Chief Editor : Mohammad Afaq Farooqi
Contributing Editor : Ahmad Waqas Riaz

ٹرمپ کا کینیڈی سینٹر پر یوٹرن، چند ماہ پہلے ’’شاندار‘‘ عمارت اب جان لیوا قرار

ٹرمپ کا کینیڈی سینٹر پر یوٹرن، چند ماہ پہلے ’’شاندار‘‘ عمارت اب جان لیوا قرار

واشنگٹن :صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے واشنگٹن کے جان ایف کینیڈی سینٹر فار دی پرفارمنگ آرٹس کی حالت کے بارے میں چند ماہ کے اندر ایسا مؤقف اختیار کیا ہے جس نے نئی بحث چھیڑ دی ہے،واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق ٹرمپ نے دسمبر میں اسی عمارت کے باہر کھڑے ہو کر اس کی تزئین و مرمت کو تقریباً مکمل قرار دیا تھا، مگر اب ان کا کہنا ہے کہ مرکز کی موجودہ حالت لوگوں کے لیے خطرناک حتیٰ کہ جان لیوا ہو سکتی ہے
دسمبر میں ورلڈ کپ ڈرا سے قبل فیفا کے صدر جیانی انفانتینو کے ہمراہ کینیڈی سینٹر میں گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا تھا کہ عمارت پہلے ’’ٹوٹ پھوٹ کا شکار‘‘ تھی، لیکن اب تقریباً بحال ہو چکی ہے،انہوں نے مرمت کے کام کو ’’بہت شاندار‘‘ قرار دیتے ہوئے پیش گوئی کی تھی کہ باقی کام بھی تین سے چار ماہ میں مکمل ہو جائے گا
یہ مؤقف اس وقت سامنے آیا تھا جب ٹرمپ نے اقتدار سنبھالنے کے بعد کینیڈی سینٹر کے بورڈ آف ٹرسٹیز میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کیں، خود اس کے چیئرمین بنے اور ادارے کے ثقافتی پروگراموں میں تبدیلی لانے کا عزم ظاہر کیا،ان کا کہنا تھا کہ وہ مرکز میں ایسے پروگرام ختم کرنا چاہتے ہیں جنہیں وہ ’’ووک‘‘ نظریات سے جوڑتے ہیں
واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ میں ٹرمپ کے پہلے اور موجودہ بیانات کا تقابل کرتے ہوئے سوال اٹھایا گیا ہے کہ چند ماہ پہلے جس عمارت کی تزئین و آرائش کو صدر کامیابی قرار دے رہے تھے، وہ اب اچانک اتنی خطرناک کیسے ہوگئی،رپورٹ کے مطابق اس دوران کینیڈی سینٹر کی آمدنی میں بھی نمایاں کمی آئی ہے
یوں کینیڈی سینٹر صرف فنونِ لطیفہ کے ادارے کی انتظامی تبدیلیوں کا مرکز نہیں رہا بلکہ ٹرمپ انتظامیہ کے ثقافتی ایجنڈے، عمارت کی مرمت اور ادارے کی مالی حالت کے درمیان بڑھتے ہوئے تنازعہ کی علامت بن گیا ہے

قومی خبریں سے مزید