ہار سے آگے: دنیا کے امیر خاندان دولت کو زیورات، فن اور نایاب اثاثوں میں کیوں بدلتے ہیں؟

ہار سے آگے: دنیا کے امیر خاندان دولت کو زیورات، فن اور نایاب اثاثوں میں کیوں بدلتے ہیں؟

مریم نواز کی بیٹی کی شادی اور ایک مبینہ طور پر انتہائی قیمتی ہار نے پاکستانی سوشل میڈیا پر ایک دلچسپ بحث چھیڑ دی ہے،ہار کی قیمت کے بارے میں مختلف دعوے گردش کر رہے ہیں، جن میں 15 ملین ڈالر تک کی رقم بھی شامل ہے، لیکن اس قیمت کی آزادانہ اور قابل اعتماد تصدیق سامنے نہیں آئی،اس لیے اصل سوال ہار کی قیمت سے کہیں بڑا ہے،دنیا کے انتہائی دولت مند خاندان اپنی دولت کو آخر رکھتے کہاں ہیں؟
یہ سمجھنا ضروری ہے کہ اربوں ڈالر کی دولت رکھنے والے خاندان عموماً اپنی تمام دولت نقد رقم یا بینک اکاؤنٹس میں نہیں رکھتے،جدید فیملی آفس کے نظام میں دولت کو مختلف طبقات میں تقسیم کیا جاتا ہے، جن میں کاروباری حصص، جائیداد، نجی کمپنیوں میں سرمایہ کاری، پرائیویٹ ایکویٹی، قیمتی دھاتیں، آرٹ، زیورات، نایاب گھڑیاں، تاریخی نوادرات، کلاسک گاڑیاں، حتیٰ کہ کھیلوں کی ٹیمیں بھی شامل ہو سکتی ہیں،2025 کے ایک بڑے عالمی ویلتھ مینجمنٹ سروے کے مطابق انتہائی دولت مند خاندانوں کے پورٹ فولیو میں پرائیویٹ ایکویٹی، عوامی حصص اور رئیل اسٹیٹ تین بڑے اثاثہ جاتی شعبے تھے، جبکہ آرٹ، گھڑیاں اور دیگر لگژری اثاثے بھی متبادل سرمایہ کاری کے طور پر اہمیت حاصل کر رہے ہیں
آرٹ اس نظام کی ایک خاص مثال ہے،آرٹ بیسل اور یو بی ایس کے 2025 کے عالمی کلیکٹر سروے کے مطابق جن انتہائی دولت مند افراد کے پاس 50 ملین ڈالر سے زیادہ کے اثاثے تھے، انہوں نے اوسطاً اپنی دولت کا تقریباً 28 فیصد آرٹ میں مختص کیا،یہ بات ہر ارب پتی خاندان پر لاگو نہیں ہوتی، لیکن اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ مہنگی پینٹنگ، مجسمہ یا تاریخی شے محض دیوار کی سجاوٹ نہیں بلکہ بعض خاندانوں کے لیے دولت کے پورٹ فولیو کا باقاعدہ حصہ بھی ہو سکتی ہے
تاریخ میں اس کی مثالیں نئی نہیں ہیں،یورپ کے بڑے مالیاتی خاندانوں میں Rothschild family کا نام نمایاں ہے،روتھس چائلڈ آرکائیو کے مطابق خاندان کی مختلف شاخوں نے صدیوں کے دوران پینٹنگز، نوادرات، زیورات اور قیمتی فن پاروں کے بڑے ذخیرے جمع کیے،19ویں صدی میں خاندان کے افراد بعض اوقات پوری پوری پینٹنگ کلیکشن خرید لیا کرتے تھے،ان کے لیے یہ اشیا دولت، ذوق، سماجی مرتبے اور خاندانی ورثے، سب کی نمائندگی کرتی تھیں
اسی طرح Al Thani Collection دنیا کے سب سے نمایاں شاہی آرٹ ذخیروں میں شمار ہوتی ہے،اس میں اسلامی فن، مغلیہ زیورات، قدیم نوادرات، مخطوطات، پینٹنگز اور جدید مغربی آرٹ شامل ہیں،2019 میں اسی کلیکشن کے تقریباً 400 مغلیہ اور ہندوستانی زیورات و نوادرات نیویارک میں کرسٹیز کی نیلامی میں پیش کیے گئے اور مجموعی طور پر 109.3 ملین ڈالر حاصل ہوئے،بعض انفرادی زیورات کی قیمت کئی ملین ڈالر تھی
