روسی سپرسونک جنگی طیاروں پر نیٹو کا مشترکہ ایکشن، فن لینڈ اور سویڈن نے پہلی بار ایک ساتھ جنگی طیارے دوڑا دیے
روس کے سپرسونک فوجی طیاروں کی خلیجِ فن لینڈ کے اوپر پرواز کے بعد فن لینڈ اور سویڈن نے پہلی بار مشترکہ طور پر اپنے جنگی طیارے فضا میں بھیجے،یہ کارروائی 24 ستمبر کو ہوئی اور اسے دونوں نارڈک ممالک کے درمیان نیٹو دفاعی تعاون میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے
فوکس نیوز کے مطابق دونوں ملکوں کے جنگی طیاروں نے روسی فوجی طیاروں کو روکنے اور ان کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے کے لیے مشترکہ طور پر پرواز کی،یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب روس اور بالٹک خطے کے نیٹو ممالک کے درمیان فوجی کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے
فن لینڈ اور سویڈن دونوں نے روس کے یوکرین پر حملے کے بعد اپنی دفاعی پالیسی میں بڑی تبدیلی کی اور بالآخر نیٹو میں شمولیت اختیار کی،سویڈن مارچ 2024 میں نیٹو کا 32واں رکن بنا، جبکہ فن لینڈ اپریل 2023 میں اتحاد میں شامل ہوا تھا
یہ مشترکہ فضائی کارروائی روسی طیاروں کی سرگرمیوں پر نظر رکھنے اور شمالی یورپ کے فضائی دفاع میں اتحادی ممالک کے درمیان رابطے کی بڑھتی ہوئی اہمیت کو ظاہر کرتی ہے
یہ واقعہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے اس بیان سے ایک روز قبل پیش آیا جس میں انہوں نے یورپی ممالک کی جانب سے روسی خطرے کے بارے میں خبردار کیے جانے کو مسترد کرتے ہوئے بالٹک خطے میں روسی حملے کے خدشات پر یورپی تیاریوں کا مذاق اڑایا تھا
خلیجِ فن لینڈ اور بحیرہ بالٹک کا خطہ اس وقت یورپ کے انتہائی حساس فوجی علاقوں میں شمار ہوتا ہے، جہاں روس اور نیٹو کے جنگی طیاروں کی سرگرمیوں کے باعث معمولی فضائی واقعات بھی وسیع تر سلامتی کے خدشات کو جنم دے سکتے ہیں





