Chief Editor : Mohammad Afaq Farooqi
Contributing Editor : Ahmad Waqas Riaz

ممدانی انتظامیہ کا بڑا اور تاریخی کارنامہ ، ڈور ڈیش پر بڑا ایکشن، 131.5 ملین ڈالر کا تاریخی تصفیہ، 2 لاکھ 60 ہزار سے زائد ڈیلیوری ورکرز کو رقم واپس ملے گی

ممدانی انتظامیہ کا بڑا اور تاریخی کارنامہ ، ڈور ڈیش پر بڑا ایکشن، 131.5 ملین ڈالر کا تاریخی تصفیہ، 2 لاکھ 60 ہزار سے زائد ڈیلیوری ورکرز کو رقم واپس ملے گی

نیویارک سٹی میں ڈیلیوری ورکرز کو اجرت کی مبینہ خلاف ورزیوں پر ڈور ڈیش کو 131.5 ملین ڈالر ادا کرنے ہوں گے،میئر زوہران ممدانی نے منگل کو اعلان کیا کہ یہ نیویارک سٹی کی تاریخ میں کارکنوں کے حقوق سے متعلق سب سے بڑا تصفیہ ہے،اس رقم میں 115 ملین ڈالر سے زیادہ براہ راست متاثرہ ڈیلیوری ورکرز کو جبکہ 16 ملین ڈالر سے زیادہ سول جرمانوں اور انتظامی اخراجات کی مد میں جائیں گے
نیویارک سٹی کے محکمہ صارفین و کارکنان کے تحفظ، DCWP، کی تحقیقات کے مطابق 2 لاکھ 60 ہزار سے زیادہ ورکرز ایسے تھے جنہیں ڈور ڈیش نے کم ادائیگی کی، کچھ کو ان کے کام کی رقم بالکل ادا نہیں کی گئی جبکہ بعض کو مقررہ وقت کے بعد ادائیگی ہوئی،تحقیقات میں کمپنی کے اربوں ریکارڈز کا تجزیہ کیا گیا، جس میں 152 ملین سے زیادہ انفرادی ادائیگیوں اور تقریباً 110 ملین کام کے گھنٹوں کا ڈیٹا شامل تھا
معاملہ صرف رقم کی واپسی تک محدود نہیں،معاہدے کے تحت ڈور ڈیش کو آئندہ 3 سال تک ہر ماہ تفصیلی ڈیٹا رپورٹ شہر کو دینا ہوگی تاکہ حکام اس بات کی نگرانی کرسکیں کہ کمپنی کم از کم اجرت، سفر کی مدت، ٹرپ کی معلومات، ادائیگی اور ٹپس سے متعلق قوانین کی پابندی کر رہی ہے یا نہیں
ایک منفرد نگرانی کا نظام بھی متعارف کرایا جا رہا ہے،Workers Justice Project اور Workers’ Algorithm Observatory ایسا سافٹ ویئر تیار کریں گے جس کے ذریعے ڈیلیوری ورکرز اپنی ٹرپ اور کمائی کا ڈیٹا براہ راست شہر کے محکمہ کو فراہم کرسکیں گے،اس طرح حکام صرف شکایت آنے کا انتظار کرنے کے بجائے ڈیٹا کے ذریعے ممکنہ خلاف ورزیوں کی نشاندہی کرسکیں گے،ڈور ڈیش کو اس ٹیکنالوجی کے استعمال پر کسی ورکر کو روکنے یا سزا دینے سے بھی منع کیا گیا ہے
تحقیقات کے مطابق ڈور ڈیش نے دسمبر 2023 میں شہر کی کم از کم ادائیگی کی شرح کے مطابق فی گھنٹہ اجرت بڑھائی، لیکن بعض ٹرپس میں قابلِ ادائیگی وقت کا حساب کرتے ہوئے ٹرپ ٹائم اور آن کال ٹائم کی کچھ اقسام شامل نہیں کی گئیں،شہر کے مطابق اس کے نتیجے میں بعض ورکرز کو قانونی طور پر واجب رقم سے کم ادائیگی ہوئی
رقم حاصل کرنے والے ورکرز کو الگ سے دعویٰ یا ثبوت جمع کرانے کی ضرورت نہیں ہوگی،DCWP نے ڈور ڈیش کے ریکارڈز سے ان افراد کی شناخت کرلی ہے جنہیں رقم واجب الادا ہے،اکتوبر کے آخر میں متعلقہ ورکرز کو ان کے آخری معلوم ای میل پتے پر اطلاع دی جائے گی کہ انہیں کتنی رقم ملنی ہے، اور وہ الیکٹرانک ادائیگی یا ڈاک کے ذریعے چیک کا انتخاب کرسکیں گے
تصفیے کے فارمولے میں بعض ورکرز کو اصل واجب الادا رقم سے زیادہ رقم ملے گی،مثال کے طور پر شہر کے مطابق اگر کسی ورکر کو 1,000 ڈالر ادا ہی نہیں کیے گئے تھے تو اسے 3,000 ڈالر ملیں گے، جبکہ جس ورکر کو 1,000 ڈالر کی ادائیگی مقررہ وقت سے تاخیر سے ہوئی، اسے 2,000 ڈالر ملیں گے،کم از کم اجرت کی خلاف ورزیوں کے لیے رقم ٹرپ ٹائم کی بنیاد پر متناسب طور پر طے کی جائے گی
ڈور ڈیش نے تصفیے کے اعلان کے ساتھ اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے کہا،“Simply put, we screwed up.” کمپنی نے کہا کہ غلطیاں جان بوجھ کر نہیں کی گئیں، لیکن اس سے وہ قابل قبول نہیں ہوجاتیں، اور کمپنی نے متاثرہ ڈیلیوری ورکرز سے معذرت بھی کی ہے
شہر کے مطابق یہ کارروائی 22 اپریل 2022 سے 28 جون 2026 کے درمیان ہونے والی بعض کم ادائیگیوں سے متعلق ہے،ایک چھوٹے گروپ کے لیے اضافی ادائیگیوں کا دوسرا مرحلہ 2027 کے آغاز میں ہوگا، کیونکہ ڈور ڈیش ابھی بعض ادائیگیوں کے حساب سے متعلق مسائل درست کررہی ہے
نیویارک میں ڈیلیوری ورکرز کے لیے موجودہ کم از کم ادائیگی کی شرح 22.13 ڈالر فی گھنٹہ، ٹپس کے علاوہ ہے،شہر کا کہنا ہے کہ یہ شرح مہنگائی کے مطابق سالانہ ایڈجسٹ کی جاتی ہے
یہ اقدام ممدانی انتظامیہ کی ڈیلیوری ورکرز سے متعلق جاری نگرانی اور نفاذ کی پالیسی کا حصہ ہے،میئر کے دفتر کے مطابق جنوری سے انتظامیہ پہلے ہی ڈیلیوری ورکرز کے لیے 104 ملین ڈالر سے زیادہ اضافی ٹپس اور 725 ملین ڈالر کی اضافی اجرت کے حصول کا دعویٰ کرتی ہے،یہ اعداد و شمار میئر کے دفتر کی فراہم کردہ معلومات ہیں

قومی خبریں سے مزید