Chief Editor : Mohammad Afaq Farooqi
Contributing Editor : Ahmad Waqas Riaz

ریپبلکن پارٹی کو اپنے ہی نوجوانوں کا انتباہ: امریکہ بدل چکا ہے، سیاست بھی بدلنا ہوگی

ریپبلکن پارٹی کو اپنے ہی نوجوانوں کا انتباہ: امریکہ بدل چکا ہے، سیاست بھی بدلنا ہوگی

تحریر : آفاق فاروقی
فورٹ ورتھ میں ینگ ریپبلکنز کا حالیہ اجلاس محض انتخابی شکست کا جائزہ نہیں تھا، بلکہ اس جماعت کے اندر سے اٹھنے والی ایک ایسی آواز تھی جسے ریپبلکن قیادت کو سنجیدگی سے سننا چاہیے،یہ آواز کہہ رہی تھی کہ سیاست کو سوشل میڈیا کے میمز، ڈیموکریٹس کا مذاق اڑانے، ذاتی حملوں، بچکانہ جملے بازی اور ہر اختلاف کو دشمنی میں بدل دینے تک محدود نہیں کیا جا سکتا،پارٹی کو سنجیدہ ہونا ہوگا، اپنے طرزِعمل پر نظرثانی کرنا ہوگی اور ان لوگوں کی عزت کرنا سیکھنا ہوگا جن سے اس کے نظریاتی اختلافات ہیں
اس اجلاس میں شریک نوجوان ریپبلکنز نے خاص طور پر اس بات پر زور دیا کہ امیگریشن یا اسقاطِ حمل جیسے معاملات پر کسی کا سیاسی یا مذہبی اختلاف اپنی جگہ، لیکن تارکین وطن اور اسقاطِ حمل کرانے والی خواتین کو تضحیک کا نشانہ بنانا درست نہیں،کسی پالیسی کی مخالفت کا مطلب یہ نہیں کہ اس پالیسی سے متاثر ہونے والے انسان کی عزت بھی ختم ہو جائے،اجلاس میں شریک ایک نوجوان ریپبلکن نے واضح کیا کہ پارٹی کو اپنے اصولوں پر قائم رہتے ہوئے بھی تارکین وطن اور اسقاطِ حمل کرانے والی خواتین کو ایسے انسانوں کے طور پر دیکھنا چاہیے جن کی اپنی قدر و منزلت ہے،یہ محض اخلاقی نصیحت نہیں، امریکی سیاست کے مستقبل سے متعلق ایک اہم سیاسی پیغام بھی ہے،ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق اجلاس میں کئی نوجوانوں نے ٹرمپ طرز کی جارحانہ سیاست، مسلسل تضحیک، میمز اور ذاتی وفاداری کے کلچر سے بیزاری ظاہر کی اور پارٹی کو زیادہ سنجیدہ سیاسی تحریک بنانے کا مطالبہ کیا
ریپبلکن پارٹی کا بنیادی مسئلہ یہ ہے کہ وہ امریکی معاشرے کے بدلتے ہوئے مزاج، اس کی نئی آبادیاتی حقیقتوں اور مختلف نسلی و مذہبی گروہوں کی سیاسی نفسیات کو سمجھنے میں ناکام دکھائی دیتی ہے،سیاست کسی ایک نظریے کو پتھر پر لکیر بنا دینے کا نام نہیں،سیاست کا اصل مفہوم یہ ہے کہ آپ معاشرے کو سمجھیں، لوگوں کی ترجیحات جانیں، اپنے اصولوں کو برقرار رکھتے ہوئے بدلتے ہوئے حالات کے مطابق اپنی حکمت عملی تشکیل دیں اور اختلاف رکھنے والوں کو بھی اپنے ساتھ چلنے کا موقع دیں،جمہوریت اسی عمل سے آگے بڑھتی ہے،جو جماعت معاشرے کو سمجھنے کے بجائے اسے اپنی مرضی کے سانچے میں ڈھالنے پر اصرار کرتی ہے، وہ بالآخر اپنے ووٹرز سے دور ہو جاتی ہے
