جارجیا کے کم عمر ترین میئر صرف 10 ماہ بعد عہدے سے برطرف، سرکاری رقم کے استعمال اور طالب علم سے نامناسب رابطوں کے الزامات
واشنگٹن: جارجیا کے شہر اسٹاک برج کے 23 سالہ میئر جےڈن ولیمز کو عہدہ سنبھالنے کے صرف 10 ماہ بعد سٹی کونسل نے برطرف کر دیا،ولیمز نے 22 سال کی عمر میں نومبر 2025 کے انتخابات میں کامیابی حاصل کرکے جارجیا کی تاریخ کے کم عمر ترین منتخب میئر کا اعزاز حاصل کیا تھا اور جنوری 2026 میں منصب سنبھالا تھا
ان کی برطرفی ایک طویل تحقیقاتی کارروائی کے بعد عمل میں آئی، جس میں ولیمز پر سرکاری رقم کے غیر مجاز استعمال، اختیارات کے نامناسب استعمال اور ایک 18 سالہ ہائی اسکول طالب علم کے ساتھ نامناسب اور جنسی نوعیت کے پیغامات کے تبادلے کے الزامات زیر بحث آئے
سٹی کونسل کے سامنے پیش کیے گئے ریکارڈ کے مطابق ولیمز نے شہر کے خریداری کارڈ سے 4,000 ڈالر سے زیادہ ذاتی نوعیت کے اخراجات کیے، جن میں کھانے، کپڑوں، حجام کی فیس اور فلم کے اخراجات شامل تھے،ان پر شہر کے فیول کارڈ سے 2,600 ڈالر سے زیادہ ذاتی سفر کے لیے خرچ کرنے کا بھی الزام تھا،ولیمز نے کہا کہ بعض اخراجات غلطی سے ہوئے اور انہوں نے کچھ رقم واپس بھی کردی
اس کے علاوہ تحقیقات میں ایک 18 سالہ طالب علم کے ساتھ ولیمز کے پیغامات اور مبینہ عریاں تصاویر کے تبادلے کا معاملہ بھی سامنے آیا،پولیس کی پہلے کی تحقیقات میں کسی مجرمانہ خلاف ورزی کے شواہد نہیں ملے تھے کیونکہ طالب علم کی عمر 18 سال تھی اور جارجیا کے قانون کے تحت وہ بالغ تصور ہوتا ہے،تاہم پولیس نے ان رابطوں کو اخلاقی اور پیشہ ورانہ اعتبار سے تشویش کا باعث قرار دیتے ہوئے انتظامی جائزے کے لیے معاملہ بھیجا تھا
تحقیقاتی سماعت میں ولیمز نے بعض الزامات کی تردید یا وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ طالب علم نے انہیں عریاں تصویر بھیجی تھی، تاہم انہوں نے خود ایسی تصویر بھیجنے کا اعتراف نہیں کیا،ان کے وکیل رابرٹ کینر نے کارروائی کو “witch hunt” قرار دیا اور کہا کہ ان کے مؤکل کے خلاف پیش کیا گیا ثبوت برطرفی کا جواز فراہم نہیں کرتا
12 ستمبر کو ہونے والی تقریباً 10 گھنٹے کی سماعت کے بعد سٹی کونسل نے ولیمز کو عہدے سے ہٹانے کے حق میں مطلوبہ ووٹ حاصل کر لیے،کونسل کے ارکان کائل ڈی بیری، ایلٹن الیگزینڈر اور اینٹوان کلاؤڈ نے برطرفی کے حق میں ووٹ دیا، جبکہ یولانڈا باربر نے ووٹ دینے سے گریز کیا،ایک اور رکن لاکیشا گینٹ کو سماعت سے پہلے ممکنہ جانبداری کے باعث کارروائی میں حصہ لینے سے روک دیا گیا تھا
ولیمز کے وکیل نے کہا ہے کہ وہ فیصلے کے خلاف اپیل کے امکانات کا جائزہ لے رہے ہیں،دریں اثنا، اسٹاک برج نے عبوری انتظامات شروع کر دیے ہیں اور میئر پرو ٹیم ایلٹن الیگزینڈر عبوری میئر کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے، جبکہ نئے میئر کے انتخاب کے لیے خصوصی انتخابات کی تیاری کی جا رہی ہے






