پنجاب اسمبلی کے معاملات پر مریم نواز اور اسپیکر کی دوسری ملاقات، قانون سازی میں اپوزیشن کو شامل کرنے پر زور

پنجاب اسمبلی کے معاملات پر مریم نواز اور اسپیکر کی دوسری ملاقات، قانون سازی میں اپوزیشن کو شامل کرنے پر زور

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور پنجاب اسمبلی کے اسپیکر ملک محمد احمد خان کے درمیان صوبائی قانون سازی سے متعلق امور پر ایک ہفتے کے دوران دوسری مرتبہ ون آن ون ملاقات ہوئی۔

بدھ کو ہونے والی ملاقات میں وزیراعلیٰ مریم نواز نے جامع اور شمولیتی قانون سازی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ قوانین بنانے کے عمل میں حکومتی اور اپوزیشن اراکین دونوں سے مشاورت کو یقینی بنایا جانا چاہیے۔

اسپیکر ملک محمد احمد خان نے کہا کہ وزیراعلیٰ کی ہدایات پر عمل کیا جائے گا اور پنجاب اسمبلی کی کارروائی باہمی رابطے اور تعاون کے ذریعے چلائی جائے گی۔

ملاقات میں قانون سازی سے متعلق مختلف معاملات، جیل اصلاحات اور متنازع پنجاب عادی مجرموں اور سماج دشمن رویوں کے تدارک کا قانون 2026 بھی زیر بحث آیا۔

اسپیکر نے قومی پیغامِ امن کمیٹی میں وزیراعلیٰ کی جانب سے پیش کی گئی پالیسی کو سراہا اور “اپنا کھیت، اپنا روزگار” منصوبے کے آغاز پر بھی انہیں مبارکباد دی۔ انہوں نے اس منصوبے کے تحت ہونے والی قرعہ اندازی کو بھی قابلِ تعریف قرار دیا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ “اپنا کھیت، اپنا روزگار” منصوبہ پوری حکومتی ٹیم کی مشترکہ کامیابی ہے اور پنجاب حکومت عوامی فلاح و بہبود کے نئے منصوبے مسلسل متعارف کرا رہی ہے۔

سیاسی مبصرین کے مطابق وزیراعلیٰ اور اسمبلی اسپیکر کے درمیان بڑھتا ہوا رابطہ پنجاب میں قانون سازی کے عمل کو بہتر انداز میں چلانے اور اسمبلی کے اندر تعاون بڑھانے کی کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے

قومی خبریں سے مزید