چین نے شہریوں کی بیرون ملک سرگرمیوں پر گرفت مزید سخت کردی، قومی سلامتی کے نام پر سفری پابندیوں کا نیا قانون نافذ

چین نے شہریوں کی بیرون ملک سرگرمیوں پر گرفت مزید سخت کردی، قومی سلامتی کے نام پر سفری پابندیوں کا نیا قانون نافذ

بیجنگ: چین میں شہریوں کے ملک سے باہر جانے اور بیرون ملک سے واپس آنے سے متعلق نئے قواعد نافذ ہوگئے ہیں، جنہیں ناقدین حکومت کی جانب سے اپنے شہریوں کی بیرون ملک سرگرمیوں پر نگرانی اور کنٹرول مزید بڑھانے کی کوشش قرار دے رہے ہیں
نئے ضوابط کے تحت ایسے چینی شہری جن کے بارے میں حکام یہ سمجھیں کہ انہوں نے بیرون ملک چین کی قومی سلامتی یا قومی مفادات کو نقصان پہنچایا ہے، چین واپس آنے کے بعد 3 سال تک ملک سے باہر جانے سے روکے جا سکتے ہیں،ٹیکنالوجی کی درآمد اور برآمد سے متعلق قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے افراد بھی سفری پابندی کی زد میں آ سکتے ہیں
چینی حکام کا مؤقف ہے کہ نئے قواعد کا مقصد قومی خودمختاری اور سلامتی کا تحفظ ہے اور یہ عام شہریوں کے معمول کے بین الاقوامی سفر پر پابندی عائد نہیں کرتے،حکومت نے اس تاثر کو بھی مسترد کیا ہے کہ نئے ضوابط عام چینی شہریوں کے بیرون ملک سفر کو محدود کرنے کے لیے بنائے گئے ہیں
تاہم ناقدین کے مطابق نئے قواعد حکومت کو بیرون ملک مقیم چینی شہریوں کی سرگرمیوں پر دباؤ ڈالنے کا اضافی قانونی اختیار فراہم کر سکتے ہیں،جارج ٹاؤن یونیورسٹی کے سینٹر فار ایشین لا کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ٹام کیلگ نے بی بی سی چائنیز سے گفتگو میں کہا کہ یہ چینی شہریوں کے بیرون ملک طرز عمل اور اظہارِ رائے کو کنٹرول کرنے کے لیے ایک اور ذریعہ بن سکتا ہے
اس قانون کے اثرات خاص طور پر ان چینی شہریوں کے لیے اہم ہو سکتے ہیں جو بیرون ملک سیاسی سرگرمیوں، انسانی حقوق، قومی سلامتی، حساس ٹیکنالوجی یا دیگر ایسے معاملات پر کام کرتے ہیں جنہیں بیجنگ اپنے قومی مفادات سے متصادم سمجھ سکتا ہے
نئے قواعد سے پیدا ہونے والا بنیادی سوال یہ ہے کہ قومی سلامتی اور شہریوں کے آزادانہ سفر کے درمیان حد کہاں مقرر کی جائے گی،چینی حکومت اسے ریاستی سلامتی کے تحفظ کا قانونی اقدام قرار دے رہی ہے، جبکہ ناقدین کا کہنا ہے کہ مبہم اصطلاحات کے باعث حکومت کو شہریوں کے بیرون ملک رویے پر اثرانداز ہونے کے لیے مزید اختیارات حاصل ہو سکتے ہیں
یہ تبدیلی چین میں قومی سلامتی کے دائرے کو وسیع کرنے کے سلسلے کی ایک اور کڑی کے طور پر دیکھی جا رہی ہے، جہاں حکومت حساس معلومات، ٹیکنالوجی اور بیرون ملک چینی شہریوں کی سرگرمیوں کو بھی قومی سلامتی کے تناظر میں دیکھتی ہے

قومی خبریں سے مزید