امیگریشن کے معاملے میں ریپبلکنز کی تاریخ خود ان کے موجودہ سیاسی بیانیے سے ایک بڑا سوال پوچھتی ہے،1986 میں صدر رونالڈ ریگن نے Immigration Reform and Control Act پر دستخط کیے، جس کے نتیجے میں تقریباً 27 لاکھ غیر دستاویزی تارکین وطن کو قانونی حیثیت حاصل کرنے کا راستہ ملا،یہ امریکی تاریخ کے بڑے ترین قانونی حیثیت دینے والے اقدامات میں سے ایک تھا،اس کے بعد صدر جارج ایچ ڈبلیو بش کے دور میں بھی 1986 کے قانون کے تحت قانونی حیثیت حاصل کرنے والے افراد کے اہل خانہ کے لیے مزید سہولتیں فراہم کی گئیں،اس لیے یہ کہنا درست نہیں ہوگا کہ امریکہ میں امیگریشن کے بڑے قانونی اقدامات صرف ڈیموکریٹ حکومتوں نے کیے؛ ریپبلکن صدور بھی اس تاریخ کا اہم حصہ ہیں
آج اسی پارٹی کی سیاست میں امیگریشن کو اس انداز سے پیش کیا جاتا ہے جیسے تارکین وطن امریکی معاشرے کے لیے کوئی بیرونی خطرہ ہوں،حالانکہ امریکہ کی معاشی، سماجی، ثقافتی اور آبادیاتی ترقی میں تارکین وطن کا بنیادی کردار ہے،یہ ملک اپنی تاریخ کے ہر دور میں دنیا کے مختلف خطوں سے آنے والے لوگوں کی محنت، صلاحیت اور کاروباری جدوجہد سے مضبوط ہوا ہے،امریکہ کو تارکین وطن کی سرزمین کہنا محض ایک خوب صورت نعرہ نہیں، یہ اس ملک کی تاریخی حقیقت ہے،اس حقیقت کو سیاسی خوف میں تبدیل کرنا بالآخر خود امریکہ کے مفاد کے خلاف جا سکتا ہے
یہاں یہ بھی سمجھنے کی ضرورت ہے کہ تارکین وطن کی بڑی تعداد روزگار، بہتر مستقبل اور اپنے خاندانوں کی معاشی حالت بہتر بنانے کے لیے ہجرت کرتی ہے، میکسیکو، بھارت، پاکستان، عرب ممالک اور دنیا کے دوسرے خطوں سے آنے والے بہت سے لوگ اپنے ملکوں میں معاشی مواقع محدود ہونے کے باعث امریکہ کا رخ کرتے ہیں،ان میں مذہبی رجحان رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد بھی شامل ہے،مذہب، خاندانی اقدار اور روایتی معاشرتی تصورات ان کی زندگی کا حصہ ہوتے ہیں، لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ وہ جدید امریکی معاشرے میں شامل نہیں ہونا چاہتے،وہ مسجد یا مندر بھی جاتے ہیں، چرچ سے بھی وابستہ ہو سکتے ہیں، اپنے بچوں کو مذہبی تعلیم بھی دیتے ہیں اور ساتھ ہی امریکی کاروبار، تعلیم، ملازمت، سیاست اور شہری زندگی میں بھرپور حصہ بھی لینا چاہتے ہیں
یہی وہ سماجی حقیقت ہے جسے سیاسی جماعتوں کو سمجھنا چاہیے،کسی شخص کا مذہبی ہونا لازماً اس بات کا ثبوت نہیں کہ وہ جدید زندگی، جمہوریت، تعلیم، ٹیکنالوجی یا معاشرتی آزادیوں کا مخالف ہے،ایک مسلمان اپنے مذہب پر عمل کرتے ہوئے امریکی شہری زندگی کا فعال حصہ بن سکتا ہے،ایک ہندو اپنی مذہبی روایات برقرار رکھتے ہوئے امریکی سیاست اور معیشت میں اپنا کردار ادا کر سکتا ہے،ایک لاطینی امریکی کیتھولک یا ایونجیلیکل مسیحی ہونے کے ساتھ جدید امریکی طرزِ زندگی بھی اپنا سکتا ہے،مذہبی شناخت اور جدید معاشرتی زندگی ایک دوسرے کی ضد نہیں ہیں
