بھارت میں ’کاکروچ تحریک‘ کے حامیوں پر پولیس کا لاٹھی چارج
، پارلیمنٹ مارچ روک دیا گیا
نئی دہلی:
بھارت میں نوجوانوں کی زیرِ قیادت جاری ’’کاکروچ تحریک‘‘ (کاکروچ جنتا پارٹی) کے حامیوں اور پولیس کے درمیان کشیدگی اس وقت بڑھ گئی جب ہزاروں مظاہرین نے پارلیمنٹ کی طرف مارچ کرنے کی کوشش کی۔ پولیس نے مظاہرین کو روکنے کے لیے رکاوٹیں کھڑی کیں اور بعد ازاں لاٹھی چارج کیا۔مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ بھارت کے وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان استعفیٰ دیں۔ احتجاج کرنے والوں کا الزام ہے کہ ملک میں اہم امتحانات میں مبینہ بے ضابطگیاں اور پرچے لیک ہونے کے واقعات نے لاکھوں طلبہ کے مستقبل کو متاثر کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ تحریک مئی میں اس وقت شروع ہوئی جب سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کے ایک تبصرے کے بعد نوجوانوں نے طنزیہ طور پر ’’کاکروچ‘‘ نام کو اپنے احتجاجی پلیٹ فارم کے طور پر اختیار کیا۔ بعد میں یہ تحریک امتحانی نظام میں اصلاحات اور حکومتی جواب دہی کے مطالبے کے ساتھ ایک بڑے احتجاج میں تبدیل ہوگئی۔
پولیس نے پارلیمنٹ مارچ کی اجازت نہیں دی تھی اور سکیورٹی وجوہات کی بنا پر مظاہرین کو روکنے کا فیصلہ کیا۔ حکام کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کے اجلاس کے دوران بڑے مارچ سے امن و امان کے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔
احتجاج کو اس وقت مزید توجہ ملی جب کارکن سونم وانگچک کی بھوک ہڑتال کے بعد انہیں اسپتال منتقل کیا گیا، جس کے بعد مزید لوگ احتجاج میں شامل ہوئے۔





