Chief Editor : Mohammad Afaq Farooqi
Contributing Editor : Ahmad Waqas Riaz

وزیراعظم کی آمد سے پہلے نیویارک کی دعوتی سفارت کاری عروج پر، قمر رضا شاہ کو ناشتے کے بعد اسپتال پہنچنا پڑ گیا

وزیراعظم کی آمد سے پہلے نیویارک کی دعوتی سفارت کاری عروج پر، قمر رضا شاہ کو ناشتے کے بعد اسپتال پہنچنا پڑ گیا

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کے دورۂ امریکہ سے پہلےہی نیویارک میں امریکن پاکستانی اشرافیہ کی دعوتی سفارت کاری پوری آب و تاب سے جاری ہے،پاکستانی اوورسیز فاؤنڈیشن کے سربراہ قمر رضا شاہ بھی گزشتہ دو روز سے نیویارک میں موجود ہیں اور مختلف دعوتوں میں شرکت کر رہے ہیں، جہاں روایتی ملاقاتوں، خیرمقدم اور تصویری یادگاروں کا سلسلہ بھی جاری ہے
ایک روز قبل اسٹیٹن آئی لینڈ میں گجرات سے تعلق رکھنے والے کنسٹرکشن بزنس سے وابستہ ملک عباس نے قمر رضا شاہ کے اعزاز میں دعوت کا اہتمام کیا،نیویارک کی امریکن پاکستانی کمیونٹی میں کنسٹرکشن کاروبار، سیاسی روابط اور حکومتی شخصیات کے ساتھ تصاویر کا یہ امتزاج ایک معروف سماجی روایت بن چکا ہے،خاص طور پر جب اسلام آباد سے کوئی اہم شخصیت امریکہ آئے تو دعوت، ملاقات اور تصویر، تینوں کا پیکیج تقریباً لازمی سمجھا جاتا ہے
تاہم دعوتی سفارت کاری کا یہ سلسلہ آج صبح اس وقت کچھ بھاری پڑ گیا جب قمر رضا شاہ نے ایک دعوت میں کھانے کو آخری کھانا سمجھتے ہوئے ناشتہ کیا اور اس کے بعد بس پھر پیٹ نے احتجاج کرتے ہوئے پورے جسم کی طبیعت خراب کرنے کا اعلان کرتے ہوئے قمر رضا شاہ کو ہسپتال جانے پر مجبور کردیا ، ذرائع کے مطابق انہیں فوڈ پوائزننگ کی شکایت ہوئی اور تقریباً نصف دن اسپتال میں گزارنا پڑا،بعد ازاں انہیں اسپتال سے فارغ کردیا گیا اور وہ کوئنز میں ایک ڈاکٹر کی نگرانی میں زیر علاج ہیں
یوں وزیراعظم کی آمد سے پہلے ہی نیویارک میں جاری ملاقاتوں، دعوتوں اور تصویروں کی سفارت کاری میں ایک نیا باب ضرور شامل ہوگیا ہے: دو دن کی دعوتیں، درجنوں ملاقاتیں اور آخر میں معدے کی طرف سے باقاعدہ احتجاج،
امریکن پاکستانی اشرافیہ کے لیے البتہ یہ واقعہ ایک دلچسپ یاد دہانی بھی ہے کہ واشنگٹن، اسلام آباد اور نیویارک کے درمیان تعلقات چاہے کتنے ہی مضبوط کیوں نہ ہوں، انسانی معدہ آخرکار اپنی خارجہ پالیسی خود بناتا ہے

قومی خبریں سے مزید