Chief Editor : Mohammad Afaq Farooqi
Contributing Editor : Ahmad Waqas Riaz

ٹرمپ کے وائٹ ہاؤس میڈیا بائیکاٹ کے خلاف سی این این، ایم ایس ناؤ اور پولیٹیکو کی عدالت سے تحفظ کی درخواست

ٹرمپ کے وائٹ ہاؤس میڈیا بائیکاٹ کے خلاف سی این این، ایم ایس ناؤ اور پولیٹیکو کی عدالت سے تحفظ کی درخواست

واشنگٹن: سی این این، ایم ایس ناؤ اور پولیٹیکو نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے وائٹ ہاؤس تک رسائی روکنے کے فیصلے کے خلاف وفاقی عدالت سے پابندی برقرار رکھنے کا حکم جاری رکھنے کی درخواست کردی ہے
رائٹرز کے مطابق تینوں میڈیا اداروں نے واشنگٹن ڈی سی کی وفاقی عدالت میں درخواست دائر کرتے ہوئے کہا ہے کہ عدالت ابتدائی حکم امتناع جاری کرے تاکہ مقدمے کا حتمی فیصلہ ہونے تک وائٹ ہاؤس کی جانب سے عائد پابندی پر عمل درآمد روکا جاسکے
وفاقی جج ٹموتھی کیلی پہلے ہی 14 روز کے لیے عارضی حکم امتناع جاری کرچکے ہیں، جس کے تحت میڈیا اداروں پر عائد پابندی روک دی گئی تھی،جج نے ابتدائی طور پر قرار دیا تھا کہ پابندی ممکنہ طور پر ان اداروں کے منصفانہ قانونی عمل کے حقوق کی خلاف ورزی کرتی ہے
تینوں میڈیا اداروں نے 21 ستمبر کو دائر مقدمے میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ ٹرمپ انتظامیہ کا اقدام امریکی آئین کی پہلی ترمیم کے تحت غیر قانونی طور پر اختلافِ رائے کی بنیاد پر امتیازی سلوک کے مترادف ہے،پہلی ترمیم آزادی اظہار اور آزاد صحافت کے حقوق کا تحفظ کرتی ہے
دوسری جانب امریکی محکمہ انصاف کا کہنا ہے کہ ٹرمپ نے قانونی طور پر یہ پابندی عائد کی کیونکہ ان کے مطابق متعلقہ میڈیا اداروں کی رپورٹنگ نے خفیہ معلومات ظاہر کرکے قومی سلامتی کو خطرے میں ڈالا
ٹرمپ نے 18 ستمبر کو سوشل میڈیا پر ان اداروں کو پابندی کا نشانہ بنانے کا اعلان کرتے ہوئے ان کی رپورٹنگ کو ’’جعلی خبریں‘‘ قرار دیا اور الزام لگایا کہ انہیں مسلسل ’’افسانے اور جھوٹ‘‘ رپورٹ کرنے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے
یہ تنازعہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ٹرمپ طویل عرصے سے امریکی میڈیا کے متعدد اداروں کے ساتھ شدید اختلافات رکھتے ہیں اور وائٹ ہاؤس کی میڈیا رسائی کے معاملے پر انتظامیہ اور صحافتی اداروں کے درمیان قانونی کشمکش بڑھتی جارہی ہے

قومی خبریں سے مزید