روس اور یوکرین کی مسلسل بمباری، 24 گھنٹوں میں 16 افراد ہلاک
روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ میں دونوں جانب سے مسلسل ڈرون اور دیگر حملوں کے نتیجے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کم از کم 16 افراد ہلاک ہوئے ہیں دونوں ممالک کے حکام نے ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے
یوکرین کے مطابق روسی حملوں میں شمال مشرقی علاقے سومی، زاپوریژیا اور دنیپروپیٹروفسک میں کم از کم 6 افراد ہلاک ہوئے، جن میں 17 سالہ لڑکی بھی شامل ہے دارالحکومت کیف میں بھی روسی حملوں کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے
کیف میں روسی حملوں میں شدت اس وقت بڑھی ہے جب شہر ایک اور سخت موسم سرما کے لیے تیاری کر رہا ہے ایک رہائشی علاقے میں ڈرون حملے سے عمارت کو شدید نقصان پہنچا اور آگ بھڑک اٹھی متاثرہ خاندانوں کے مطابق مسلسل حملوں کے باعث شہریوں میں خوف اور غیر یقینی کی کیفیت برقرار ہے
دوسری جانب روس نے دعویٰ کیا ہے کہ یوکرینی حملوں میں کراسنودار اور بیلگورود کے علاقوں میں 4 افراد ہلاک ہوئے روس کے زیر قبضہ زاپوریژیا کے ایک علاقے میں بھی یوکرینی ڈرون حملوں سے مزید ہلاکتوں کی اطلاع دی گئی ہے
یہ حملے ایسے وقت جاری ہیں جب امریکا کی قیادت میں جنگ ختم کرنے کے لیے مذاکرات کی کوششیں کسی حتمی پیش رفت تک نہیں پہنچ سکیں روسی حکومت مشرقی یوکرین کے مزید علاقوں پر قبضے کا ارادہ ظاہر کر چکی ہے، جبکہ یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکی نے کہا ہے کہ روس روزانہ حملوں میں اضافہ کر رہا ہے
اقوام متحدہ کے حکام نے جنگ میں شہری ہلاکتوں کی بڑھتی ہوئی تعداد پر تشویش ظاہر کی ہے، جبکہ دونوں جانب سے ایک دوسرے کے خلاف حملوں کا سلسلہ جاری ہے





