ایپسٹین سے متعلق خط کے معاملے میں ٹرمپ کو عدالتی دھچکا، روپرٹ مرڈوک اور وال اسٹریٹ جرنل کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ خارج
میامی کی وفاقی عدالت نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے میڈیا کے معروف مالک روپرٹ مرڈوک اور اخبار وال اسٹریٹ جرنل کے خلاف دائر ہتک عزت کا ترمیم شدہ مقدمہ خارج کر دیا ہے،جج نے مقدمہ مستقل طور پر خارج کیا ہے، جس کا مطلب ہے کہ ٹرمپ اسی دعوے کو دوبارہ اسی وفاقی عدالت میں دائر نہیں کر سکتے
یہ مقدمہ جولائی 2025 میں وال اسٹریٹ جرنل کی شائع کردہ ایک رپورٹ کے بعد دائر کیا گیا تھا، جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ٹرمپ نے جنسی جرائم میں سزا یافتہ جیفری ایپسٹین کی 50ویں سالگرہ کے موقع پر ایک خط لکھا تھا،اخبار کے مطابق اس خط پر ٹرمپ کے دستخط بھی موجود تھے،ٹرمپ نے خط لکھنے کی تردید کی تھی اور اخبار کی رپورٹ کو اپنی ساکھ کے خلاف قرار دیتے ہوئے قانونی کارروائی کی تھی
جج ڈیرن گیلس نے اپنے 20 صفحات پر مشتمل فیصلے میں لکھا کہ ٹرمپ اپنی ترمیم شدہ درخواست میں بھی یہ ثابت کرنے کے قابل نہیں ہوئے کہ اخبار اور اس کے صحافیوں نے خبر شائع کرتے وقت دانستہ طور پر جھوٹ بولا یا سچائی کو نظرانداز کیا،امریکی قانون کے تحت کسی عوامی شخصیت کو ہتک عزت کا مقدمہ جیتنے کے لیے یہ ثابت کرنا ضروری ہوتا ہے کہ خبر شائع کرنے والے ادارے نے اسے جھوٹا جانتے ہوئے شائع کیا یا سچائی کے بارے میں سنگین لاپروائی کا مظاہرہ کیا
جج نے اپنے فیصلے میں اخبار کی تحقیق کو تفصیلی قرار دیا اور ٹرمپ کے اس مؤقف کو بھی مسترد کر دیا کہ انکار کے باوجود اخبار کو خبر شائع نہیں کرنی چاہیے تھی،ان کے مطابق ایسا اصول آزادی صحافت اور آئین کی پہلی ترمیم سے متصادم ہوگا،تاہم جج نے یہ فیصلہ نہیں دیا کہ متنازعہ خط حقیقتاً ٹرمپ نے ہی لکھا تھا یا نہیں
یہ مقدمہ ابتدا میں 10 ارب ڈالر ہرجانے کے مطالبے کے ساتھ دائر کیا گیا تھا،جج گیلس نے اپریل 2026 میں پہلی درخواست مسترد کر دی تھی، تاہم صدر ٹرمپ کو ترمیم شدہ درخواست جمع کرانے کا موقع دیا گیا،دوسری درخواست بھی مسترد ہونے کے بعد اب مقدمہ اسی وفاقی ضلعی عدالت میں دوبارہ دائر نہیں کیا جا سکتا
صدر ٹرمپ کی قانونی ٹیم کے ترجمان نے سی این بی سی کو بتایا ہے کہ صدر اس فیصلے کے خلاف اپیل کریں گے،اس طرح ایپسٹین کے ساتھ ٹرمپ کے ماضی کے تعلقات اور ان کی 50ویں سالگرہ کے موقع پر مبینہ خط کا معاملہ ایک بار پھر امریکی سیاست اور آزادی صحافت کی بحث کا حصہ بن گیا ہے






