جاہنوی کپور کا اعتراف، فلم ’پیڈی‘ میں خواتین کی انتہائی حد تک جنسی نمائش کی گئی، کہانی جنسی حملے کو بھی معمول بنا سکتی تھی
بھارتی اداکارہ جاہنوی کپور نے اپنی فلم ’پیڈی‘ میں خواتین کی تصویر کشی پر ہونے والی تنقید کو تسلیم کرتے ہوئے اعتراف کیا ہے کہ فلم میں ان کے کردار کو حد سے زیادہ جنسی انداز میں پیش کیا گیا اور کہانی میں ایسے عناصر موجود تھے جو جنسی حملے کو معمول کی بات کے طور پر پیش کر سکتے تھے،انہوں نے کہا کہ انہیں افسوس ہے کہ فلم کی تیاری کے دوران وہ اس اندازِ پیشکش کے خلاف زیادہ سختی سے آواز نہیں اٹھا سکیں
جاہنوی نے یہ بات کرن جوہر کے پروگرام ’کافی ود کرن‘ کے نویں سیزن میں گفتگو کرتے ہوئے کہی، جہاں ان کے ساتھ اداکار ورون دھون بھی موجود تھے،فلم میں جاہنوی نے اچیاما کا کردار ادا کیا تھا، جبکہ رام چرن مرکزی کردار میں تھے،فلم کی ریلیز کے بعد ناظرین نے جاہنوی کے کردار کی پیشکش پر اعتراض کیا تھا، خصوصاً ان مناظر پر جن میں کردار کی شخصیت کے بجائے اس کے جسمانی خدوخال کو نمایاں کیا گیا اور ایک منظر میں رضامندی کے بغیر بوسہ دکھایا گیا
جاہنوی نے کہا کہ انہیں اس معاملے پر بات کرنے میں ہچکچاہٹ تھی، کیونکہ فلم پر بہت سے لوگوں نے محنت کی تھی،تاہم، انہیں احساس ہوا کہ ایسی کہانی معاشرے پر، بالخصوص خواتین کے بارے میں سوچ پر، منفی اثر ڈال سکتی ہے،انہوں نے کہا کہ اس پہلو پر انہیں ہمیشہ شرمندگی محسوس رہے گی
اداکارہ نے اعتراف کیا کہ وہ فلم کی تیاری کے دوران زیادہ چوکس رہ سکتی تھیں اور متنازعہ مناظر پر زیادہ سخت اعتراض اٹھا سکتی تھیں،ان کے مطابق، یہ پوچھنے پر کہ کیا فلم میں خواتین کو انتہائی حد تک شے کی طرح پیش کیا گیا اور کیا کہانی نے جنسی حملے کو کسی حد تک معمول کے طور پر دکھایا، ان کا جواب ہاں میں ہے،انہوں نے کہا کہ اب وہ اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کریں گی کہ مستقبل میں ایسا دوبارہ نہ ہو
جاہنوی نے وضاحت کی کہ فلمی سیٹ پر اداکار اکثر ہدایت کار کی ہدایات پر عمل کرنے کے دباؤ میں ہوتے ہیں،ان کے بقول، فلم کی تحریری کہانی میں ہر بار کیمرے کے زاویوں اور مناظر کی حتمی پیشکش کی مکمل وضاحت نہیں ہوتی، اس لیے بعض مسائل فلم بندی کے دوران سامنے آتے ہیں،تاہم، انہوں نے یہ بھی تسلیم کیا کہ فلمی صنعت میں اپنے مراعات یافتہ مقام کو استعمال کرتے ہوئے وہ زیادہ مضبوطی سے اپنا مؤقف پیش کر سکتی تھیں
فلم کے ہدایت کار بوچی بابو سانا نے بھی تنازعہ کے بعد ان ناظرین سے معذرت کی تھی جنہیں خواتین کے کردار کی پیشکش پر اعتراض تھا،اس معاملے نے بھارتی فلمی صنعت میں خواتین کی نمائندگی، جسمانی نمائش اور فلموں میں رضامندی کے تصور پر ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے، واضع رہے جاہنوی کپور بھارت میں ماضی کی نامور میگا اسٹار سری دیوی اور ممتاز ہدایتکار بونی کپور کی صاحبزادی اور انیل کپور کی بھتیجی ہیں