پیُو ریسرچ سینٹر کے 2023-24 کے اعدادوشمار اس حقیقت کی ایک جھلک دکھاتے ہیں،امریکہ میں لاطینی بالغ آبادی کے 42 فیصد افراد کیتھولک ہیں، 17 فیصد ایونجیلیکل پروٹسٹنٹ ہیں، جبکہ 27 فیصد خود کو کسی مذہب سے وابستہ نہیں سمجھتے،ایک الگ سروے میں 83 فیصد لاطینی امریکیوں نے خدا پر یقین ظاہر کیا اور 40 فیصد نے کہا کہ مذہب ان کی زندگی میں بہت اہم ہے،یہ اعدادوشمار بتاتے ہیں کہ لاطینی آبادی میں مذہب اب بھی ایک نمایاں سماجی قوت ہے، اگرچہ اس آبادی کے اندر مذہبی رجحانات یکساں نہیں
مسلمان امریکیوں کے معاملے میں بھی سیاسی جماعتوں کو نعروں اور مفروضوں کے بجائے زمینی حقیقتوں کو سمجھنا ہوگا،امریکہ کی مساجد صرف عبادت گاہیں نہیں رہیں،بہت سی مساجد کمیونٹی کی سماجی سرگرمیوں، تعلیمی پروگراموں، فلاحی کاموں، شہری مسائل اور سیاسی آگاہی کے مراکز بھی بن چکی ہیں،تاہم ان اداروں کی رکنیت کو پوری مسلم آبادی کا پیمانہ سمجھنا درست نہیں،مثال کے طور پر ہیوسٹن کی Islamic Society of Greater Houston کے تقریباً 8 ہزار ارکان کا حوالہ دیا جاتا ہے، لیکن کسی ایک ادارے کی رکنیت سے شہر یا پورے خطے میں مسلمانوں کی مجموعی تعداد متعین نہیں کی جا سکتی،بڑی تعداد میں مسلمان ایسے بھی ہیں جو کسی مسجد یا تنظیم کے باقاعدہ رکن نہیں، لیکن اپنی کمیونٹی، مذہبی شناخت اور شہری معاملات سے گہرا تعلق رکھتے ہیں
ٹیکساس اس تبدیلی کو سمجھنے کے لیے ایک اہم مثال ہے،یہ ریاست صرف روایتی امریکی آبادی کا مرکز نہیں رہی، بلکہ گزشتہ برسوں میں ملک کے مختلف حصوں اور بیرون ملک سے آنے والے لوگوں کی منزل بن چکی ہے،ہیوسٹن، ڈیلاس، فورٹ ورتھ اور سینٹ انتینو ، آسٹن اور ان کے گرد پھیلتے ہوئے مضافاتی علاقوں میں جنوبی ایشیائی، مشرقِ وسطیٰ، لاطینی اور دیگر تارکین وطن کی آبادیاں بڑھ رہی ہیں،ٹیکساس ڈیموگرافک سینٹر کے مطابق ریاست کی آبادی 2025 میں تقریباً 3 کروڑ 17 لاکھ تھی اور ادارے کے تخمینے کے مطابق 2030 تک یہ بڑھ کر تقریباً 3 کروڑ 35 لاکھ ہو سکتی ہے،اس تبدیلی کا مطلب یہ ہے کہ ریاست کی سیاست، کاروبار، اسکولوں، عبادت گاہوں اور مقامی حکومتوں کی ترجیحات بھی بدلیں گی
