حکومت کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا نیا طریقہ کار متعارف کرانے پر غور
اسلام آباد: حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کا نیا نظام متعارف کرانے پر غور کر رہی ہے، جس کے تحت قیمتوں کا جائزہ زیادہ لچکدار انداز میں لیا جائے گا تاکہ زرمبادلہ کے ذخائر محفوظ رہیں اور کم از کم تین ماہ کی درآمدات کے لیے درکار مالی گنجائش برقرار رکھی جا سکے۔
مجوزہ طریقہ کار کے مطابق پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ردوبدل صرف سرکاری کام کے دنوں میں کیا جائے گا، جبکہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) قیمتوں کے تعین کی تمام تفصیلات اور حساب کتاب اپنی ویب سائٹ پر جاری کرے گی تاکہ شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔
رپورٹ کے مطابق حکومت پیٹرولیم لیوی، ماحولیاتی لیوی، کسٹمز ڈیوٹی، ڈییمڈ ڈیوٹی اور آئل مارکیٹنگ کمپنیوں و ڈیلرز کے منافع کے تعین کا اختیار اپنے پاس برقرار رکھے گی، جبکہ اوگرا بنیادی قیمتوں کے حساب اور سفارشات تیار کرے گی۔
اس اقدام کا مقصد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کا بروقت اثر مقامی مارکیٹ میں منتقل کرنا، درآمدی اخراجات کو بہتر انداز میں سنبھالنا اور ملکی معیشت پر اچانک مالی دباؤ کم کرنا ہے۔ حکومت کا مؤقف ہے کہ نیا نظام قیمتوں کے تعین میں شفافیت، پیش گوئی اور مالی نظم و ضبط کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوگا





