مصنوعی ذہانت کا نیا کارنامہ :پہلے دادی کو ڈکیت بنایا پھر 6 ماہ جیل کی ہوا کھلائ :پولیس کے خلاف مقدمہ، چہرہ شناخت ٹیکنالوجی پر سنگین سوالات
ٹینیسی: امریکی ریاست ٹینیسی کی 50 سالہ خاتون انجیلا لپس نے شمالی ڈکوٹا کے ایک شہر اور پولیس محکمہ کے خلاف مقدمہ دائر کردیا ہے، جس میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ پولیس نے مصنوعی ذہانت پر مبنی چہرہ شناخت ٹیکنالوجی کے غلط استعمال کے نتیجے میں انہیں ایسے بینک چوری کیس میں گرفتار کرلیا جس سے ان کا کوئی تعلق نہیں تھا
فاکس نیوز کے مطابق لپس کا کہنا ہے کہ جولائی 2025 میں وہ اپنے پڑوسی کے چار کم عمر بچوں کی دیکھ بھال کر رہی تھیں جب پولیس اہلکار ان کے گھر پہنچے اور انہیں بندوق کی نوک پر گرفتار کرلیا،بعد ازاں انہیں ٹینیسی سے شمالی ڈکوٹا منتقل کرنے کی کارروائی کی گئی
15 ستمبر 2026 کو دائر کیے گئے مقدمے میں الزام لگایا گیا ہے کہ حکام نے شمالی ڈکوٹا میں ہونے والی بینک چوری کی تفتیش کے دوران چہرہ شناخت کرنے والی اے آئی ٹیکنالوجی سے حاصل ہونے والے ایک مبینہ غلط میچ پر بنیادی طور پر انحصار کیا، حالانکہ لپس کا نہ اس جرم سے کوئی تعلق تھا اور نہ ہی وہ کبھی شمالی ڈکوٹا گئی تھیں
لپس کے مطابق انہیں ٹینیسی کی ایک کاؤنٹی جیل میں 108 دن گزارنے پڑے،ان کا کہنا ہے کہ انہیں بتایا گیا کہ وہ قانون سے فرار ہونے والی مطلوب ملزم ہیں، لیکن انہیں ضمانت نہیں دی گئی اور کسی نے ان کا انٹرویو بھی نہیں کیا،وہ بعد میں تقریباً چھ ماہ تک جاری رہنے والی قانونی کارروائی کے بعد رہا ہوئیں
پولیس ٹیکنالوجی کے ماہرین نے فاکس نیوز ڈیجیٹل کو بتایا کہ لپس کا معاملہ کوئی واحد مثال نہیں،ماہرین کے مطابق امریکا میں ایسے ایک درجن سے زیادہ واقعات سامنے آچکے ہیں جن میں پولیس کی جانب سے چہرہ شناخت کرنے والی ٹیکنالوجی کے استعمال یا اس کے نتائج کی تشریح پر سوال اٹھائے گئے ہیں
چہرہ شناخت کرنے والے نظام کسی شخص کی تصویر یا ویڈیو کو موجودہ تصویری ڈیٹا سے ملانے کی کوشش کرتے ہیں، لیکن ماہرین طویل عرصے سے خبردار کرتے آئے ہیں کہ ایسے نظام میں غلط شناخت کا امکان موجود ہوتا ہے،خاص طور پر مسئلہ اس وقت سنگین ہوسکتا ہے جب ٹیکنالوجی سے حاصل ہونے والے نتیجے کو تفتیش کا ایک ابتدائی سراغ سمجھنے کے بجائے گرفتاری یا قانونی کارروائی کی بنیادی وجہ بنا دیا جائے
لپس کا مقدمہ اب اس وسیع تر بحث کا حصہ بن گیا ہے کہ پولیس کو مصنوعی ذہانت پر مبنی چہرہ شناخت کی ٹیکنالوجی استعمال کرتے ہوئے انسانی تصدیق، اضافی شواہد اور مناسب قانونی نگرانی کس حد تک لازماً شامل کرنی چاہیے
مقدمے میں عائد الزامات ابھی عدالت میں ثابت نہیں ہوئے اور متعلقہ حکام کا مؤقف قانونی کارروائی کے دوران سامنے آنا باقی ہے





