Chief Editor : Mohammad Afaq Farooqi
Contributing Editor : Ahmad Waqas Riaz

خاندانی ناراضگی ختم کرنے کے چار طریقے، برسوں سے خاموش رشتوں میں دوبارہ محبت اور رابطے کی بحالی کیسے ممکن ہے؟

خاندانی ناراضگی ختم کرنے کے چار طریقے، برسوں سے خاموش رشتوں میں دوبارہ محبت اور رابطے کی بحالی کیسے ممکن ہے؟

خاندان کے رشتے زندگی کے سب سے مضبوط اور گہرے تعلقات تصور کیے جاتے ہیں، لیکن بعض اوقات معمولی اختلافات، تلخ جملے، پرانے زخم، انا اور غلط فہمیاں ایسے فاصلے پیدا کر دیتی ہیں کہ برسوں ایک ہی خاندان کے افراد ایک دوسرے سے بات تک نہیں کرتے،والدین اور بچوں، بہن بھائیوں یا دوسرے قریبی رشتہ داروں کے درمیان خاموشی بعض اوقات اتنی طویل ہو جاتی ہے کہ دونوں جانب صلح کی خواہش ہونے کے باوجود پہل کرنے کا حوصلہ نہیں ہوتا
وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے مطابق، ایسے ٹوٹے یا کشیدہ خاندانی تعلقات کو بحال کرنے کے لیے جذباتی ردعمل کے بجائے تحمل، حقیقت پسندی اور سوچ سمجھ کر رابطہ بحال کرنے کی کوشش ضروری ہے،رشتوں میں پیدا ہونے والی دوری ہمیشہ مستقل نہیں ہوتی، لیکن اس کے خاتمے کے لیے دونوں فریقوں کے جذبات، ماضی کے تجربات اور ایک دوسرے کی حدود کو سمجھنا ضروری ہے
خاندانی تعلقات پر تحقیق کرنے والے کارنیل یونیورسٹی کے ماہر سماجیات کارل پِلّیمر نے سینکڑوں ایسے خاندانوں کا جائزہ لیا جن کے افراد برسوں ایک دوسرے سے دور رہے، لیکن بعد میں دوبارہ تعلقات قائم کرنے میں کامیاب ہوئے،ان کے تجربات کی روشنی میں چار بنیادی طریقے سامنے آئے ہیں
پہلا طریقہ یہ ہے کہ صلح کے لیے پہلے دوسرے فرد سے معافی مانگنے یا اس کی غلطی تسلیم کرنے کی شرط نہ رکھی جائے،اکثر دونوں فریق اس انتظار میں رہتے ہیں کہ پہل دوسرا کرے، نتیجتاً خاموشی مزید طویل ہو جاتی ہے،بعض اوقات تعلق بحال کرنے کے لیے کسی ایک فرد کا پہل کرنا ہی سب سے اہم قدم ثابت ہوتا ہے
دوسرا طریقہ یہ ہے کہ تنازعہ کو صرف ایک شخص کی غلطی قرار دینے کے بجائے اسے تعلقات کا مشترکہ مسئلہ سمجھا جائےاس کا مطلب یہ نہیں کہ کسی کی زیادتی یا غلط رویے کو نظرانداز کیا جائے، بلکہ یہ سمجھنے کی کوشش کی جائے کہ اختلاف کس طرح بڑھا، دونوں فریقوں کے درمیان رابطہ کیوں ختم ہوا اور اس صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے کیا کیا جا سکتا ہے
تیسرا طریقہ یہ ہے کہ خاندان کے افراد کی شخصیت، مزاج اور کمزوریوں کو حقیقت پسندانہ انداز میں قبول کیا جائے،ہر رشتہ دار اپنی سوچ اور رویے میں تبدیلی لانے کے لیے تیار نہیں ہوتا،کسی کی حدود اور خامیوں کو سمجھنے کا مطلب اس کے نقصان دہ رویے کو برداشت کرنا نہیں، بلکہ غیر حقیقی توقعات سے نکل کر اپنے لیے مناسب حدود قائم کرنا ہے
چوتھا طریقہ یہ ہے کہ ماضی کے تنازعات سے اپنی ذات کی اصلاح اور جذباتی نشوونما کا موقع تلاش کیا جائے،پرانی ناراضگی کو بار بار دہرانے اور ذہنی طور پر اسی میں الجھے رہنے کے بجائے انسان یہ سوچ سکتا ہے کہ اس تجربے نے اسے کیا سکھایا، وہ اپنے رویے میں کیا تبدیلی لا سکتا ہے اور مستقبل میں رشتوں کو کس طرح بہتر بنا سکتا ہے
ماہرین کے مطابق خاندان کے کسی فرد سے تعلق بحال کرنے کی کوشش ہمیشہ کامیاب نہیں ہوتی اور بعض حالات میں، خصوصاً تشدد، بدسلوکی یا مسلسل نقصان دہ رویوں کی صورت میں، فاصلے برقرار رکھنا ہی ضروری ہوتا ہے،تاہم جہاں صلح کی گنجائش موجود ہو، وہاں ماضی کی تلخیوں سے آگے بڑھنے، توقعات میں لچک پیدا کرنے اور ایک چھوٹے سے رابطے سے آغاز کرنے پر برسوں سے ٹوٹا رشتہ دوبارہ زندہ ہو سکتا ہے،بعض اوقات ایک مختصر پیغام، ایک فون کال یا دل سے کی گئی گفتگو خاندان کے افراد کے درمیان برسوں کی خاموشی ختم کرنے کا آغاز بن جاتی ہے

قومی خبریں سے مزید