ملائیشیا کے سابق وزیراعظم مہاتیر محمد کی اہلیہ 100 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں
ملائیشیا کے طویل ترین عرصے تک وزیراعظم رہنے والے مہاتیر محمد کی اہلیہ سیتی حسما محمد علی 100 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں،مہاتیر کے دفتر نے پیر کو ان کے انتقال کی تصدیق کی
ریاستی خبر رساں ادارے برناما کے مطابق سیتی حسما نے نیشنل ہارٹ انسٹی ٹیوٹ میں آخری سانس لی،ان کے بیٹے مخزانی مہاتیر نے بھی والدہ کے انتقال کی تصدیق کی، تاہم فوری طور پر موت کی مزید تفصیلات سامنے نہیں آئیں
سیتی حسما اور مہاتیر محمد کی ملاقات 1940 کی دہائی کے اواخر میں سنگاپور کے میڈیکل کالج میں ہوئی تھی،دونوں نے اگست میں اپنی شادی کی 70ویں سالگرہ منائی تھی،ان کے سات بچے ہیں، جن میں کاروباری شخصیت مخزانی، سماجی کارکن مرینا مہاتیر اور سیاست دان مختار مہاتیر شامل ہیں
101 سالہ مہاتیر محمد نے دو مرتبہ ملائیشیا کی وزارت عظمیٰ سنبھالی اور مجموعی طور پر دو دہائیوں سے زیادہ عرصہ ملک کی قیادت کی،ان کے پہلے دور حکومت میں 1981 سے 2003 تک ملائیشیا نے تیز رفتار صنعتی ترقی کی اور جنوب مشرقی ایشیا کی نمایاں معاشی طاقتوں میں شامل ہوا
مہاتیر 2018 میں 92 سال کی عمر میں دوبارہ وزیراعظم بنے اور دنیا کے معمر ترین سربراہ حکومتوں میں شامل ہوئے،ان کی قیادت میں اتحاد نے اس وقت کے وزیراعظم نجیب رزاق کو شکست دی، جن کی حکومت کو اربوں ڈالر کے 1MDB مالیاتی اسکینڈل نے شدید نقصان پہنچایا تھا،تاہم مہاتیر کی دوسری حکومت دو سال سے بھی کم عرصے بعد 2020 میں اتحادی اختلافات کے باعث ختم ہوگئی
سیتی حسما کی وفات کے ساتھ ملائیشیا کی سیاسی تاریخ کی ایک اہم جوڑی میں سے ایک کا 70 سالہ ازدواجی سفر اختتام پذیر ہوگیا





