Chief Editor : Mohammad Afaq Farooqi
Contributing Editor : Ahmad Waqas Riaz

امریکا کی جنت جیسی اور خوبصورت ترین شاہراہ، جہاں ذرا سی غلطی موت بن جاتی ہے، پھر اسے محفوظ کیوں نہیں بنایا جاتا؟

امریکا کی جنت جیسی اور خوبصورت ترین شاہراہ، جہاں ذرا سی غلطی موت بن جاتی ہے، پھر اسے محفوظ کیوں نہیں بنایا جاتا؟

کولوراڈو کی مشہور ’’ملین ڈالر ہائی وے‘‘ امریکا کی خوبصورت ترین سڑکوں میں شمار ہوتی ہے، مگر یہی شاہراہ ملک کی خطرناک ترین سڑکوں میں بھی شامل ہے،جنوب مغربی کولوراڈو میں واقع یو ایس ہائی وے 550 کا اورے کے قریب تقریباً چھ میل طویل حصہ پہاڑوں کو کاٹ کر بنایا گیا ہے، جہاں سڑک بعض مقامات پر صرف 23 فٹ چوڑی ہے، اوع شولڈرز موجود نہیں اور شولڈرز کے پرے بالکل نیچے کئی مقامات پر 400 فٹ سے زیادہ گہری کھائیاں ہیں ، The New Yorker کے مطابق اس شاہراہ پر چٹانیں گرنے اور برفانی تودے معمول ہیں،اس حصے میں 60 سے زیادہ ایسے مقامات ہیں جہاں برفانی تودے گرنے کا خطرہ رہتا ہے اور یہ امریکا کی سال بھر کھلی رہنے والی سب سے زیادہ برفانی تودوں کے خطرے والی شاہراہ ہے،حفاظتی جنگلے بھی زیادہ تر جگہوں پر نہیں لگائے گئے کیونکہ برفانی تودوں کے بعد سڑک سے برف ہٹانے کے لیے جگہ درکار ہوتی ہے
اس شاہراہ کی تاریخ 1880 کی دہائی تک جاتی ہے، جب اسے سان خوان پہاڑوں کی سونے اور چاندی کی کانوں تک رسائی کے لیے تعمیر کیا گیا،بعد میں اس کے شاندار مناظر نے اسے سیاحوں کے لیے بھی مقبول بنا دیا،ایک ہی شاہراہ کو کبھی امریکا کی خطرناک ترین سڑکوں کی فہرست میں شامل کیا گیا اور کبھی بہترین سیاحتی سڑکوں میں شمار کیا گیا
رپورٹ ایک حالیہ خوفناک حادثے کا ذکر بھی ہے، جس میں ایک گاڑی 320 فٹ گہری کھائی میں جا گری،گاڑی میں موجود ڈرائیور ہلاک ہوگیا، تاہم 11 سالہ بچی زندہ بچ گئی،رضاکار پہاڑی امدادی ٹیم نے سینکڑوں فٹ گہری کھائی میں اتر کر بچی کو نکالا اور رسوں کے ایک پیچیدہ نظام کے ذریعے اسے تقریباً 300 فٹ اوپر شاہراہ تک پہنچایا،پورا امدادی عمل ساڑھے پانچ گھنٹے جاری رہا
اس شاہراہ پر حادثات کی کئی مخصوص جگہیں بھی ہیں،بعض مقامات پر موڑ کے ساتھ سامنے آنے والے شاندار پہاڑی مناظر موٹر سائیکل سواروں کی توجہ سڑک سے ہٹا دیتے ہیں،ایک مقام پر بار بار حادثات کے باوجود موٹر سائیکل سواروں کے لیے مخصوص انتباہی نشان تک موجود نہیں
سوال یہ ہے کہ اتنے حادثات اور خطرات کے باوجود شاہراہ کو جدید حفاظتی معیار کے مطابق کیوں نہیں بنایا گیا؟ مقامی حکام اور محکمہ ٹرانسپورٹ کا مؤقف ہے کہ یہاں زیادہ تر حادثات ایک ہی گاڑی کے ہوتے ہیں اور ڈرائیور کی غلطی یا عدم توجہ بنیادی وجہ بنتی ہے،محکمہ ٹرانسپورٹ کے ایک مقامی کارکن نے حفاظتی جنگلوں کے بارے میں کہا کہ پہاڑ پر جگہ بہت کم ہے اور جنگلہ لگانے سے لازماً حفاظت میں بڑا اضافہ نہیں ہوگا
یوں ’’ملین ڈالر ہائی وے‘‘ آج بھی ایک عجیب تضاد بنی ہوئی ہے، جہاں امریکا کے شاندار ترین پہاڑی مناظر دیکھنے کے لیے سیاح آتے ہیں، مگر اسی راستے پر ایک لمحے کی غلطی گاڑی کو سینکڑوں فٹ گہری کھائی میں پہنچا سکتی ہے،مقامی لوگ خطرے سے واقف ہیں اور موسم یا حالات خراب ہوں تو متبادل راستہ اختیار کرتے ہیں، لیکن شاہراہ کی خوبصورتی اور اس کے خطرے نے اسے امریکا کی سب سے منفرد سڑکوں میں شامل کر رکھا ہے

قومی خبریں سے مزید