ریپبلکنز کے لیے خاص طور پر تشویش کی بات یہ ہے کہ ٹیکساس جیسے روایتی طور پر مضبوط ریپبلکن علاقے میں بھی آبادیاتی تبدیلی سیاسی نتائج پر اثر انداز ہو رہی ہے،جب کسی جماعت کی انتخابی بنیاد میں مختلف نسلی اور مذہبی گروہوں کے ووٹ اہم ہوں تو ان گروہوں کو مستقل طور پر شک، خوف یا تضحیک کی نگاہ سے دیکھنا سیاسی طور پر خودکشی کے مترادف ہو سکتا ہے،مسلمانوں کے خلاف اینٹی شریعہ مہمات اور سیاسی بیانات، لاطینی تارکین وطن کو اجتماعی طور پر مشتبہ بنانے کا رجحان اور امیگریشن کو ایک مسلسل ثقافتی جنگ میں بدل دینا ایسے عوامل ہیں جو ان کمیونٹیز کو ریپبلکن پارٹی سے دور کر سکتے ہیں
اس کے باوجود یہ سمجھنا بھی غلط ہوگا کہ مسلمان، ہندو یا لاطینی امریکی کسی ایک سیاسی جماعت کے مستقل ووٹر ہیں،ان کے اندر بھی نظریاتی، معاشی، مذہبی اور نسلی بنیادوں پر اختلافات موجود ہیں،مسلمان امریکیوں کی سیاسی ترجیحات بھی وقت اور حالات کے ساتھ تبدیل ہوتی رہی ہیں،2024 کے انتخابات کے بارے میں کونسل آن امریکن اسلامک ریلیشنز کے اپنے ایگزٹ پول میں قومی سطح پر 21.4 فیصد مسلمان ووٹروں نے ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت کی، جبکہ 53.2 فیصد نے جل اسٹین اور 20.3 فیصد نے کملا ہیرس کو ووٹ دینے کی اطلاع دی،مشیگن کے اسی سروے میں ٹرمپ کو 22.4 فیصد، جل اسٹین کو 59.1 فیصد اور ہیرس کو 14.3 فیصد ووٹ ملے،یہ سروے کسی سرکاری انتخابی گنتی کا متبادل نہیں، لیکن اس سے یہ ضرور ظاہر ہوتا ہے کہ مسلم ووٹرز کی بڑی تعداد نے اپنی ناراضگی اور ترجیحات کا اظہار روایتی دو جماعتی انتخاب سے ہٹ کر کیا
یہاں ڈیموکریٹس کے لیے بھی ایک اہم سبق موجود ہے،انہیں یہ نہیں سمجھنا چاہیے کہ ریپبلکنز سے ناراض ہونے والا ہر مسلمان، لاطینی یا ایشیائی ووٹر خود بخود ڈیموکریٹ بن جائے گا،ووٹ کسی جماعت کی ملکیت نہیں ہوتے،ڈیموکریٹس کو بھی ان کمیونٹیز کے معاشی مسائل، مذہبی آزادی، تعلیم، صحت، کاروبار، امیگریشن اور خارجہ پالیسی سے متعلق تحفظات کو سننا اور ان کے لیے عملی کام کرنا ہوگا،محض انتخابی موسم میں کمیونٹی سینٹرز اور مساجد کے دورے کافی نہیں ہوں گے،مستقل سیاسی رابطہ، قابلِ اعتبار قیادت اور پالیسیوں میں ان کی حقیقی شمولیت ضروری ہے
نائن الیون سے پہلے بھی مسلمان امریکی ووٹرز کسی ایک جماعت کے ساتھ مکمل طور پر منسلک نہیں تھے،مختلف انتخابات میں ان کی حمایت امیدواروں، مقامی حالات اور قومی پالیسیوں کے مطابق تبدیل ہوتی رہی،اس لیے کسی بھی جماعت کے لیے یہ فرض کر لینا خطرناک ہے کہ مذہبی شناخت رکھنے والے ووٹر لازماً اس کے مخالف یا حامی ہوں گے،2016 اور 2024 کے انتخابات نے بھی واضح کیا کہ مسلمان ووٹرز کے اندر مختلف سیاسی رجحانات موجود ہیں،جب کسی کمیونٹی کو یہ احساس ہو کہ اس کے خدشات کو سنا نہیں جا رہا، اس کی مذہبی شناخت کو سیاسی ہتھیار بنایا جا رہا ہے یا اسے اجتماعی طور پر مشکوک قرار دیا جا رہا ہے تو وہ اپنے ووٹ کے ذریعے اس رویے کا جواب دے سکتی ہے