یہاں ایک اہم فرق سمجھنا ضروری ہے،قیمتی زیور خریدنا لازماً دولت چھپانے کے مترادف نہیں ہوتا،دنیا کے بڑے خاندان قانونی طور پر بھی آرٹ اور زیورات کو اپنی دولت کے ایک حصے کے طور پر رکھتے ہیں،لیکن دوسری طرف عالمی مالیاتی ادارے یہ بھی تسلیم کرتے ہیں کہ آرٹ اور نوادرات کی مارکیٹ میں رازداری، تیسرے فریق کے ذریعے لین دین اور بعض اوقات ملکیت کی پیچیدہ ساخت اسے غیر قانونی دولت چھپانے یا منی لانڈرنگ کے لیے پرکشش بنا سکتی ہے،فنانشل ایکشن ٹاسک فورس نے اپنی خصوصی رپورٹ میں آرٹ اور نوادرات کی مارکیٹ کو اسی وجہ سے ایک ممکنہ منی لانڈرنگ خطرے کے طور پر نشان زدہ کیا ہے
اسی لیے دنیا بھر میں اصل سوال یہ نہیں رہتا کہ کسی خاندان کے پاس کتنی پینٹنگز یا زیورات ہیں، بلکہ یہ ہوتا ہے کہ ان اثاثوں کا حقیقی مالک کون ہے، انہیں کس قیمت پر خریدا گیا، رقم کہاں سے آئی، اور قانونی ملکیت کس کے نام پر ہے،ایف اے ٹی ایف FATF نے بھی خفیہ کمپنیوں، ٹرسٹس اور پیچیدہ قانونی ڈھانچوں کے ذریعے اصل مالک کو چھپانے کے مسئلے پر عالمی سطح پر سخت شفافیت کے اصول متعارف کرائے ہیں
پاکستانی بحث میں شاید سب سے بڑی غلطی یہی ہے کہ لوگ دولت کو صرف بینک اکاؤنٹ میں پڑی ہوئی رقم سمجھتے ہیں،اگر کسی خاندان کے پاس 10 کروڑ ڈالر کی زمین، نجی کمپنیوں کے حصص، عمارتیں، زیورات، پینٹنگز یا دوسری قیمتی اشیا ہیں تو وہ دولت ہے، خواہ بینک اکاؤنٹ میں ایک ڈالر بھی موجود نہ ہو،اسی طرح کسی مہنگے ہار کی قیمت کو خاندان کی مجموعی دولت کا براہ راست پیمانہ بنانا بھی درست نہیں؛ وہ صرف ایک اثاثہ ہو سکتا ہے
یہاں سماجی سائنس ایک اور دلچسپ پہلو سامنے لاتی ہے،امریکی ماہر عمرانیات تھورسٹین ویبلن نے 1899 میں Conspicuous Consumption یعنی ’’نمایاں کھپت‘‘ کا تصور پیش کیا تھا،ان کے مطابق اشرافیہ بعض اوقات مہنگی اشیا صرف ان کی افادیت کے لیے نہیں بلکہ اپنی سماجی حیثیت ظاہر کرنے کے لیے استعمال کرتی ہے،جدید تحقیق بھی اس تصور کو مزید آگے لے گئی ہے اور بتاتی ہے کہ مہنگی اشیا سماجی مرتبے کے اشارے، یعنی status signals، کا کام کر سکتی ہیں
لیکن آج کی دنیا میں اشرافیہ کی دولت کا اظہار ہمیشہ انتہائی نمایاں انداز میں نہیں ہوتا،فرانسیسی سماجی مفکر پیئر بوردیو نے ’’Distinction‘‘ اور cultural capital کے ذریعے وضاحت کی کہ اعلیٰ طبقے کی پہچان صرف یہ نہیں کہ وہ کتنا مہنگا سامان خرید سکتا ہے، بلکہ یہ بھی ہے کہ وہ کس چیز کو قیمتی سمجھتا ہے، اس کی تاریخ جانتا ہے اور اس ذوق کو اپنی سماجی شناخت کا حصہ بناتا ہے،جدید تحقیق میں اسے inconspicuous یا stealth luxury کے تصور سے بھی جوڑا گیا ہے، جہاں دولت کا اظہار عام آدمی کی نظر میں کم نمایاں مگر ماہر کی نظر میں انتہائی مہنگی اشیا کے ذریعے ہوتا ہے
یہی وجہ ہے کہ ایک عام آدمی کے لیے 500 ڈالر کی گھڑی اور ایک ارب پتی کے لیے لاکھوں ڈالر کی تاریخی گھڑی، دونوں کا بنیادی کام وقت بتانا ہو سکتا ہے، لیکن ان کی سماجی اور مالی حیثیت بالکل مختلف ہوتی ہے
