پاکستان میں آٹے کا بحران سنگین، 20 کلو تھیلے کی قیمت 3,800 روپے تک پہنچ گئی ، حکومت گندم درآمد کرنے کا حکم
اسلام آباد: پاکستان میں مہنگائی کے ہاتھوں پہلے ہی پریشان عوام کے لیے آٹے کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ ایک نیا بحران بن گیا ہے،ملک کے بڑے شہروں میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 3,800 روپے تک فروخت ہونے کی شکایات سامنے آ رہی ہیں، جبکہ سرکاری اعدادوشمار کے مطابق بھی کئی شہروں میں آٹے کی قیمتیں انتہائی بلند سطح پر پہنچ چکی ہیں،سوشل میڈیا پر صارفین نے آٹے کی قیمتوں میں اضافے پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے سوال اٹھایا ہے کہ عام آدمی اپنی بنیادی خوراک بھی کیسے خریدے
پاکستان بیورو آف اسٹیٹسٹکس کے اعدادوشمار کے مطابق 19 نومبر کو ختم ہونے والے ہفتے میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی ملک بھر میں اوسط قیمت 3,100 روپے سے تجاوز کر گئی تھی،اسلام آباد میں اوسط قیمت 3,585 روپے، راولپنڈی میں 3,106 روپے اور لاہور میں 2,551 روپے ریکارڈ کی گئی۔ یوں 3,800 روپے کی قیمت بعض مارکیٹوں میں ہونے والی فروخت کی اطلاعات سے مطابقت رکھتی ہے
آٹے کی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ پنجاب میں گندم کے سرکاری ذخائر اور حکومتی پالیسی بھی شدید تنقید کی زد میں ہے،پنجاب اسمبلی کے حالیہ اجلاس میں اپوزیشن ارکان نے الزام لگایا کہ حکومت نے گزشتہ سیزن میں کسانوں سے گندم کی سرکاری خریداری نہیں کی، جس سے کاشت کاروں کو شدید مالی نقصان پہنچا اور گندم کی کاشت کے مستقبل پر بھی سوالات کھڑے ہوگئے،وزیر خوراک سلمیٰ بٹ نے حکومتی پالیسی کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت نے گزشتہ دور کے مقابلے میں گندم کی درآمد محدود رکھی اور سرکاری قیمتوں کے ذریعے آٹے کی فراہمی برقرار رکھنے کی کوشش کی
حکومت نے اب آٹے کی بڑھتی قیمتوں پر قابو پانے کے لیے سرکاری گندم کی فراہمی دگنی کرنے کا فیصلہ کیا ہے،پنجاب میں سرکاری گندم کی قیمت 4,500 روپے فی 40 کلو مقرر کی گئی ہے جبکہ سرکاری گندم سے تیار کردہ 10 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 1,275 روپے رکھی گئی ہے،26 نومبر کو پنجاب حکومت نے اعلان کیا کہ روزانہ تقریباً 7 لاکھ 10 کلو کے آٹے کے تھیلے مارکیٹ میں فراہم کیے جا رہے ہیں اور سرکاری آٹا 127 روپے فی کلو دستیاب ہے
دوسری جانب گندم کی درآمد دوبارہ شروع کرنے کی ضرورت بھی سامنے آ رہی ہے،25 نومبر کی ایک رپورٹ کے مطابق رومانیہ سے گندم کی پانچ کھیپوں کے ذریعے 273,603 ٹن گندم پاکستان پہنچ چکی ہے جبکہ حکومت نے مزید 800,000 ٹن گندم درآمد کرنے کے لیے بین الاقوامی ٹینڈر بھی جاری کیا ہے
حکومت کی جانب سے کسانوں کو مناسب قیمت اور سرکاری خریداری کی ضمانت نہ دینے کی پالیسی پر بھی سوالات اٹھ رہے ہیں،کسانوں کا مؤقف ہے کہ جب انہیں اپنی پیداوار کی مناسب قیمت نہیں ملتی اور کھاد، ڈیزل، بیج اور بجلی کے اخراجات بڑھتے رہتے ہیں تو گندم کی کاشت ان کے لیے نقصان کا سودا بن جاتی ہے،اب صورتحال یہ ہے کہ ایک طرف کسان گندم کی کاشت کے معاشی مستقبل سے پریشان ہیں تو دوسری طرف شہری مہنگے داموں آٹا خریدنے پر مجبور ہیں
پاکستان میں گندم اور آٹے کا موجودہ بحران محض قیمتوں میں اضافے کا معاملہ نہیں بلکہ زرعی پالیسی، کسانوں کے معاشی تحفظ، سرکاری ذخائر اور غذائی تحفظ کے نظام کی ناکامی سے متعلق بنیادی سوالات بھی اٹھا رہا ہے







