حیران کن دریافت نے انکا سلطنت کے سب سے بڑے حریفوں کی پراسرار تاریخ سے پردہ اٹھا دیا
پیرو میں ماہرین آثار قدیمہ نے ایک ایسی غیر معمولی دریافت کی ہے جس سے انکا سلطنت کے سب سے طاقتور حریفوں میں شمار ہونے والی قدیم چیمو سلطنت کے اشرافیہ اور ان کے طرز زندگی کے بارے میں اہم نئے شواہد سامنے آئے ہیں
نیشنل جیوگرافک کے مطابق شمالی پیرو میں قدیم شہر چان چان کے کھنڈرات سے ایک تقریباً محفوظ تدفینی مقام دریافت ہوا ہے، جہاں 38 افراد کے ڈھانچے، قدیم ہتھیار، زیورات، سیرامکس، خول اور دیگر قیمتی اشیا موجود تھیں،ماہرین کے مطابق یہ دریافت اس لیے غیر معمولی ہے کہ چیمو اشرافیہ کی بیشتر قبریں صدیوں پہلے لوٹ لی گئی تھیں
چان چان کبھی طاقتور چیمو سلطنت کا دارالحکومت تھا اور تقریباً 900 سے 1470 عیسوی تک شمالی پیرو کے ساحلی علاقے میں ایک بڑی سیاسی اور شہری طاقت کے طور پر قائم رہا،اپنے عروج پر یہ شہر تقریباً 8 میل پر پھیلا ہوا تھا اور پیچیدہ آبپاشی نظام، ہنرمند کاریگروں اور سونے چاندی کے نفیس کام کے لیے مشہور تھا
نئی دریافت میں ایک تدفینی عمارت کے دو کمروں سے 20 افراد کے ڈھانچے ملے، جبکہ مزید 18 افراد کے آثار دوسرے حصے میں موجود تھے،ایک مرکزی کمرے میں ایک الگ فرد کی تدفین بھی ملی، جس کے ساتھ خول اور دھاتی اشیا رکھی گئی تھیں،کئی ڈھانچوں کے سروں پر سرخ رنگ کا نایاب معدنی مادہ سِنابَر موجود تھا، جو قدیم چیمو معاشرے میں مذہبی تقدس اور اشرافیہ سے وابستہ سمجھا جاتا تھا
ماہرین کا خیال ہے کہ مرکزی قبر میں دفن شخص ممکنہ طور پر بادشاہ نہیں بلکہ کوئی اہم مذہبی شخصیت یا پادری ہو سکتا ہے،اس مقام سے ملنے والے دو کلہاڑے اور تانبے کے دو اوزار بھی خاص اہمیت رکھتے ہیں، کیونکہ ماہرین کے مطابق چیمو تہذیب کے ہتھیار اس نوعیت میں پہلی مرتبہ دریافت ہوئے ہیں
چیمو سلطنت اور انکا سلطنت کے درمیان بالآخر شدید تصادم ہوا،آثار قدیمہ سے ملنے والے شواہد اور ہسپانوی دور کے ریکارڈز کے مطابق دونوں طاقتوں کے درمیان تقریباً 30 سال تک جنگ جاری رہی، جو تقریباً 1440 یا 1450 عیسوی کے بعد چیمو سلطنت کے خاتمے پر منتج ہوئی اور انکا سلطنت نے چان چان پر قبضہ کر لیا
ماہرین کے مطابق نئی دریافت کی سب سے بڑی اہمیت یہ ہے کہ قبریں بڑی حد تک محفوظ تھیں، جس سے تدفین کے مکمل ماحول، انسانی باقیات اور ساتھ رکھی گئی اشیا کو ایک ہی تاریخی تناظر میں سمجھنے کا موقع ملا ہے،نیشنل جیوگرافک سے گفتگو میں ماہر آثار قدیمہ گیبریئل آسکر پریٹو نے اسے چان چان میں ہونے والی ایک بڑی دریافت قرار دیا
تحقیق کاروں کا کہنا ہے کہ یہ دریافت چیمو اشرافیہ کے معاشرتی ڈھانچے، مذہبی رسومات اور حکمرانی کے طریقوں کو سمجھنے میں مدد دے گی اور انکا سلطنت کے عروج سے پہلے جنوبی امریکہ کی ایک اہم تہذیب کے بارے میں موجود تاریخی تصویر کو مزید واضح کر سکتی ہے





