹیک نے اس شہری کی مداخلت کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے مزید جانی نقصان روکنے میں مدد ملی
بینڈ پولیس چیف نے بتایا کہ شہر کے تمام پولیس اہلکاروں کو اگست میں اسکولوں اور دیگر مقامات پر فائرنگ جیسے واقعات سے نمٹنے کی خصوصی تربیت دی گئی تھی ان کے مطابق پولیس ایسے واقعات کے لیے باقاعدگی سے تیاری کرتی ہے، لیکن اس کے باوجود یہ واقعہ انتہائی تکلیف دہ ہے انہوں نے کہا کہ تحقیقات میں وقت لگے گا اور ابھی کئی سوالات کے جواب تلاش کرنا باقی ہیں
سلور ریل ایلیمنٹری اسکول میں کنڈرگارٹن سے پانچویں جماعت تک کے بچے زیر تعلیم ہیں اسکول میں تقریباً 450 طلبہ اور 40 عملے کے ارکان ہیں۔فائرنگ کے بعد والدین بڑی تعداد میں اپنے بچوں کو تلاش کرنے کے لیے جمع ہو گئے حکام نے بچوں کو ایک قریبی چرچ میں منتقل کیا، جہاں والدین اور اہل خانہ کو ان سے ملایا گیا بچوں اور خاندانوں کی مدد کے لیے مقامی حکام نے اضافی امدادی انتظامات بھی شروع کیے
واقعے کے بعد بینڈ کے تمام سرکاری اسکولوں میں جمعے کے روز تدریسی سرگرمیاں منسوخ کر دی گئیں مقامی انتظامیہ نے متاثرہ بچوں، اساتذہ، والدین اور دیگر شہریوں کو نفسیاتی مدد فراہم کرنے کے لیے ماہرین کی خدمات حاصل کرنے کا بھی اعلان کیا امریکی وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی کے اہلکار بھی تحقیقات میں مقامی پولیس کی معاونت کر رہے ہیں
اوریگن کی گورنر ٹینا کوٹیک نے متاثرہ خاندانوں سے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کسی والدین کو اپنے بچے کے بارے میں ایسی خبر نہیں سننی چاہیے اور کسی معاشرے کو اس طرح کے سانحے سے نہیں گزرنا چاہیے انہوں نے زخمیوں کی صحت یابی اور متاثرہ خاندانوں کے لیے ہمدردی کا اظہار کیا
اس واقعے نے امریکہ میں اسکولوں میں فائرنگ اور اسلحے کے قوانین پر بحث کو ایک بار پھر تیز کر دیا ہے امریکہ میں اسلحہ رکھنے کا حق آئین کی دوسری ترمیم کے تحت محفوظ ہے، تاہم اسکولوں میں فائرنگ کے بار بار پیش آنے والے واقعات کے بعد اسلحے تک رسائی محدود کرنے، حفاظتی اقدامات بڑھانے اور تعلیمی اداروں میں مسلح حملوں سے نمٹنے کے طریقوں پر اختلافات برقرار ہیں
حکام نے تاحال حملہ آور کے مقصد یا اسکول سے اس کے تعلق کے بارے میں حتمی معلومات جاری نہیں کیں پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور مزید تفصیلات سامنے آنے کے بعد عوام کو آگاہ کیا جائے گا

قومی خبریں سے مزید