سال بعد پرنسٹن سے نمبر ون کا تاج چھن گیا، ایم آئی ٹی امریکا کی ٹاپ یونیورسٹی بن گئی
واشنگٹن: امریکا کی معروف یونیورسٹی رینکنگ میں 15 سال سے جاری پرنسٹن یونیورسٹی کی نمبر ون پوزیشن ختم ہوگئی ہے اور میساچوسٹس انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (MIT) نے پہلی مرتبہ ملک کی نمبر ون یونیورسٹی کا مقام حاصل کر لیا ہے
مارکیٹ واچ کے مطابق U.S. News & World Report کی 2027 کی نیشنل یونیورسٹیز رینکنگ میں MIT پہلے نمبر پر، پرنسٹن دوسرے اور ہارورڈ یونیورسٹی تیسرے نمبر پر رہی،پرنسٹن 2012 کی رینکنگ سے مسلسل پہلے نمبر پر چلی آ رہی تھی، جبکہ MIT گزشتہ پانچ برس سے دوسرے نمبر پر تھی
رینکنگ میں تبدیلی کی ایک اہم وجہ U.S. News کے طریقۂ کار میں تبدیلی ہے،اس سال پہلی مرتبہ مختلف شعبوں کے فارغ التحصیل طلبہ کی آمدنی کو بھی رینکنگ میں شامل کیا گیا،اس نئے پیمانے میں MIT نے سب سے بہتر کارکردگی دکھائی، جس سے اس کی مجموعی پوزیشن بہتر ہوئی
نئے طریقۂ کار میں گریجویشن، طلبہ کو برقرار رکھنے کی شرح، سماجی ترقی اور گریجویشن کے بعد آمدنی جیسے عوامل کو بھی زیادہ اہمیت دی گئی ہے،MIT نے مجموعی طور پر 100 جبکہ پرنسٹن نے 99 پوائنٹس حاصل کیے، تاہم U.S. News کی یہ درجہ بندی تعلیمی اداروں کے معیار کا واحد پیمانہ نہیں سمجھی جاتی اور اس کے طریقۂ کار پر ماضی میں بھی بحث ہوتی رہی ہے
نئی رینکنگ میں کیلیفورنیا انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی بھی نمایاں طور پر اوپر آئی اور پانچویں نمبر پر پہنچ گئی، جبکہ کارنیگی میلن یونیورسٹی 14ویں نمبر پر رہی
مارکیٹ واچ کے مطابق U.S. News کی جانب سے رینکنگ کے طریقۂ کار میں یہ تبدیلی اس بحث کے پس منظر میں سامنے آئی ہے کہ مہنگی امریکی اعلیٰ تعلیم طلبہ کو عملی طور پر کیا مالی فائدہ فراہم کرتی ہے





