کرسٹی نوم نے شوہر سے طلاق کے لیے باقاعدہ درخواست دائر کردی
امریکا کی سابق سیکریٹری ہوم لینڈ سیکیورٹی کرسٹی نوم نے اپنے شوہر برائن نوم سے طلاق کے لیے باقاعدہ درخواست دائر کردی ہے،امریکی اخبار یو ایس اے ٹوڈے کے مطابق کرسٹی نوم نے 6 اپریل کو جنوبی ڈکوٹا کی ہیملن کاؤنٹی کی عدالت میں درخواست دائر کی تھی، تاہم عدالتی ریکارڈ 28 ستمبر کو آن لائن جاری کیا گیا
عدالتی دستاویز کے مطابق کرسٹی نوم اور برائن نوم کی شادی 23 مئی 1992 کو ہوئی تھی اور طلاق کی وجہ ’’ناقابلِ مفاہمت اختلافات‘‘ بیان کی گئی ہے،کرسٹی نوم کے وکیل مائیکل سیبرز نے بھی طلاق کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وہ معاملے پر مزید تبصرہ قانونی کارروائی مکمل ہونے تک نہیں کریں گی
کرسٹی نوم کی والدہ کورین آرنلڈ نے جولائی میں برطانوی اخبار ڈیلی میل کو بتایا تھا کہ ان کی بیٹی نے موسم بہار میں خاندان کو طلاق کے فیصلے سے آگاہ کردیا تھا
کرسٹی نوم ری پبلکن پارٹی سے تعلق رکھنے والی جنوبی ڈکوٹا کی سابق گورنر اور سابق وفاقی سیکریٹری ہوم لینڈ سیکورٹی ہیں، وہ 2019 سے جنوری 2025 تک جنوبی ڈکوٹا کی گورنر رہیں اور ریاست کی پہلی خاتون گورنر تھیں،اس سے قبل وہ 2011 سے 2019 تک امریکی ایوانِ نمائندگان کی رکن رہیں،جنوری 2025 میں انہوں نے گورنر کا عہدہ چھوڑ کر صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دوسری مدتِ صدارت میں سیکریٹری ہوم لینڈ سیکیورٹی کا منصب سنبھالا،وہ مارچ 2026 تک اس عہدے پر رہیں، جب صدر ٹرمپ نے انہیں ہٹا کر سینیٹر مارک وین ملن کو نیا وزیر نامزد کیا،اس کے بعد نوم کو مغربی نصف کرہ کے لیے ’’شیلڈ آف دی امریکاز‘‘ کی خصوصی ایلچی کی ذمہ داری دی گئی،نوم جنوبی ڈکوٹا کے ایک کسان اور مویشی پالنے والے خاندان سے تعلق رکھتی ہیں اور سیاست میں آنے سے قبل خاندانی فارم اور کاروبار چلاتی رہی ہیں