امیگریشن کے معاملے میں ایک اور بنیادی فرق کو بھی سمجھنا ہوگا،سنگین جرائم میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی اور ملک بدری کی حمایت بہت سے تارکین وطن بھی کرتے ہیں،لیکن کسی فرد کے سنگین جرم کو پوری قومیت، مذہب یا تارکین وطن کی پوری آبادی کے خلاف دلیل بنا دینا انصاف نہیں،معمولی جرائم، انتظامی خلاف ورزیوں اور سنگین جرائم میں قانونی فرق موجود ہے،اسی طرح کسی شخص پر الزام لگنا اور عدالت سے جرم ثابت ہونا دو الگ باتیں ہیں،امریکی نظامِ انصاف کا بنیادی اصول بھی یہی ہے کہ ہر فرد کے معاملے کو شواہد اور قانون کی بنیاد پر دیکھا جائے، نہ کہ اس کی زبان، رنگ، مذہب یا آبائی ملک کی بنیاد پر
امریکہ میں تعصب کا وجود بھی کوئی نئی بات نہیں،کوئی معاشرہ تعصبات سے مکمل طور پر پاک نہیں ہوتا،مسلمانوں کے خلاف تعصب ہو سکتا ہے، مسیحیوں کے خلاف بھی، ہندوؤں کے خلاف بھی، اور مختلف ملکوں میں مذہبی اقلیتوں کو نشانہ بنایا جاتا ہے،بھارت میں مسیحیوں اور مسلمانوں کے خلاف تشدد کے واقعات ہوں یا پاکستان میں مذہبی اقلیتوں کو درپیش مسائل، یہ سب اس بات کی یاد دہانی ہیں کہ مذہبی شناخت کو سیاسی نفرت کا ذریعہ بنانا کسی ایک ملک تک محدود نہیں،امریکہ کی اصل طاقت یہ ہونی چاہیے کہ وہ ان غلطیوں سے خود کو بچائے اور ہر شہری کو برابر کا احترام اور قانونی تحفظ فراہم کرے
ریپبلکن پارٹی کے لیے مسئلہ صرف یہ نہیں کہ اس نے بعض کمیونٹیز کے ووٹ کھو دیے ہیں،اصل مسئلہ یہ ہے کہ اس نے اپنے نظریاتی دائرے کو اتنا محدود کر لیا ہے کہ اس کے اندر مختلف مزاج، ثقافت اور پس منظر رکھنے والے شہریوں کے لیے جگہ کم ہوتی جا رہی ہے،ایک جماعت اگر صرف اپنے سب سے جارحانہ اور بلند آواز حلقے کو خوش کرنے کے لیے سیاست کرے تو وہ خاموش اکثریت، نوجوان نسل اور نئے ووٹرز سے رابطہ کھو سکتی ہے،فورٹ ورتھ کے اجلاس میں نوجوان ریپبلکنز کی تنقید اسی بحران کی نشاندہی کرتی ہے،ان کا کہنا تھا کہ پارٹی کو ایک شخص سے غیر مشروط وفاداری کے بجائے واضح نظریاتی پلیٹ فارم، معاشی مسائل کے حل، بہتر قیادت اور سنجیدہ سیاسی طرزِعمل کی طرف واپس جانا چاہیے
اس تناظر میں 2024 کے انتخابات کا ایک پہلو بھی اہم ہے،ڈونلڈ ٹرمپ نے مشیگن میں عرب اور مسلمان ووٹروں کے ایک حصے کی حمایت حاصل کی تھی، مگر اس حمایت کو مستقل سیاسی وابستگی سمجھ لینا درست نہیں تھا،غزہ کی جنگ، امریکی خارجہ پالیسی اور دیگر معاملات پر ناراضگی نے مسلم ووٹروں کے ایک بڑے حصے کو ڈیموکریٹس سے دور کیا، لیکن اس کا مطلب یہ نہیں تھا کہ وہ ہر معاملے پر ریپبلکنز کے ساتھ کھڑے ہو گئے،2024 کے بعد بھی اس کمیونٹی کے اندر سیاسی اختلافات برقرار رہے،اگر کسی جماعت کو عارضی ناراضگی کے نتیجے میں ووٹ مل جائے تو اسے مستقل حمایت میں بدلنے کے لیے احترام، اعتماد اور پالیسی کی ضرورت ہوتی ہے، محض انتخابی وعدوں کی نہیں