دنیا کے انتہائی امیر خاندان اس کھیل کو اس سے بھی آگے لے گئے ہیں،مثال کے طور پر والمارٹ کے بانی خاندان Walton family کی مجموعی دولت 2026 میں فوربز کے مطابق تقریباً 520 ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہے،ان کی دولت صرف بینک میں نقد رقم نہیں،والمارٹ کے حصص، رئیل اسٹیٹ، کھیلوں کی ٹیمیں اور مختلف خاندانی سرمایہ کاری اس وسیع دولت کا حصہ ہیں، فوربس میگزین کے مطابق ایلس والٹن نے آرٹ کے میدان میں اتنی بڑی سرمایہ کاری کی کہ ان کے قائم کردہ Crystal Bridges Museum کی تعمیر پر تقریباً 1.6 ارب ڈالر خرچ ہوئے
یہاں سے پاکستانی سیاسی بحث کا اصل سوال شروع ہوتا ہے
اگر کسی سیاسی خاندان کے بارے میں یہ الزام لگایا جائے کہ اس نے سرکاری وسائل یا سیاسی اثر و رسوخ کے ذریعے غیر معمولی دولت بنائی، تو اس کا ثبوت یہ نہیں کہ اس کی بیٹی نے مہنگا ہار پہن لیا،اسی طرح یہ حساب بھی ثبوت نہیں کہ پاکستان کا سالانہ بجٹ اتنا ہے، فلاں خاندان اتنے برس اقتدار میں رہا، لہٰذا لازماً اتنے ارب ڈالر اس خاندان کے پاس ہی،بجٹ حکومت کی مجموعی آمدنی اور اخراجات کا حجم ہے، کسی حکمران خاندان کی ذاتی آمدنی نہیں،اسی لیے 5 ارب ڈالر سالانہ مبینہ طور پر نکالنے جیسے مفروضے کو براہ راست خاندان کی دولت میں تبدیل کرنا معاشی یا تحقیقی طور پر قابل اعتماد طریقہ نہیں۔
البتہ اس سوال کو نظرانداز بھی نہیں کیا جا سکتا کہ سیاسی طاقت، کاروباری مفادات، سرکاری فیصلوں اور خاندانی دولت کے درمیان تعلق کہاں تک پہنچتا ہے؟ یہی وہ مقام ہے جہاں صحافت کو سوشل میڈیا کے اندازوں سے آگے بڑھ کر اثاثوں کے ریکارڈ، کمپنیوں کی ملکیت، ٹیکس گوشواروں، عدالتی دستاویزات، بیرون ملک جائیدادوں، آف شور ڈھانچوں اور حقیقی beneficial ownership کی تحقیقات کرنی چاہیے
شادی میں پہنا جانے والا ایک قیمتی ہار اس پورے سوال کی صرف ایک چھوٹی سی علامت ہو سکتا ہے۔ اصل کہانی ہار نہیں، دولت کا پورا architecture ہے
دنیا کے امیر خاندان صدیوں سے دولت کو صرف پیسے کے طور پر نہیں بلکہ جائیداد، زیورات، آرٹ، نوادرات، کاروباری حصص اور خاندانی اداروں میں تبدیل کرتے آئے ہیں۔ بعض خاندانوں نے اسے قانونی سرمایہ کاری، ثقافتی ورثے اور نسلوں تک دولت منتقل کرنے کے ذریعے کے طور پر استعمال کیا،اور بعض معاملات میں دنیا بھر کے مالیاتی اداروں اور تفتیشی اداروں نے انہی شعبوں کو غیر شفاف یا غیر قانونی دولت چھپانے کے ممکنہ راستوں کے طور پر بھی شناخت کیا ہے
اس لیے پاکستانی عوام کے لیے اصل سوال یہ نہیں ہونا چاہیے کہ ’’اتنا مہنگا ہار کیوں پہنا؟‘‘ بلکہ سوال یہ ہونا چاہیے
یہ اثاثہ کس کا ہے، رقم کہاں سے آئی، مالک کون ہے، قیمت کتنی ہے، ٹیکس کتنا ادا ہوا، اور کیا اس دولت کا قانونی ذریعہ دستاویزی طور پر ثابت کیا جا سکتا ہے؟
یہی وہ سوال ہے جو سوشل میڈیا کے شور کو حقیقی احتساب، معاشی تحقیق اور تحقیقی صحافت میں تبدیل کر سکتا ہے

قومی خبریں سے مزید