اونٹاریو میں جوئے کی لت کے باعث ایمرجنسی پہنچنے والوں میں تقریباً دگنا اضافہ

اونٹاریو میں جوئے کی لت کے باعث ایمرجنسی پہنچنے والوں میں تقریباً دگنا اضافہ

اونٹاریو میں آن لائن جوئے اور کھیلوں پر براہ راست شرط لگانے کے مواقع بڑھنے کے بعد جوئے کی لت سے متعلق سنگین طبی مسائل میں اضافہ سامنے آیا ہے ایک نئی تحقیق کے مطابق جوئے کی لت کے باعث ہسپتالوں کے ایمرجنسی شعبوں میں پہنچنے والے افراد کی شرح میں نمایاں اضافہ ہوا، خاص طور پر نوجوان مرد اس رجحان سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں
تحقیق میں جنوری 2012 سے جون 2025 تک اونٹاریو میں 10 سال یا اس سے زیادہ عمر کے افراد کے ایمرجنسی ریکارڈز کا جائزہ لیا گیا۔ 14 سال کے دوران 757 افراد ایسے تھے جن کے 952 ایمرجنسی دوروں میں جوئے کی لت کو بنیادی یا معاون وجہ کے طور پر درج کیا گیا ان افراد میں تقریباً 72 فیصد مرد تھے
تحقیق کے مطابق اپریل 2022 میں اونٹاریو میں نجی کمپنیوں کے لیے آن لائن جوئے کی باقاعدہ مارکیٹ کھولنے اور کھیلوں پر ایک ایک میچ کی بنیاد پر شرط لگانے کی اجازت کے بعد صورتحال میں تبدیلی دیکھی گئی مطالعے کے اختتام تک جوئے کی لت سے متعلق ایمرجنسی دوروں کی شرح اس سطح سے 99 فیصد زیادہ تھی جو ان تبدیلیوں کے بغیر متوقع ہوتی
نوجوان مردوں میں اضافہ اس سے بھی زیادہ نمایاں تھا۔ 10 سے 29 سال عمر کے مردوں میں ایمرجنسی دوروں کی شرح متوقع شرح سے 154 فیصد زیادہ جبکہ 30 سے 44 سال کے مردوں میں 116 فیصد زیادہ تھی خواتین میں اسی عرصے کے دوران ایسا اضافہ نہیں دیکھا گیا
تحقیق میں یہ بھی معلوم ہوا کہ جوئے سے متعلق ایمرجنسی کے 70 فیصد سے زیادہ دوروں میں کسی دوسرے ذہنی صحت کے مسئلے یا شدید نشے کا مسئلہ بھی موجود تھا، جبکہ تقریباً ایک تہائی دوروں کے بعد مریض کو ہسپتال میں داخل کرنا پڑا
اونٹاریو میں آن لائن جوئے کی مارکیٹ بھی تیزی سے بڑھی ہے۔ 2024 میں صوبے کے رہائشیوں نے 2.6 ملین جوئے کے اکاؤنٹس کے ذریعے تقریباً 82.7 ارب کینیڈین ڈالر کی شرطیں لگائیں اس وقت صوبے میں 43 نجی کمپنیوں کی 83 آن لائن گیمنگ اور بیٹنگ ویب سائٹس قانونی طور پر کام کر رہی ہیں
محققین نے خبردار کیا ہے کہ ایمرجنسی میں سامنے آنے والے 757 افراد کو اونٹاریو میں جوئے کی لت سے متاثرہ تمام لوگوں کی تعداد نہیں سمجھنا چاہیے۔ ماہرین کے مطابق جوئے کے مسائل کا شکار بہت سے افراد علاج کے لیے ہسپتال یا کسی اور طبی مرکز سے رابطہ ہی نہیں کرتے، اس لیے ایمرجنسی کے اعداد و شمار مسئلے کی اصل وسعت سے کہیں کم ہو سکتے ہیں
تحقیق کے مطابق جوئے کی لت میں مبتلا افراد اکثر سماجی بدنامی کے خوف یا دیگر وجوہات کی بنا پر باقاعدہ علاج نہیں کرواتے اور مدد اس وقت حاصل کرتے ہیں جب مالی، خاندانی یا صحت کے مسائل سنگین ہو چکے ہوں
محققین کا کہنا ہے کہ اونٹاریو کے تجربے سے ان علاقوں کے لیے اہم سبق ملتا ہے جہاں آن لائن جوئے کو وسعت دینے پر غور کیا جا رہا ہے ان کے مطابق جوئے کی تشہیر اور زیادہ خطرے والے جوئے کی اقسام پر اضافی حفاظتی اقدامات کے ساتھ ساتھ جوئے سے متعلق نقصان کی بروقت نشاندہی اور علاج کی سہولتیں بہتر بنانا ضروری ہے

قومی خبریں سے مزید