سیاست دراصل لوگوں کو قریب لانے کا فن ہے،اگر ریپبلکن پارٹی یہ سمجھتی ہے کہ امریکہ کی بدلتی ہوئی آبادی کو خوف، دھمکی، تضحیک اور ثقافتی محاذ آرائی کے ذریعے اپنے سے دور رکھا جا سکتا ہے تو وہ ایک بڑی غلطی کر رہی ہے،جو خاندان 40 یا 50 سال سے امریکہ میں رہ رہے ہیں، جن کے بچے یہیں پیدا ہوئے، جنہوں نے کاروبار قائم کیے، ٹیکس ادا کیے، ملازمتیں پیدا کیں اور اپنی کمیونٹیز کو مضبوط کیا، انہیں محض ان کے مذہب یا آبائی ملک کی وجہ سے اجنبی محسوس کرانا کسی بھی سیاسی جماعت کے لیے دانش مندی نہیں
جمہوریت کا بنیادی اصول یہ ہے کہ اقتدار ووٹ سے ملتا ہے اور ووٹرز کی رائے کو پالیسی سازی میں اہمیت دی جاتی ہے،اگر کسی جماعت کو مختلف کمیونٹیز کے ووٹ درکار ہیں تو اسے ان کے مسائل سننے، ان کے تحفظات سمجھنے اور ان کے ساتھ کام کرنے کے لیے تیار ہونا ہوگا،کوئی جماعت یہ توقع نہیں کر سکتی کہ وہ ایک طرف لوگوں کی مذہبی شناخت کا مذاق اڑائے، ان کے خلاف خوف پیدا کرے، انہیں اجتماعی طور پر مشتبہ قرار دے اور دوسری طرف انتخابات میں ان سے حمایت کی امید بھی رکھے
فورٹ ورتھ کے نوجوان ریپبلکنز نے اپنی جماعت کو جو پیغام دیا ہے، وہ دراصل امریکی سیاست کے لیے ایک وسیع تر اصول کی یاد دہانی ہے،اختلاف کیجیے، مگر تضحیک نہ کیجیے؛ اپنے نظریات پر قائم رہیے، مگر معاشرے کی حقیقتوں سے آنکھیں بند نہ کیجیے،قانون نافذ کیجیے، مگر کسی پوری قوم یا مذہب کو مجرم نہ بنائیے،ریپبلکن پارٹی کو یہ سمجھنا ہوگا کہ امریکہ کی آبادی بدل رہی ہے، اس کی ثقافت میں نئے رنگ شامل ہو رہے ہیں اور آنے والے برسوں میں سیاسی کامیابی اسی جماعت کو ملے گی جو اس تنوع کو خطرہ نہیں بلکہ اپنی جمہوری طاقت سمجھے گی
امریکہ کو اس کے تارکین وطن نے بھی بنایا ہے اور یہی تارکین وطن آج اس کی معیشت، آبادی اور مستقبل کا حصہ ہیں،اس ملک کو اس کے اپنے ہاتھوں سے بنایا گیا ایک ایسا گھر سمجھنا چاہیے جس میں مختلف زبانوں، مذاہب اور ثقافتوں کے لوگ رہتے ہیں،اس گھر کو مضبوط رکھنے کا راستہ دیواریں اونچی کرنے، لوگوں کو خوفزدہ کرنے یا ان کی تضحیک کرنے سے نہیں، بلکہ انصاف، احترام اور سیاسی شمولیت سے نکلتا ہے،ریپبلکنز اگر یہ سبق نہیں سیکھتے تو ان کی انتخابی شکستیں محض ایک انتخاب کا نتیجہ نہیں رہیں گی، بلکہ ایک بدلتے ہوئے امریکہ کو نہ سمجھ پانے کی طویل سیاسی قیمت بن سکتی ہیں

قومی خبریں سے مزید