Chief Editor : Mohammad Afaq Farooqi
Contributing Editor : Ahmad Waqas Riaz

پاکستان کا ہچکولے کھاتا سیاسی نظام

“پاکستان کا ہچکولے کھاتا سیاسی نظام “۔

خصوصی تجزیہ: احمد وقاص ریاض

پاکستان میں سیاسی حکومت کے پہلے چند سال سکون سے گزرتے ہیں اور پھر تمام سیاسی نظام ہچکولے کھانے لگتا ہے۔ عمران خان کو حکومت میں آئے تین سال ہوئے تھے کہ اچانک تمام سیاسی اور غیر سیاسی طاقتیں انکی حکومت گرانے کیلئے متحرک ہو گئیں۔ وزیر اعظم عمران خان کی حکومت گرانے کی وجہ انکی خارجہ پالیسی تھی ، بیرونی پریشر تھا ، حد سے بڑھی خود اعتمادی تھی ، انکا اُسوقت کے آرمی چیف قمر جاوید باجوہ کو دوسری ایکسٹینشن سے انکار تھا یا شاید یہ تمام عوامل تھے؟ عمران خان کو فارغ کرنے کے بعد ملک میں کیئر ٹیکر سیٹ اپ لایا گیا جو تین ماہ کے بجائے تقریباً دو سال رہا جسکے بعد 2024 میں عام انتخابات منعقد ہوئے جس میں کوئی بھی جماعت اکثریت حاصل نہ کر سکی ۔ پاکستان تحریک انصاف جس سے انتخابی نشان لے لیا گیا تھا اور اسکے چیئرمین سابق وزیر اعظم عمران خان اور انکے ساتھیوں کو مختلف مقدمات میں سزائیں سنا کر پابند سلاسل کر دیا تھا انکی جماعت کے حمایت یافتہ آزاد امیدواروں نے سب سے زیادہ نشستیں حاصل کیں مگر دوسرے اور تیسرے نمبر پر آنے والی جماعتوں کے اتحاد سے مسلم لیگ کی حکومت بنا دی گئی جسمیں اتحادی جماعت پیپلز پارٹی کو صدر مملکت سمیت چند بڑے آئینی عہدے مل گئے، جبکہ چند چھوٹی جماعتوں کو بھی ایکوموڈیٹ کر دیا گیا۔ پاکستان کے موجودہ وزیر اعظم شہباز شریف کو اقتدار میں آئے تین سال ہونے کو ہیں ، انکی بھتیجی مریم نواز پنجاب کی وزیر اعلیٰ ہیں ، سندھ میں پیپلز پارٹی راج کر رہی ہے جبکہ دو صوبوں میں فوج دہشت گردوں کیخلاف آپریشن کر رہی ہے ۔ چند ماہ قبل تک حالات بظاہر نارمل تھے، اتحادی باہم شیر و شکر تھے، اپوزیشن مایوسی اور تھکن کا شکار نظر آتی تھی مگر اچانک پورے ملک میں حالات تبدیل ہونے شروع ہو گئے ۔ مقتدرہ نے اپنے ہی لائے سسٹم اور حکومت میں موجود اتحادیوں پر بالواسطہ اعتراضات شروع کر دیے ہیں اور اپنے قریبی لوگوں کے ذریعے سسٹم کی تبدیلی اور نئے صوبوں یا انتظامی یونٹس قائم کرنے کے اشارے دینے شروع کر دیئے ہیں۔ مولانا فضل الرحمان ، اختر مینگل ، محمود اچکزئی اور بلاول بھٹو زرداری نے موجودہ سسٹم اور حکومت پر عدم اعتماد کرتے ہوئے اپوزیشن رہنما عمران خان کو سیاسی نظام میں شامل کرنے کا مطالبہ کر دیا۔ مسلم لیگ ن بھی اپنے اقتدار کو خطرے میں دیکھ کر آئندہ کی حکمت عملی طے کر رہی ہے جبکہ نواز لیگ کے چند ارکان الگ اڑان بھرنے کی تیاری میں ہیں ۔ ان اہم سیاسی راہنماؤں کے بیانات اور مطالبات کے پیچھے انکے اپنے سیاسی عزائم ہیں یا وہ موجودہ حالات سے دل برداشتہ ہیں کچھ کہنا مشکل ہے ۔ دوسری طرف مقتدرہ کی فرسٹریشن کی وجوہات میں جائیں تو ملکی معیشت کی زبوں حالی، تحریک انصاف کے بیانئے کو کنٹرول کرنے میں ناکامی، کرپشن اور بیڈ گورنس کے الزامات، عوام کا حکومت پر عدم اعتماد ، دہشت گردی اور بدلتے عالمی حالات سمیت دوسرے عوامل شامل ہیں۔ مقتدرہ ان حالات میں جب ملکی سالمیت اور قومی یکجہتی کو خطرات درپیش ہیں متبادل بندوبست پر غور و خوض کر رہی ہے۔ قومی سلامتی کے ذمہ دار حلقوں کو یقیناً اس بات کا ادراک ہو گا کہ ہم داخلی اور بیرونی معاملات میں کس حد تک الجھ چکے ہیں۔ ہمارا معاشرہ اسوقت تقسیم کا شکار ہے، صوبوں کے عوام غیر مطمئن ہیں اور تقریباً تمام سیاسی قوتیں جو حکومت یا اپوزیشن میں ہیں بڑی حد تک اس افراتفری ، بد نظمی اور بے چَینی کا ذمہ دار مقتدرہ کو گردانتے ہیں۔ بیرونی معاملات بھی تبدیل ہو رہے ہیں، ہماری سرحدوں کو غیر محفوظ کیا جا رہا ہے، ماضی کے حلیف نئی صف بندیاں کر رہے ہیں، تجارتی مواقع کم ہو رہے ہیں، قرضوں کی شرائط سخت ہوتی جا رہی ہیں اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ہمارے لئے پریشانی کا باعث بننے والی ہیں ۔ ان حالات میں ملک کے تمام سٹیک ہولڈرز کو سنجیدگی سے اندرونی و بیرونی حالات کا مقابلہ کرنے کیلئے ایسا ماحول اور سیٹ اپ لانے پر غور کرنا چاہیے جسمیں تمام صوبوں اور تمام جماعتوں کے حقیقی نمائندوں کو جو آئین پاکستان کی پاسداری پر یقین رکھتے ہیں انکے جائز حصّے کے مطابق اقتدار سونپ دیا جانا چاہیے، اور اگر فوری ممکن نہیں تو بتدریج اس طرف جایا جا سکتا ہے۔

قومی خبریں سے مزید