پٹرول مہنگا ہونے پر حکومت کا بڑا ریلیف پیکیج، موٹر سائیکل اور چھوٹی گاڑیوں کو 100 روپے فی لیٹر سبسڈی

پٹرول مہنگا ہونے پر حکومت کا بڑا ریلیف پیکیج، موٹر سائیکل اور چھوٹی گاڑیوں کو 100 روپے فی لیٹر سبسڈی

وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافے اور مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے باعث عوام پر بڑھتے ہوئے مالی بوجھ کو کم کرنے کے لیے خصوصی پٹرول ریلیف اسکیم کا اعلان کر دیا ہے اس اسکیم کے تحت موٹر سائیکل، رکشہ، چنگ چی، دیگر 2 اور 3 پہیوں والی گاڑیوں جبکہ 800 سی سی تک کی چھوٹی گاڑیوں کے مالکان کو پٹرول پر 100 روپے فی لیٹر ریلیف دیا جائے گا
اس وقت پاکستان میں پٹرول کی قیمت 375.82 روپے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 403.32 روپے فی لیٹر تک پہنچ چکی ہے حکومت کا کہنا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں جاری جنگ اور اہم عالمی سمندری راستوں میں رکاوٹوں کے خدشات کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں پر شدید دباؤ ہے، جس کا براہ راست اثر پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر پڑ رہا ہے
نئی اسکیم کے تحت موٹر سائیکل، رکشہ، چنگ چی اور دیگر 2 اور 3 پہیوں والی گاڑیوں کو ہر ماہ زیادہ سے زیادہ 20 لیٹر پٹرول پر 100 روپے فی لیٹر ریلیف ملے گا اس طرح ایک اہل شہری کو ماہانہ زیادہ سے زیادہ 2,000 روپے تک پٹرول پر ریلیف حاصل ہو سکے گا
800 سی سی تک کی چھوٹی گاڑیوں کے مالکان کے لیے ماہانہ حد 30 لیٹر مقرر کی گئی ہے انہیں بھی ہر لیٹر پر 100 روپے کی رعایت دی جائے گی، یعنی اس کیٹیگری میں شامل افراد کو ماہانہ زیادہ سے زیادہ 3,000 روپے تک ریلیف مل سکے گا
حکومت کے مطابق اسکیم کا آغاز اسلام آباد میں پیر اور منگل کی درمیانی رات سے ہوگا جبکہ بدھ اور جمعرات کی درمیانی رات سے اسے پورے پاکستان، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان تک توسیع دے دی جائے گی
اس اسکیم کے لیے رجسٹریشن بھی شروع کر دی گئی ہے شہریوں کو اپنے نام پر رجسٹرڈ سم سے بغیر ڈیش کے شناختی کارڈ نمبر، گاڑی کا نمبر، صوبائی کوڈ اور گاڑی کی رجسٹریشن کی تاریخ ایس ایم ایس کے ذریعے بھیجنا ہوگی۔ کامیاب رجسٹریشن کے بعد تصدیقی پیغام موصول ہوگا
رجسٹریشن مکمل ہونے کے بعد شہری کو پٹرول لینے سے پہلے 9771 پر لفظ TOK بھیجنا ہوگا، جس کے جواب میں فیول ٹوکن جاری کیا جائے گا پٹرول پمپ پر اس ٹوکن کی تصدیق کے بعد رعایتی پٹرول فراہم کیا جائے گا
حکومت کا کہنا ہے کہ گاڑیوں کی تصدیق کا نظام صوبائی محکمہ ٹرانسپورٹ، ایکسائز، نادرا اور ٹیلی کام آپریٹرز کے تعاون سے خودکار بنایا گیا ہے تاکہ غلط یا جعلی رجسٹریشن کے امکانات کم کیے جا سکیں
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت عوام پر پٹرول کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کا بوجھ سمجھتی ہے اور مشکل صورتحال میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی حکومت کے مطابق اس ریلیف کا خاص مقصد کم آمدنی والے اور روزانہ سفر کے لیے موٹر سائیکل، رکشہ اور چھوٹی گاڑیاں استعمال کرنے والے افراد کے اخراجات میں کمی لانا ہے

قومی خبریں سے مزید