یورپ میں دائیں بازو کی انتہا پسند جماعتوں کی اقتدار پر نظریں، آئندہ 12 ماہ میں نصف سے زیادہ یورپی ووٹر انتخابات میں حصہ لیں گے، فرانس، اسپین اور پولینڈ میں سیاسی نقشہ بدلنے کا امکان
لندن: یورپ آئندہ 12 ماہ کے دوران اہم ترین انتخابی مرحلے میں داخل ہونے جارہا ہے، جہاں یورپی یونین کے نصف سے زیادہ ووٹرز انتخابات میں حصہ لیں گے،ان انتخابات کے نتائج سے نہ صرف کئی بڑی یورپی حکومتوں کی سیاسی سمت تبدیل ہوسکتی ہے بلکہ یورپی یونین کے مستقبل، قومی خودمختاری، امیگریشن پالیسی اور براعظم میں دائیں بازو کی سیاست کے اثرات بھی نمایاں طور پر بدل سکتے ہیں
برطانوی اخبار دی گارڈین کی تجزیاتی رپورٹ کے مطابق یورپی یونین کی پانچ بڑی ریاستوں میں سے چار، فرانس، اسپین، پولینڈ اور اٹلی کی سیاست خصوصی توجہ کا مرکز ہے،فرانس، اسپین اور پولینڈ میں دائیں بازو کی سخت گیر جماعتیں اقتدار میں آنے یا اپنی سیاسی طاقت بڑھانے کی کوشش کررہی ہیں، جبکہ اٹلی کی دائیں بازو کی وزیراعظم جارجیا میلونی کو اپنے سے بھی زیادہ سخت گیر سیاسی حریف کی جانب سے دباؤ کا سامنا ہے
دی گارڈین کے مطابق ان انتخابات کا سب سے اہم پہلو یہ ہے کہ یورپ کی دائیں بازو کی جماعتیں اب یورپی یونین سے مکمل علیحدگی کے بجائے اس کے اختیارات محدود کرنے اور قومی حکومتوں کو زیادہ خودمختاری دینے کی حامی بن رہی ہیں،ان جماعتوں کا مؤقف ہے کہ برسلز میں قائم یورپی یونین کے ادارے رکن ممالک پر اوپر سے فیصلے مسلط کرتے ہیں،وہ یورپی یونین کو ایک ایسے ڈھیلے اتحاد میں تبدیل کرنا چاہتی ہیں جس میں قومی حکومتوں کا اختیار زیادہ ہو
اسپین: سوشلسٹ حکومت کے خاتمے کا امکان
اسپین میں 29 نومبر 2026ء کو پارلیمانی انتخابات ہوں گے،یہ 11 برس کے دوران ملک کے چھٹے عام انتخابات ہیں،وزیراعظم پیڈرو سانچیز کی سوشلسٹ ورکرز پارٹی (PSOE) گزشتہ آٹھ برس سے حکومت میں ہے، لیکن انتخابی جائزوں کے مطابق سوشلسٹ پارٹی اور اس کے بائیں بازو کے اتحادی براڈ فرنٹ کے لیے پارلیمان میں اکثریت حاصل کرنا مشکل دکھائی دے رہا ہے
اپوزیشن کی مرکز دائیں بازو کی پیپلز پارٹی (PP) کے سربراہ البرٹو نونیز فیخو کے لیے حکومت بنانے کا راستہ کھل سکتا ہے، لیکن انہیں بھی اتحادیوں کی ضرورت ہوگی،اس صورت میں سخت گیر دائیں بازو کی جماعت ووکس (Vox)، جس کی قیادت سانتیاگو اباسکل کررہے ہیں، نئی حکومت میں شامل ہوسکتی ہے،یوں اسپین میں آٹھ سالہ سوشلسٹ حکمرانی ختم ہونے اور دائیں بازو کی جماعت کے اقتدار میں آنے کا امکان پیدا ہوگیا ہے
فرانس: میرین لی پین کے لیے تیسرا صدارتی انتخاب
فرانس میں صدارتی انتخابات 18 اپریل اور 2 مئی 2027ء کو ہوں گے،صدر ایمانوئل میکرون آئینی طور پر دو صدارتی مدتیں مکمل کرنے کے بعد دوبارہ امیدوار نہیں بن سکتے،انتخابی جائزوں میں انتہائی دائیں بازو کی جماعت نیشنل ریلی کی رہنما میرین لی پین نمایاں امیدوار ہیں اور تیسری مرتبہ صدارتی انتخاب کے دوسرے مرحلے تک پہنچ سکتی ہیں
فرانس میں مسئلہ یہ ہے کہ میکرون کے سیاسی جانشین سمجھے جانے والے گیبریل اتال اور ایڈوارڈ فلپ مرکز پسند ووٹوں کو تقسیم کررہے ہیں،دوسری جانب بائیں بازو کے رہنما ژاں لوک میلانشوں بھی مضبوط امیدوار کے طور پر سامنے ہیں،اگر مقابلہ دوسرے مرحلے میں لی پین اور میلانشوں کے درمیان ہوتا ہے تو موجودہ انتخابی جائزوں کے مطابق لی پین کو فائدہ حاصل ہوسکتا ہے،اس انتخاب کے نتائج یورپی یونین کی مستقبل کی پالیسیوں پر بھی گہرے اثرات مرتب کرسکتے ہیں
پولینڈ: ڈونلڈ ٹسک کی حکومت کو دائیں بازو سے چیلنج
