اسحاق ڈار کا بلوچستان کے مسائل حل کرنے کے عزم کا اعادہ ، ترقی اور خوشحالی کے لیے تعاون کی یقین دہانی

اسحاق ڈار کا بلوچستان کے مسائل حل کرنے کے عزم کا اعادہ
، ترقی اور خوشحالی کے لیے تعاون کی یقین دہانی

اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت آئین کے دائرے میں رہتے ہوئے بلوچستان کو درپیش مسائل کے حل اور صوبے کی معاشی و ترقیاتی ضروریات پوری کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
اسحاق ڈار نے یہ بات نیشنل پارٹی کے صدر ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کی سربراہی میں پارلیمانی وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔ ملاقات میں بلوچستان کی سیاسی، سکیورٹی اور ترقیاتی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت بلوچستان کے عوام کی پائیدار معاشی ترقی، خوشحالی اور مسائل کے حل کے لیے تعاون جاری رکھے گی۔ انہوں نے صوبے کو درپیش مختلف چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔
ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے وفاقی حکومت کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ نیشنل پارٹی بلوچستان کے عوام کی فلاح و بہبود اور ترقی کے لیے تمام فریقوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہے۔
ملاقات میں بلوچستان میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات اور امن و امان کی صورتحال پر بھی گفتگو ہوئی۔ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے ہنہ اُڑک اور زیارت کے حالیہ واقعات کے بارے میں بریفنگ دی، جن میں شہریوں اور پولیس اہلکاروں سمیت 32 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں سرگرم مسلح گروہوں کو عوامی حمایت یا جائز حیثیت حاصل نہیں ہے۔
حکومت کا کہنا ہے کہ بلوچستان کی ترقی، امن و امان کے قیام اور عوامی مسائل کے حل کے لیے سیاسی رابطوں اور آئینی طریقہ کار کے ذریعے اقدامات کیے جائیں گے۔

قومی خبریں سے مزید