پولینڈ میں پارلیمانی انتخابات 11 نومبر 2027ء کو ہوں گے،وزیراعظم ڈونلڈ ٹسک کی مرکز پسند اور نسبتاً لبرل حکومت کو دائیں بازو کی قوم پرست جماعتوں کی بڑھتی ہوئی حمایت سے چیلنج درپیش ہے
سابق حکمران جماعت لا اینڈ جسٹس (PiS) کی مقبولیت میں کمی کے باوجود اس کے ووٹرز کا ایک حصہ اس سے بھی زیادہ سخت گیر جماعتوں کی طرف منتقل ہورہا ہے،ان میں کنفیڈریشن (Konfederacja) اور کنفیڈریشن آف دی پولش کراؤن (KKP) شامل ہیں
پولش کراؤن کی جماعت یورپی یونین سے پولینڈ کی علیحدگی کی حمایت کرتی ہے اور خارجہ پالیسی میں روس کے بارے میں اس کے مؤقف پر بھی تنقید ہوتی رہی ہے،دوسری جانب ٹسک کے تین حکومتی اتحادیوں میں سے دو، پولینڈ 2050 اور کسانوں کی قدامت پسند جماعت پی ایس ایل، انتخابی جائزوں میں پارلیمان میں داخلے کے لیے درکار 5 فیصد ووٹوں کی حد سے نیچے جانے کے خطرے سے دوچار ہیں،ان جماعتوں کا پارلیمان میں پہنچنا یا ناکام رہنا حکومت کی تشکیل میں فیصلہ کن ہوسکتا ہے
اٹلی: جارجیا میلونی کو اپنے سے زیادہ دائیں بازو کے حریف کا سامنا
اٹلی میں پارلیمانی انتخابات 22 دسمبر 2027ء تک متوقع ہیں،وزیراعظم جارجیا میلونی کی جماعت برادرز آف اٹلی 2022ء سے اقتدار میں ہے اور اس کی حکومت میں لیگ اور نسبتاً مرکز پسند فورزا اٹالیا بھی شامل ہیں
میلونی کی آئندہ انتخابات کے بعد بھی وزیراعظم رہنے کی توقع ظاہر کی جارہی ہے، لیکن انہیں اپنی دائیں جانب سے ایک نئے سیاسی چیلنج کا سامنا ہے،ریٹائرڈ جنرل روبرٹو واناچی نے فیوتورو ناتسیونال (Futuro Nazionale) یعنی نیشنل فیوچر کے نام سے نئی سخت گیر دائیں بازو کی جماعت قائم کی ہے،یہ جماعت بعض انتخابی جائزوں میں میلونی کے حکومتی اتحاد کی اتحادی جماعتوں کے برابر حمایت حاصل کررہی ہے
واناچی نے لیگ جماعت سے علیحدگی کی وجہ یہ بتائی تھی کہ وہ ان کے نزدیک ضرورت سے زیادہ اعتدال پسند ہوگئی ہے،اس سے اٹلی میں دائیں بازو کے اندر بھی مزید سخت گیر سیاسی رجحان کی نشاندہی ہوتی ہے
یورپی یونین کے مستقبل پر اثرات
دی گارڈین کے اس تجزیے کا مرکزی نکتہ یہ ہے کہ یورپ میں دائیں بازو کی سیاسی پیش رفت صرف قومی حکومتوں کی تبدیلی تک محدود نہیں رہے گی،اگر فرانس، اسپین، پولینڈ اور اٹلی میں قوم پرست اور یورپی یونین کے اختیارات محدود کرنے کی حامی جماعتیں مضبوط ہوئیں تو برسلز میں مشترکہ فیصلے کرنا مشکل ہوسکتا ہے
اس کے اثرات یوکرین کی امداد، یورپی دفاعی تعاون، مشترکہ بجٹ، توانائی، تجارت، ٹیکنالوجی اور یورپی یونین کی مزید توسیع جیسے اہم معاملات پر پڑ سکتے ہیں،تاہم ان جماعتوں میں بھی یورپی یونین سے مکمل علیحدگی کے بجائے اس کے موجودہ اختیارات اور ڈھانچے کو تبدیل کرنے کا رجحان زیادہ نمایاں ہے
دی گارڈین نے اپنی انتخابی گرافکس میں چیپل ہل ایکسپرٹ سروے (Chapel Hill Expert Survey) کے محققین کے اعدادوشمار استعمال کیے ہیں، جن میں سیاسی جماعتوں کو دو بنیادی پیمانوں پر پرکھا گیا ہے،معاشی نظریات میں بائیں اور دائیں بازو کی سمت، اور شہری آزادیوں سے لے کر آمرانہ طرزِ سیاست تک ان کا رجحان،اس کے ساتھ مختلف ممالک کے انتخابی جائزوں کو ملا کر سیاسی جماعتوں کی موجودہ پوزیشن کا جائزہ لیا گیا ہے
یہ انتخابات یورپ کے لیے اس اعتبار سے غیر معمولی ہیں کہ نصف سے زیادہ یورپی یونین کے ووٹرز اگلے 12 ماہ میں اپنے ملکوں کی سیاسی قیادت کے انتخاب میں حصہ لیں گے،ان کے فیصلے سے یہ طے ہوگا کہ یورپ آئندہ برسوں میں زیادہ مشترکہ پالیسیوں اور یورپی اتحاد کی طرف بڑھے گا یا قومی خودمختاری اور سخت گیر قوم پرستی کو زیادہ اہمیت دینے والی سیاست کا اثر بڑھ جائے گا






